Inquilab Logo

یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک بھر میں رنگا رنگ تقاریب کاانعقاد

Updated: January 28, 2020, 3:45 PM IST | Agency | New Delhi

ملک کے۷۱؍ ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک بھر میں شاندار طریقے سے جشن جمہوریہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ملک کے الگ الگ ریاستوں، علاقوں اور شہروں کے علاوہ اسکولوں، کالجوں اور سرکاری دفاتر پر ترنگا لہرایا گیا اور خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

  علی الصباح ہی انڈیا گیٹ پر لوگ جمع ہو گئے ۔ تصویر : پی ٹی آئی
علی الصباح ہی انڈیا گیٹ پر لوگ جمع ہو گئے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 نئی دہلی : ملک کے۷۱؍ ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک بھر میں شاندار طریقے سے جشن جمہوریہ کااہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ملک کے الگ الگ ریاستوں، علاقوں اور شہروں کے علاوہ اسکولوں، کالجوں اور سرکاری دفاتر پر ترنگا لہرایا گیااور خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ یوم جمہوریہ کے حوالے سے سرکاری سطح پر سب سے اہم اور بڑا پروگرام دہلی کے راج پتھ پر منعقد ہوتا ہے، جہاں صدر جمہوریہ ترنگا لہراتے ہیں۔ اس تقریب میں وزیراعظم اور ان کے کابینی رفقاء کے ساتھ ہی  بیرون ملک سے کسی اہم مہمان کو بھی بلانے کی روایت رہی ہے۔اس باربرازیل کے صدر جیئر بولسونارو مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ اس تقریب میں ملک کی فوجی طاقت، ثقافتی تنوع اور ترقی کا بہترین مظاہرہ کیا گیا۔

 
 صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے راج پتھ پر ترنگا لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔ فوج نے انھیں۲۱؍ توپوں کی سلامی دی۔ وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر انڈیا گیٹ پر واقع قومی جنگی یادگار پر جاکر ملک کے تحفظ کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے والے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کی۔ اس بار کی پریڈ میں حال ہی میں فضائیہ میں شامل کئے گئے چینوک اور اپاچے ہیلی کاپٹروں کے علاوہ ٹینک ٹی۔۹۰؍ بھیشم، بالوے مشین پیکٹ (بی ایم پی۔دوم)،  دھنُش گن سسٹم اور آکاش ہتھیار سسٹم نے ملک کی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا۔پریڈ کی قیادت  دہلی ایریا کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل اَسِت مستری نے کیا جبکہ  دہلی  ایریا کے چیف آف اسٹاف اور میجر جنرل آلوک ککڑ  پریڈ کے ڈپٹی کمانڈر تھے۔ فضائیہ کی جھانکی میں اس بار رافیل طیاروں کے نمونوں کو شامل کیا گیا۔
 پریڈ میں فوج کے گرینیڈیئر دستے کی قیادت میجر انیرُدّھ نائر نے کی۔ اس دستے کو ’اسٹروم ٹروپر‘ کہا جاتا ہے جو کسی بھی لڑائی میں دشمن کے درمیان اپنے خاص ہتھیار سے تباہی مچا دیتے ہیں۔پریڈ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی خاتون دستے نے موٹر سائیکل پر اپنے کرتب دکھائے اور اس ’ڈیئرڈیوِلس‘ ٹیم کی قیادت انسپکٹر سیما ناگ نے کی۔ اس ٹیم کی ہیڈ کانسٹیبل مینا چودھری نے بلیٹ موٹر سائیکل پر کھڑی ہوکر ’پسٹل آن موو پوزیشن‘ دکھا کر سب کا دل جیت لیا اور یہ اشارہ بھی دیا کہ ہم میدان ہی میں نہیں بلکہ چلتی موٹرسائیکل سے بھی ہدف نشانہ لگانے کے اہل ہیں۔
 اس بار پریڈ میں کل۱۶؍ مارچنگ دستے تھےاور ان میں فوج، فضائیہ، بحریہ، نیم فوجی دستوں کے علاوہ دہلی پولیس اور این سی سی دستوں نے بھی حصہ لیا۔ ان میں ۱۶؍ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جھانکیوں کے علاوہ دیگر وزارتوں اور محکموں کی دس دیگر جھانکیاں بھی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی  قومی انعام یافتہ۴۹؍ بچے بھی یوم ِجمہوریہ کی پریڈ میں شامل ہوئے۔ علاوہ ازیں چار اسکولوں کے بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کیا۔
 مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر کی جھانکی میں ’چلو گاؤں کی جانب‘ عنوان کے ساتھ اس کی ثقافت کا مظاہرہ کیا گیا۔ جھانکی میں لکڑی سے بنے ایک کشمیری گھر اور ایک پل کو بھی دکھایا گیا تھا۔ علاوہ ازیں فروغِ صنعت اور داخلی تجارت  کے محکمہ ، وزارت خزانہ، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس، نو تشکیل وزارت ’جل شکتی‘، وزارت جہاز رانی اور وزارت تعمیرات عامہ کی جھانکیوں نے بھی پریڈ کا لطف اٹھانے والوں کو محظوظ کیا ۔دہلی ماڈل ٹاؤن کے اروند گپتا ڈی اے وی پبلک اسکول کے۱۶۰؍ بچوں نے سلامی منچ کے سامنے ’یوگ، عالمی امن کی جانب‘ کے عنوان پر پیشکش کرکے لوگوں کومحظوظ کیا۔ اس کے بعد راجستھان کے اُدے پور کے مغربی علاقے  کی ثقافتی مرکز نے گجرات کا معروف رقص گربہ پیش کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK