Inquilab Logo

محکمۂ ٹریفک کے نمبر پر ایک بار پھر ممبئی میں حملوں کے تعلق سے میسج موصول

Updated: August 27, 2022, 9:49 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ممبئی پولیس کے محکمہ ٹریفک کو نامعلوم انٹرنیشنل نمبر سے دوسری مرتبہ دہشت گردانہ حملے کے تعلق سے میسج موصول ہوا ہے۔ البتہ اس مرتبہ دھمکی نہیں بلکہ مشورہ دیا گیا ہے

Unknown people have advised the police to be diligent (file photo).
انجان لوگوں نے پولیس کو مستعد رہنے کی نصیحت کی ہے( فائل فوٹو)

ممبئی پولیس کے محکمہ ٹریفک کو نامعلوم انٹرنیشنل نمبر سے دوسری مرتبہ دہشت گردانہ حملے کے تعلق سے میسج موصول ہوا ہے۔ البتہ اس مرتبہ  دھمکی نہیں بلکہ مشورہ دیا گیا ہے کہ ہوشیار اور مستعد رہیں اور ایک افریقی شہر میں ہوئے حملے جیسے حملے سے بچنے کی کوشش کریں۔ اگرچہ اس میسج میں کسی افریقی ملک یا شہر کا نام نہیں لکھا گیا ہے لیکن حال ہی میں صومالیہ کی راجدھانی موغادیشو میں واقع حیات ہوٹل پر الشباب نامی ایک تنظیم نے حملہ کیا تھا۔ فی الحال ممبئی پولیس تفتیش کے ذریعہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ یہ میسج کس نے اور کہاں سے بھیجا ہے۔
 واضح رہے کہ گزشتہ مختصر عرصہ کے دوران ممبئی میں دہشت گردانہ حملوں سے متعلق میسج یا فون کال موصول ہونے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ سب سے پہلے گزشتہ ہفتے ممبئی پولیس کے محکمہ ٹریفک کے وہاٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر پاکستان کے کنٹری کوڈ والے نامعلوم نمبر سے چند وہاٹس ایپ میسج موصول ہوئے تھے۔ ان  میں ممبئی پر ۲۶؍نومبر( ۲۰۰۸ء) کی طرز کے حملوں کی دھمکی دی گئی تھی۔ اوریہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ ۶؍ایسے لوگ ممبئی میں پہلے سے موجود ہیں جو ان حملوں کو انجام دینے والے ہیں۔ ان وہاٹس ایپ میسج  میں چند افراد کے فون نمبر بھی درج تھے جن کی بنیاد پر پولیس نے ممبئی کے ویرار علاقے سے ایک شخص کو حراست میں لیا تھا۔
 یہ میسج ضلع رائے گڑھ میں ہری ہریشور بیچ پر ایک لاوارث کشتی میں اے کے ۴۷؍ رائفل، گن اور کارتوس ملنے کی خبر عام ہونے کے بعد موصول ہوئے تھے۔ حالانکہ تفتیش کے بعد پولیس نے وضاحت کردی تھی کہ مذکورہ کشتی کا کسی دہشت گردتنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ اس کشتی کا مالک ایک آسٹریلیائی شہری ہے اور اس بوٹ کا انجن خراب ہونے کی وجہ سے ایک کوریائی کشتی نے آسٹریلیائی شہریوں کو بحفاظت بوٹ سے نکال لیا تھا لیکن اس کشتی کو وہیں چھوڑ دیا تھا جو بہہ کر ساحل سمندر پر پہنچ گئی ۔
 دوسرے واقعہ میں اندھیری میں واقع للت ہوٹل کے ریسیپشن پر نامعلوم شخص نے فون کرکے ہوٹل کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔ اس دھمکی میںکہا گیا تھا کہ ہوٹل میں بم رکھے ہوئے ہیں اور انہیں ناکارہ بنانے کیلئے ۵؍کروڑ روپوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے دھمکی کے فوراً بعد پورے ہوٹل کی تلاشی لی تھی لیکن کہیں بھی بم برآمد نہیں ہوا۔ اس کے بعد  پولیس نے گجرات کے واپی علاقے سے وکرم سنگھ اور یشوسنگھ نامی ۲؍ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ یشوسنگھ نے سِم کارڈ فراہم کیا تھا اور وکرم نے فون کرکے دھمکی دی تھی۔ یہ دونوں افراد غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور آسانی سے امیر بننے کے لئے یہ حرکت کی تھی۔ 
 پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وکرم سنگھ ممبئی کی فلم انڈسٹری میں اسپاٹ بوائے کا کام کرچکا ہے اور ماضی میں اسے کسی کام کی وجہ سے للت ہوٹل میں تعینات کیا گیا تھا۔ یہاں رہنے کے دوران اس نے ہوٹل کو اندر اور باہر سے اچھی طرح دیکھ اور سمجھ لیا تھا اس کے بعد اس نے اس ہوٹل کو دھمکی دے کر پیسے وصول کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس کے بعد اب یہ تیسرا میسج موصول ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK