Inquilab Logo

منی لانڈرنگ معاملے میں ضمانت مسترد ہوتے ہی شہباز شریف گرفتار

Updated: September 29, 2020, 11:59 AM IST | Agency | Lahore

پاکستانی اپوزیشن لیڈر کے وکیل عدالت کو اپنے دلائل سے قائل نہیں کر سکے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے اس گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیا

Shahbaz Sharif -  Pic : PTI
شہباز شریف گرفتاری کے وقت حامیوںکے درمیان (تصویر: ایجنسی

پاکستان میں لاہور ہائی کورٹ نےاپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی منی لانڈرنگ ریفرنس میں درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے جس کے بعد انھیں کمرہ عدالت کے باہر سے حراست میں لے لیا گیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ پیشی پر لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے شہباز شریف کے وکلا کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ پیر (۲۸؍ ستمبر) تک دلائل مکمل کریں۔
 پیر کے روز شہباز شریف کے وکلا کی جانب سے پیش کئے گئے دلائل کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد نیب اہلکاروں نے پاکستانی اپوزیشن لیڈر کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا۔ انہیں منگل  (آج) کے روز نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ رواں سال جون میں لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انھیں۵؍ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکہ جمع کروانے کی ہدایت دی   تھی۔اس کے بعد سے وہ باہر تھے لیکن اب وہ گرفتار ہو چکے ہیں۔ 
 اپوزیشن کا رد عمل 
  حسب روایت پاکستان اپوزیشن نے شہباز شریف کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’شہباز شریف کا صرف یہ قصور ہے کہ اس نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔’اس نے جیل جانے کو ترجیح دی مگر اپنے بھائی کے ساتھ کھڑا رہا۔ یہ انتقامی احتساب نواز شریف اور اس کے ساتھیوں کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔ اب وہ وقت دور نہیں جب اس حکومت اور ان کو لانے والوں کا احتساب عوام کریں گے۔‘‘
 پاکستان پیوپلس پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اس گرفتاری پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ’’ عالمی وبا ( کورونا وائرس) کے باوجود اپوزیشن لیڈرو ں سے سیاسی انتقام لینا جاری ہے۔ ‘‘جبکہ حکومت پاکستان کے ترجمان شبلی فراز نے ایک  نجی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ’شہباز شریف کی گرفتاری کو سیاسی  رنگ نہ دیا جائے۔ ان کے خلاف شواہد موجود تھے اس لئے انھیں نیب نے حراست میں لیا ہے۔‘‘

pakistan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK