Inquilab Logo

غیر کنٹینمنٹ زون کی مساجدمیں رمضان المبارک میں پنجوقتہ نماز اور تراویح کی اجازت دی جائے

Updated: April 09, 2021, 5:39 PM IST | mumbai

ممبرا کے وفد نے کابینی وزیر جتیندر اوہاڑ سے ملاقات کرکے میمورنڈم پیش کیا

Cabinet Minister Jatinder awhad
کابینی وزیر جتیندر اوہاڑ

’’ ممبرا کے غیر کنٹینمنٹ زون علاقوں گرین زون کے زمرے میں آنے والی مساجد میں رمضان المبارک میں  فرض نماز باجماعت اور تراویح ادا کرنے کی اجازت دی جائے ۔‘‘یہ مطالبہ ممبرا کی  مساجد، مدارس و تنظیموں کی مشترکہ تنظیم ’ جماعت اہلسنت‘ کی جانب سے کابینی و زیر اور مقامی رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ کے ذریعہ ریاستی حکومت سے کیا گیا ہے  ۔
  ’ جماعت اہلسنت ‘ کے ایک وفد نے مولانا سید معین الدین اشرف کی ہدایت پر کابینی وزیر جتیند راوہاڑ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انھیں میمورنڈم پیش کرکے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں شردپوار  اوروزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے سامنے یہ بات رکھیں کہ کم از کم ممبرا میں جن علاقوں میں کورونا کے کیس نہیں ہیں یاکم ہیں ، وہاں کی مساجد میں فرض نماز با جماعت  اور تراویح کی اجازت دیں ۔ میمورنڈم میں بتایا گیا کہ اگرچہ کسی علاقے میں اس کے مریض ملتے ہیں تو وہ اس پر سختی سے کام کریں ، اسے مکمل سیٖل کردیں لیکن  جن علاقوں میں کوئی کیس نہیں ملتا ،وہاں کی مساجد میں نماز پنجگانہ کی اجازت دی جائے ۔
  وفد کی باتیں سننے کے بعد کابینی وزیر جتیند ر اوہاڈ نے کہا کہ آپ لوگوں کی تجویز اچھی ہے لیکن اس وقت مہاراشٹر کے حالات انتہائی سنگین  ہیں،  ایسے میں کسی بھی قسم کی اجازت مل پانا مشکل ہے۔  انھوں نے یہ بھی کہا کہ مہاراشٹر میں ممبرا ہی ایسا شہر ہے جہاں انتہائی کم معاملات آرہے ہیں۔ میں یہی چاہوںگا کہ آپ لوگ مزید دعائیں کریں کہ پوری ریاست سے یہ وبا جلد تھم ہوجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  اگرہم اس سے متعلق اجازت دیتے ہیں اور خدا نخواستہ کوئی ایک مریض آپ کی صفوں میںیا مسجد میں پہنچ کر سبھی کو متاثر کردیتا ہے تو اس کا ذمہ دار و گنہگار کون ہوگا ۔ 
 وفد میں قاری عطاءاللہ ،  مولانا محفوظ الرحمٰن علیمی  ، مولانا سجاد امجدی  ،مولانا جمال احمد صدیقی  ،  مولانا الطاف لطیفی  ،  مولانا نسیم فریدی  ، صلاح الدین شیخ اشرفی   ، شیخ رفیق، مولانا ساجد  ، محمد نعیم رضوی   ، پروفیسر عبد اللہ علوی ،مولانا ہدایت اللہ ، مولانا شیر خان ، بلڈر  اور سماجی کارکن جمال احمد خان  اوردیگر افرادشامل تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK