Inquilab Logo

اب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ بھی اعظم خان کے پیچھے

Updated: September 12, 2020, 10:12 AM IST | Agency | Lucknow

کئی مہینوں سے جیل میں بندسماجوادی کے قدآور لیڈر سے ای ڈی جیل میں ہی تفتیش کرے گی،پوچھ تاچھ کا دائرہ جوہر یونیورسٹی کے اردگررہنے کا امکان۔  سماجوادی پارٹی کے قدآورلیڈر اور ممبر پارلیمنٹ اعظم خان کی مشکلوں میںگزشتہ چند برسوں سے کچھ نہ کچھ اضافہ ہی ہورہا ہے۔مہینوں سے سیتا پور جیل میں بند اعظم خان سے اب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے راڈار پرہیں جو ان سے جیل میں ہی پوچھ گچھ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

Azam Khan. Picture:INN
اعظم خان۔ تصویر: آئی این این

 سماجوادی پارٹی کے قدآورلیڈر اور ممبر پارلیمنٹ اعظم خان کی مشکلوں میںگزشتہ چند برسوں سے کچھ نہ کچھ اضافہ ہی ہورہا ہے۔مہینوں سے سیتا پور جیل میں بند اعظم خان سے اب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے راڈار پرہیں جو ان سے جیل میں ہی پوچھ گچھ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔یہ پوچھ گچھ جلد ہی ہوسکتی ہےجس میں بیشتر سوالات جوہر یونیورسٹی کے ارد گرد رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب، ایس پی لیڈر کو بیٹے اعظم عبداللہ کے تعلق سے بھی ایک مایوس کن خبر سننی پڑسکتی ہے جو الیکشن لڑنے کی ان کی اہلیت کے سلسلے میں ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ایک ٹیم جلدہی ایس پی لیڈر سے سیتا پور جیل میں ملاقات کرکے ان سے پوچھ گچھ کرےگی۔ای ڈی مذکورہ یونیورسٹی کے دستاویزات رامپور ضلع انتظامیہ اورمحکمہ اعلیٰ تعلیم سے پہلے ہی سونپنے کی درخواست کرچکا ہے۔ ای ڈی کی سرگرمی سےیہ اندیشہ بھی پیدا ہوگیا ہے کہ جوہر یونیورسٹی کی اراضی کو اٹیچ بھی کیا جاسکتا ہے۔  واضح رہے کہ سماجوادی لیڈر اعظم خان اس یونیورسٹی نے بانی اور تاحیات چانسلرہیں۔اس کےانتظامی امور بھی مکمل طور پر انہی کے اہل خاندان کے ذمہ ہے۔ اعظم خان پر الزام ہے کہ انہوں نے ’دشمن املاک‘ زمرےکی اراضی کواتر پردیش مرکزی سنی ؍شیعہ(دونوں) وقف بورڈ کے چیئرمین کی ساز باز سے اس ٹرسٹ کے نام کرالیاہےجس کے تحت اس یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا ہے۔اس وقت شیعہ وقف بورڈکے چیئر مین وسیم رضوی تھے جنہوں نے حال ہی میں اپنی مدت کار مکمل کی ہے۔ سنی وقف بورڈ کے چیئر مین ظفر فاروقی تھے جنہیں پھر سے توسیع ملی ہے۔اعظم خان کے ساتھ ساتھ مذکورہ دونوں اشخاص کے خلاف بھی الٰہ آباد ہائی کورٹ میں اس اراضی سےمتعلق مقدمے چل رہے ہیں۔  ذرائع کے مطابق، ای ڈی نے ضلع انتظامیہ کو بھیجے گئے مکتوب میں یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ یہ زمین اعظم خان کو یونیورسٹی کیلئےکس طرح دی گئی ، کیوں کہ یہ زمین دشمن املاک ایکٹ کے تحت آتی ہے۔ اس سے قبل ای ڈی نےاعظم خان کےخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ساتھ ہی، جوہریونیورسٹی سے متعلق تمام فنڈز اور لین دین کے ریکارڈ اکٹھا کرچکا ہے۔ دوسری طرف ، اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کے لئے بھی بری خبر آسکتی ہے۔کہا جارہا ہے کہ وہ اگلے۶؍ سال تک الیکشن نہیں لڑ پائیں گے۔ عبداللہ اعظم کو۷۲؍ ماہ تک انتخاب لڑنے سے نااہل قرار دینے کے منصوبے پر کام چل رہاہے۔ ذرائع کے مطابق ، پچھلے سال دسمبر میں سوار سیٹ (ضلع رامپور)سے الیکشن جیتنے والے عبداللہ اعظم کا انتخاب الہ آباد ہائی کورٹ نے منسوخ کردیا تھا ، تب سے اس کی تیاری کی جارہی ہے۔  یوپی میں یوگی حکومت کی تشکیل کےبعدسےاب تک اعظم خان اور ان کے اہل خانہ کے خلاف درجنوں مقدمات دائر ہوچکے ہیں۔ان دنوں ان کے ساتھ اہلیہ بھی سیتاپور جیل میں بند ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK