Inquilab Logo

پاکستان تحریک انصاف نےسابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کیخلاف محاذ کھول دیا

Updated: January 09, 2023, 1:24 PM IST | islamabad

عمران خان کو اقتدار سےہٹانے میں سابق آرمی چیف قمر جاوید باجو ہ کا بنیادی کردار :فوادچودھری ہم آج جس جگہ کھڑے ہیں، اُس میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہاتھ ہے: عمران خان

Fawad Chaudhary; Photo: INN
فواد چودھری ; تصویر:آئی این این

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)نے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجو ہ کو عمران خان کو اقتدار سےہٹانے کا ذمہ دار بتایا ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سابق   وزیر اورپاکستان تحریک انصاف کے اہم لیڈرفواد چودھری نےبرطانوی نشریاتی ادارے’ بی بی سی‘ کے پروگرام ’ہارڈ ٹاک‘ میں دعویٰ کیا ،’’عمران خان کو اقتدار  سےہٹانے میں سابق آرمی چیف قمر جاوید باجو ہ کا بنیادی کردار تھا۔ تحریک عدم اعتماد میں پی ٹی آئی کا اصل مقابلہ فوج سے تھا ،ورنہ مستحکم حکومتیں اس طرح نہیں جاتیں جس طرح اپریل میں تحریک انصاف کی حکومت گئی۔سب کو پتہ ہے کہ ہماری حکومت کی اتحادی جماعتوں کو کون کنٹرول کر رہا تھا؟ بالکل واضح تھا کہ اتحادی جماعتیں کس کی ہدایات پر عمل کر رہی ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا، سیاست کو سیاست دانوں پر چھوڑ دینا چاہئے تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ،’’دراصل معاشی بحران سیاسی بحران کا نتیجہ ہے، عمران خان کی حکومت کو غیرضروری طورپرگھربھیج کرمعاشی بحران پیدا کیا گیا، کسی کوپتہ نہیں کہ ۳؍ یا۵؍ ماہ بعد یہاں کون سی حکومت ہوگی؟ سیاسی استحکام کے بغیرمعاشی استحکام نہیں لا سکتے۔‘‘ انہو نے یہ بھی کہا ،’’ اس حکومت میں عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کے اداروں میں کرپشن  بڑھا۔‘‘ ان کا کہنا تھا،’’سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنے میں پوری طرح’ ملوث‘ تھے۔‘‘  
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ،’’ ہم آج جس جگہ کھڑے ہیں، اُس میں سابق آرمی چیف جنرل  قمر جاوید باجوہ کا ہاتھ ہے۔‘‘کراچی میں خواتین کنونشن سے عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا اور ایک بار پھر سابق آرمی چیف کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا ،’’ ایک آدمی کے فیصلے سے وہ بحران آیاجس کی   پیش گوئی میں نے۷؍ ماہ پہلے کردی تھی، ہم آج جس جگہ کھڑے ہیں، اس میں جنرل باجوہ کا ہاتھ ہے۔  بدقسمتی سے  ’اقتدار‘ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں صاف شفاف انتخابات ہوں۔‘‘ان کا کہنا تھا،’’۹۰ء کی دہائی سے پہلے پاکستان بہت آگے تھا، جب یہ کرپٹ خاندان اقتدار میں آیاتو۹۰ء کی دہائی کے بعد ہندوستان  ہم سے آگے نکل گیا۔‘‘عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان تاریخ کے سب سے بڑے بحران سے گزر رہا ہے۔ دریں اثناءپی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی ایک مربوط پالیسی کا مکمل فقدان ہے اور ساری توجہ جعلسازیوں سے آڈیوز اور ویڈیوز بنانے پر ہے۔اپنے بیان میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے کہا ،’’ ان حالات میں ہم دہشت گردی میں خطرناک اضافہ دیکھ رہے ہیں، ہمارے سیکوریٹی اہلکار اس دہشت گردی کا خاص نشانہ ہیں۔  ہم ان دہشت گرد انہ کارروائیوں اور دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘‘
 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK