Inquilab Logo

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر متعدد تنظیموں نے فلاحی کاموں کو ترجیح دی

Updated: October 11, 2022, 7:42 AM IST | Iqbal Ansari and Shahab Ansari | Mumbai

جماعت اسلامی نے خون کی ساڑھے ۶؍ہزار سے زائدیونٹ جمع کیں۔میمن جماعت نے یتیم بچوں میں کپڑے اور اسکول بیگ بانٹے جبکہ ممبرا میں غریبوں کو تحفے تقسیم کئے گئے

Gifts were given to the poor and compatriots by various organizations while blood donation camps were also set up at various places.
مختلف تنظیموں کی جانب سے غربا اور ہم وطنوں کو تحائف دئیے گئے جبکہ متعدد مقامات پر بلڈ ڈونیشن کیمپ بھی لگائے گئے تھے۔

عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پر مختلف تنظیموں نے نبی آخرالزماں محسن انسانیت محمد ؐ سے محبت اور عقیدت کے اظہار کے لئے فلاحی کاموں کو ترجیح دیتے ہوئے مختلف مقامات پر وسیع پیمانے پر خون کے عطیہ کے کیمپ، یتیم خانوں میں کپڑوں کی اور اسپتالوں میں بلا تفریق مذہب و ملت پھلوں کی تقسیم جیسے نیک کام کئے۔
 جماعت اسلامی ہند نے اس روز ممبئی سمیت پوری ریاست میں ’میگا بلڈ ڈونیشن‘ کیمپ منعقد کئے جن میں ساڑھے ۶؍ہزار سے زائد خون کی بوتلیں جمع کی گئیں۔ صرف ممبئی میںمالونی سے ۸۸، کرلا سے ۸۹، میرا روڈ سے ۳۰؍ اور ممبرا سے ۵۰۲؍ خون کی بوتلوں کا عطیہ ملا۔ جماعت اسلامی کے نہال صغیر کے مطابق مہاراشٹر کی یوتھ ونگ کی جانب سے ریاست کی سطح پر کُل ۴۰؍ مقامات پر بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے گئے تھے جن میں کُل ۶؍ہزار ۶۰۰؍  سے زائد خون کی یونٹ جمع کی گئیں۔
 زکریہ مسجد بشتی محلہ میں واقع بامبے کیرالا مسلم جماعت نے بھی عید میلاد النبیؐ کے موقع پر خون کے عطیہ کا کیمپ لگایا تھا۔ جماعت کے مہدی سُمر نے انقلاب کو بتایا کہ ’’نبیؐ سب کے لئے‘‘ مہم سے وابستہ رہتے ہوئے ان کی جماعت مختلف کام کررہی ہے اور اس سال بلڈ ڈونیشن کیمپ اور ’ٹویٹر ٹرینڈنگ‘ کی گئی تھی۔ ٹویٹر ٹرینڈنگ میں ’نبی سب کے لئے‘ موضوع ٹرینڈنگ میں ۳۰؍ویں مقام تک پہنچ گیا تھا جبکہ ۸۲؍ہزار سے زیادہ افراد اس ’’ہیش ٹیگ‘‘ کو استعمال کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ بلڈ کیمپ میں خون کی ۴۰؍ یونٹ جمع ہوئیں۔
ممبرا میں ۵۰۲؍ بوتلیں خون عطیہ کیا گیا ؕ
 مبرا میں بھی کئی طرح کے فلاحی کاموں میں تنظیموں نے جوش خروش سے حصہ لیا۔ یہاںخون کے عطیہ کے کیمپ کے بینر پر حدیث لکھی تھی کہ ’’تم میں سے سب سے اچھا انسان وہ ہے جو دوسروں کیلئے فائدہ مند ہو۔‘‘ 
 کیمپ کے تعلق سے جماعت اسلامی ہند (ممبرا) کے پرویز خان  نے بتایا کہ ’’عید میلاد النبیؐ کے موقع پر دوست اپارٹمنٹ کوسہ، ممبرا میں بعنوان ’ خون کا عطیہ: عبادت بھی، زندگی بھی‘منعقد کیا گیا تھا۔ سنکلپ بلڈ بینک کے اشتراک سے منعقدہ اس کیمپ میں مجموعی طور پر ۵۰۲؍ افراد نے خون عطیہ کیا۔‘‘
غریبوں میں تحفے تقسیم کئے گئے 
 ممبرا کی تنظیم ’ یس وی کین فاؤنڈیشن اور خدمت خلق کی جانب سے الگ طرح سے عید میلاد لنبیؐ منایا گیا ۔ تنظیم کی جانب سے اس موقع پر ممبرا کی پہاڑی پر جھوپڑ پٹیوں میں مقیم برادرانِ وطن کے گھروں پر جاکر انہیں تحفے تقسیم کئے گئے۔ ۱۰۰؍سے زیادہ تحفے دیوری پاڑہ، امبے پاڑہ، پنیری پاڑہ اور گاؤں دیوی علاقوں میں تقسیم کئے گئے اور بچوں کو چاکلیٹ بھی دی گئی۔ اس موقع پر انہیں حضورؐ کا تعارف بھی پیش کیا کہ وہ نہ صرف مسلمانوں کیلئے بلکہ پوری دنیا کے کیلئے رہنما بنا پر بھیجے گئے تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK