Inquilab Logo

غیرمقیم ہندوستانی ایئرانڈیا کے صد فیصد حصص خرید سکیں گے

Updated: March 05, 2020, 3:19 PM IST | Agency | New Delhi

حکومت نے ایئر لائن میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت دے دی ، کمپنی کو ڈوبنے سےبچانے کی کوشش

Air India - Picture : INN
ایئر انڈیا ۔ تصویر : آئی این این

قرض کے بوجھ تلے دبی سرکاری شہری ہوابازی کمپنی ایئر انڈیا کی فروخت کے عمل کے تحت غیرمقیم  ہندوستانیوں کوصد فیصد حصص خریدنے کی اجازت مودی حکومت نے دے دی ہے۔  اس مقصد سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی پالیسی میں تبدیلی کوکابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں یہاں منعقد مرکزی کابینہ کے اجلاس میں ایف ڈی آئی پالیسی میں تبدیلی کو منظوری دے دی گئی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ بیرون ملک رہنے والے ہندوستانی شہری (این آر آئی) سرکاری ایئر لائن  ایئر انڈیا کی فروخت کے عمل کے تحت   اب صدفیصد حصص خرید سکیں گے۔
  ایف ڈی آئی پالیسی کے تحت اب تک ہوا بازی کے کے شعبے میں محض ۴۹؍ فیصد غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی ہی اجازت تھی جبکہ اس سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے حکومت کی منظوری ضروری تھی۔  اس میں یہ بھی شرط تھی کہ کسی بھی پرواز کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کا کنٹرول کسی ہندوستانی کے پاس ہی رہے گا  ۔حالانکہ ایئر انڈیا کے  لئے کسی بھی صورتحال میں غیر ملکی سرمایہ کاری ۴۹؍  فیصد سے زیادہ نہیں ہو سکتی تھی۔ واضح رہے کہ ایئر انڈیا کے مسلسل خسارے میں چلنے کی وجہ سے ہی حکومت نے اسے فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اب تک کچھ پرائیویٹ کمپنیوںنے ایئر انڈیا میں دلچسپی ظاہر کی ہے جن میں ٹاٹا گروپ اور اڈانی گروپ سرفہرست ہیں۔ یاد رہے کہ ایئر انڈیا ۸۸؍ سال قبل ٹاٹا گروپ کی ہی ملکیت تھی لیکن  بعد میں اسے قومیا لیا گیا تھا ۔ تب سےاب تک یہ کمپنی منافع میں تھی لیکن ہوابازی سیکٹر کو پرائیویٹ سیکٹر کے لئے کھولنے کے بعدسے ایئر انڈیا مسلسل خسارہ میں چل رہی ہے۔ اس کے مارکیٹ شیئر میں بھی لگاتار گراوٹ آئی ہے۔ کسی زمانے میں پورے ہوابازی سیکٹر پر ایئر انڈیا کی اجارہ داری ہوا کرتی تھی لیکن اب مارکیٹ شیئر کے معاملے میں ایئر انڈیا  دوسرے یا تیسرے نمبر پر کھسک گئی ہے۔ پہلے نمبر پر انڈیگو ایئر لائن ہے جو مارکیٹ کے تقریباً ۴۷؍ فیصد حصہ پر قابض ہے جبکہ اس کے بعد ایک اور پرائیویٹ ایئر لائن  اسپائس جیٹ کا نمبرآتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK