امریکہ سے واپسی پر وزیراعظم مودی کا کسی فاتح کی طرح خیر مقدم

Updated: September 27, 2021, 10:31 AM IST | Agency | New Delhi

ڈھول تاشوں کےساتھ استقبال، نڈا نے عالمی لیڈر قراردیا، کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کو اہم مقام دلایا

Flowers were showered on Modi at Palm Airport. Picture:INN
پالم ایئر پورٹ پر مودی پرپھول برسائے گئے۔ تصویر: آئی این این

اتوار کو امریکہ کے ۳؍ روزہ دورہ سے واپسی پر بی جےپی نے  پالم ایئر پورٹ پر وزیراعظم  مودی کا استقبال ڈھول تاشوں   کے ساتھ کسی فاتح کی طرح کیا اور بطور ’’عالمی قائد‘‘ ان کی تعریف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ  انہوں  نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کو اہم مقام دلایا ہے۔ طیارہ سے اترنے کے بعد وزیراعظم پر اس وقت تک پھولوں کی پنکھڑیوں کی بارش کی جاتی رہی جب تک کہ وہ اسٹیج تک نہیں پہنچ گئے۔ اس دوران ہریانہ سے طلب کئے گئے فنکاران کی آمد پر ڈھول تاشے بجاتے ہوئے رقص کررہے تھے جبکہ بی جے پی کارکن ’’مودی ، مودی‘‘ کے نعرے بلند کررہے تھے۔  خیرمقدم کیلئے سجائے گئے خصوصی اسٹیج  پر وزیراعظم کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے بی جےپی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ وزیراعظم نے گلوبل پلیٹ فارم پر ہندوستان کے خیالات کو پوری قوت  کے ساتھ رکھا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو بین الاقوامی لیڈر اور عالمی ترقی میں  معاون قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’وزیراعظم رات دن ہندوستان کیلئے کام کرتے ہیں اور اب ہندوستان کے تعلق سےعالمی نظریہ بدل گیا ہے۔  ان کا دورہ مختصر تھا مگر مصروف ترین تھا۔ وزیراعظم  مودی کی قیادت میں ہندوستان بدل چکا ہے۔‘‘  وزیراعظم اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل  کے ۷۶؍ ویں اجلاس  میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ اس دوران  وہ ’’کواڈ‘‘ کی میٹنگ میں بھی شریک ہوئے  اور امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس  کے  ساتھ ساتھ صدر جو بائیڈن سے بھی ملاقات کی ۔ کورونا کی وبا کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK