Inquilab Logo

کسانوں کے احتجاج میں شرکت کیلئےغیر مقیم ہندوستانی بھی وطن لوٹ رہے ہیں

Updated: January 11, 2021, 9:53 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

مظاہر ین کی خدمت میں پیش پیش، حکومت سے مطالبات کی منظوری کی اپیل، متنبہ کیا کہ ’’یہ وہ قوم ہے جو ٹھنڈ اور بارش سب میں جی لے گی مگر جیت کر ہی لوٹے گی۔‘‘

Farmers Protest - Pic : PTI
کسان اپنے پورے خاندان کے ساتھ مظاہرہ گاہ پہنچ ر ہے ہیں۔

کسانوں کے احتجاج کو حکومت بھلے ہی قابل اعتناء نہ سمجھ رہی ہو مگر اس احتجاج نے پوری دنیا کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ ایک طرف جہاں امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک کے قانون سازوں نے اپنی حکومتوں سے اس معاملے  پر حکومت ہند سے گفتگو کرنے کی اپیل کی ہے تو وہیں بیرون ملک مقیم ہندوستانی نہ صرف مظاہروں کی حمایت کررہے ہیں بلکہ ان میں شرکت کیلئے بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔ ان  میں قابل ذکر تعداد نوجوانوں کی ہے۔ بیرونِ ملک بڑی بڑی ملازمتیں کرنے والے یہ نوجوان سنگھو اور ٹکری بارڈر پر پہنچ کر کسان مظاہرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ 
 من پریت سنگھ جو آسٹریا میں آٹو موبائل کا بزنس کرتے ہیں، گزشتہ دنوں ہندوستان پہنچے۔   دہلی ایئر پورٹ سے براہ راست  انہوں  نےمظاہرہ گاہ  کا رخ کیا اور ان دنوں کسانوں کے ساتھ شانہ  بشانہ  احتجاج میں شریک ہیں۔ ان  کے مطابق’’میں آسٹریا سے براہ راست  آیا ہوں۔   یورپ میں اپنے قیام کے دوران میں پابندی سے کسان مظاہرے کی خبریںدیکھ رہاتھا اور پھر میں نے ان کا حصہ بننے کافیصلہ کرلیا۔‘‘ جالندھر سے تعلق رکھنے والے من پریت تسلیم کرتے ہیں کہ ایسی نوعیت کااحتجاج انہوں نے کبھی نہیں دیکھا۔
 جتندر پال سنگھ جو موہالی سے تعلق رکھتے ہیں، آئی ٹی  کے شعبے میں کام کرتے ہیں اور گزشتہ ۸؍ برسوں  سے نیوزی لینڈ میں برسرروزگار ہیں۔ان  کے مطابق وہ پہلے دن سے کسانوں کےمظاہرے کی حمایت کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’’ میں احتجاج کے پہلے دن سے کسانوں کی حمایت کررہا ہوں، میں ڈسپلن کمیٹی کا رکن بھی ہوں  اور اس وقت تک خدمت کرتا رہوں گا جب تک کہ تینوں زرعی قوانین منسوخ نہیں ہوجاتے۔‘‘
   کنیڈا، برطانیہ، امریکہ، سعودی عربیہ اور دبئی سمیت مختلف ممالک میں  رہائش اختیارکرلینے و الے وہ کسان جن کی جڑیں دیہاتوں سے جڑی ہوئی ہیں  اور جو مظاہرہ میں شرکت کیلئے آنہیں سکے ہیںوہ یہاں مقیم اپنے رشتہ داروں  کے توسط سے کسانوں کی  ہر ممکن مدد کی کوشش کررہے ہیں۔غیر مقیم ہندوستانیوں کی جانب سے مظاہرین کی حمایت کی تصدیق بھارتیہ کسان یونین (ایکتا اُگراہن)   کےجنرل سیکریٹری سوداگر گھوڈانی بھی کرتےہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK