Inquilab Logo

ہماچل پردیش میں مجموعی طور پر ۶۵؍ فیصد سے زائد ووٹنگ

Updated: November 13, 2022, 12:15 AM IST | simla

صبح سست رفتاری سے شروع ہونے والی پولنگ کے بعد شام ہوتے ہوتے پولنگ بوتھوں پر جوش وخروش نظر آنے لگا۔ پہاڑی علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر ووٹ ڈالے گئے ، کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں

A long queue can be seen at a polling booth in Himachal Pradesh (Photo: PTI)
ہماچل پردیش میں ایک پولنگ بوتھ پر لگی ہوئی لمبی قطار کو دیکھا جا سکتا ہے( تصویر: پی ٹی آئی)

  بالآخر ہماچل پردیش میں  پولنگ کا مرحلہ پار ہو ہی گیا۔ ایک ہی مرحلے  میں ہونےوالی پولنگ کے دوران ریاست کے ۶۵؍ فیصد سے زائد افراد نے  اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔  یاد رہے کہ یہاں اس وقت بی جے پی اقتدار میں ہے جبکہ عوامی ناراضگی کے پیش نظر کانگریس کے الیکشن جیتنے کی امید ظاہرکی جا رہی ہے ۔ البتہ یہاں وزیراعظم نے بڑے پیمانے پر انتخابی ریلیوں میں حصہ لیا  ہے۔ اس کی وجہ سے بی جے پی بھی جیت پر دعویٰ کر رہی ہے۔ 
  اطلاع کے مطابق صبح جب پولنگ بوتھوں پر ووٹنگ شروع ہوئی تو اس کی رفتار کافی دھیمی تھی۔ ۷؍ بجے شروع ہونے والی پولنگ  میں ۹؍ بجے تک یعنی ۲؍ گھنٹوں کے دوران صرف ۴؍ فیصد ووٹروں نے اپنے ووٹ ڈالے تھے۔ لیکن دھیرے دھیرے ووٹنگ کی رفتار میں اضافہ ہوا۔ اور ایک بجے تک ووٹنگ کا تناسب    ۱۲؍ بجے تک ووٹنگ کا تناسب ۱۸؍ فیصد تک جا پہنچا۔  جبکہ ۳؍ بجے تک یہ تناسب بڑھ کر ایک دم سے ۵۵؍ فیصد پر جا پہنچا۔ یہاں کئی پہاڑی علاقوں پر بھی لوگوں پورے جوش وخروش کے ساتھ ووٹ ڈالا۔ جب الیکشن کمیشن نے شام کو اپنے حتمی ( اندازاً) اعداد وشمار جاری کئے تو اس میں بتایا گیا کہ شام ۵؍ بجے تک ہماچل پردیش کے ۶۵ء۹۲؍ فیصد افراد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ 
  مختلف علاقوں  میں ووٹنگ کا تناسب
 ریاست کے مختلف علاقوں میں ووٹ ڈالنے کے معاملے میں لوگوں نے جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔ اور شام ہوتے ہوتے اپنے گھروں سے نکل کر پولنگ بوتھوں کا رخ کرنے لگے۔  سب سے زیادہ ووٹنگ  سرمور ضلع  میں ہوئی جہاں  ۷۲ء۳۵؍ فیصد لوگوں نے ووٹ ڈالے۔جبکہ سب سے کم  ووٹنگ کنور علاقے  میں ہوئی جہاں ۶۲؍ فیصد لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔  ان  کے علاوہ شملہ میں ۶۵ء۶۶؍ فیصد، سولن میں ۶۸ء۴۸؍ فیصد، بلاسپور میں ۶۵ء۷۲؍ فیصد، منڈی میں ۶۶ء۷۵؍ فیصد، حمیرپور میں ۶ء۷۴؍ فیصد، اونا میں ۶۷ء۶۷؍ فیصد، کانگڑا میں ۶۳ء۹۵؍ فیصد، چمبا میں ۶۳ء۰۹؍فیصد، کلو میں ۶۴ء۵۹؍ فیصد، اور لاہول اسپیتی میں ۶۷ء۵۰؍فیصد ووٹنگ ہوئی۔ یاد رہے کہ یہاں مختلف علاقوں میں کانگریس اور بی جے پی کے لیڈروں نے انتخابی مہم کے دوران اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی۔ 
 دنیا کے سب سے اونچے پولنک بوتھ پر ۹۸؍ فیصد ووٹنگ
  ہماچل پردیش  میں ایک پولنگ بوتھ پہاڑ پر ہے جسے دنیا کا سب سے اونچا پولنگ بوتھ کہا جاتا ہے۔  سنیچر کو اس بوتھ پر بھی حسب روایت  ووٹ ڈالے گئے۔ حیران کن طور پر یہاں ووٹوں کا تناسب ( تکنیکی طور پر ) سب سے زیادہ رہا۔ یہ پولنگ  بوتھ  تاشیگنگ میں موجود ہے جہاں ۵۲؍ووٹروں کے نام ہیں۔ ان ۵۲؍ میں سے ۱۵؍ ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ یعنی یہاں ۹۸ء۰۸؍ فیصد ووٹنگ درج کی گئی ہے۔تکنیکی طور پر دیکھا جائے تو ریاست میں ووٹنگ کا تناسب سب سے زیادہ یہیں تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK