Inquilab Logo

دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد ۱۰؍ کروڑ سے متجاوز، ۲۱؍ لاکھ سے زائد اموات

Updated: January 28, 2021, 11:49 AM IST | Agency | Geneva

امریکہ، ہندوستان اور برازیل اب بھی بالترتیب نمبر ایک، ۲؍ اور ۳؍ پر قائم، برطانیہ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلس اضافہ، جبکہ فرانس اچانک کورونا کا نیا مرکز

Coronavirus - pic : INN
کورونا وائرس ۔ تصویر : آئی این این

   دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد نے اب ۱۰؍ کروڑ کا ہندسہ پار کر لیا ہے۔   اس میں بلاشبہ اب بھی امریکہ سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جبکہ ہندوستان اور برازیل بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر  پر ہیں۔ تازہ اطلاع کے مطابق  اب تک دنیا کے مختلف ممالک میں مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد ۱۰؍ کروڑ ۹؍ لاکھ ۱۳؍ ہزار ۷۳؍ ہے جبکہ  ۲۱؍ لاکھ ۶۹؍ ہزار  ۳۴۴؍ افراد کی موت ہو چکی ہے۔  ہر چند کہ   اب تک ۷؍ کروڑ ۲۹؍ لاکھ ۵۱؍ ہزار  ۸۵۷؍ مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ جو کہ مریضوں کی کل تعداد کا ۷۰؍ فیصد سے بھی زائد حصہ ہے۔ 
  امریکہ اب بھی سب سے آگے
  امریکہ میں ویکسی نیشن کا عمل گزشتہ سال نومبر ہی سے شروع ہو گیا ہے لیکن وہاں مریضوں کی تعداد کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ یہاں اب تک  ۲؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ ۲۲۲؍ افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں جبکہ۴؍ لاکھ ۳۵؍ہزار ۳۵۲؍ مریض فوت ہو چکے ہیں۔  یہی حال ہندوستان کا بھی ہے۔ یہاں حال ہی میں ویکسی نیشن کا آغاز ہوا ہے لیکن یہاں مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ اب تک ہندوستان میں  ایک کروڑ ۶؍ لاکھ ۹۰؍ ہزار  ۲۷۹؍ افراد کورونا کی زد میں آئے ہیں جبکہ یہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ ۵۳؍ ہزار  ۷۵۱؍ ہے۔ برازیل اب بھی مریضوں کی تعداد کے معاملے میں تیسرے نمبر پر ہے۔ یہاں ۸۹؍ لاکھ  ۶؍ ہزار ۵۹۰؍ افراد کورونا سے متاثر ہیں جبکہ  ۲؍ لاکھ ۱۸؍ ہزار ۹۱۸؍ افراد اس بیماری کی وجہ سے موت کی آغوش میں جا چکے ہیں۔  دنیا کے  دیگر ممالک مریضوں کی تعداد کے معاملے میں ان تینوں ممالک کے آس پاس بھی نہیں ہیں۔
 روس اور برطانیہ  میں کورونا کی لہر تیز
 روس نے خود اپنی ویکسین تیار کی ہے جبکہ برطانیہ نے امریکہ سے ویکسین حاصل کی ہے۔ لیکن یہ دونوں ممالک بالترتیب  سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ روس پہلے سے اس فہرست میں اسی پوزیشن پر ہے۔ یہاں ۳۷؍ لاکھ ۷۴؍ ہزار  ۶۷۲؍ ہو گئی ہے۔ جبکہ یہاں کل اموات ۷۱؍ ہزار ۷۶؍ ہوئی ہیں۔برطانیہ   کچھ عرصہ پہلے سب سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں کافی نیچے جاچکا تھا لیکن اب یہاں حالات دوبارہ سنگین ہو گئے ہیں۔   برطانیہ میں کوئی  ۳۶؍ لاکھ ۸۹؍ ہزار ۷۴۶؍ افراد کورونا  کا شکار ہوئے ہیں جبکہ  ایک لاکھ ۱۶۲؍ لوگوں کی یہاں اب تک موت ہو چکی ہے۔
 فرانس کورونا  کا نیا مرکز
 یورپی ملک فرانس  اچانک کورونا کا نیا مرکز بن گیا ہے۔ یہاں اب تک ۳۰؍ لاکھ ۷۹؍ ہزار  ۹۴۳؍ مریض پائے گئے ہیں جبکہ مہلوکین کی تعداد ۷۴؍ ہزار ۱۰۵؍ ہو گئی ہے۔  یاد رہے فرانس شروع سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں کافی نیچے تھے لیکن دسمبر کے مہینے سے یہاں اچانک کورونا لہر کافی تیز ہو گئی ہے۔ یہاں کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈائون نافذ کرنا پڑا ہے۔ اس  کے علاوہ اسپین، اٹلی، جرمنی اور کولمبیا وہ ممالک ہیں جہاں ۲۰؍ لاکھ سے زیادہ کورونا مریض پائے گئے  ہیں۔ یہاں ہلاکتیں بھی۵۰؍ ہزار سے زیادہ ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK