Inquilab Logo

پاکستان کے مشہور مذہبی وسیاسی لیڈرخادم حسین رضوی کا اچانک انتقال

Updated: November 21, 2020, 12:31 PM IST | Agency | Islamabad

اسپتال نے موت کی وجہ نہیں بتائی، مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، ۲؍ روز قبل فرانسیسی سفیر کو ملک سے باہر کرنے کیلئے دھرنا دیا تھا

Khadim Hussain Rizvi .Picture :INN
خادم حسین رضوی ۔ تصویر:آئی این این

مذہبی و سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے بانی خادم حسین رضوی اچانک انتقال کر گئے۔  ان کی  جماعت کے ترجمان قاری زبیر نےمیڈیاکو بتایا کہ ان کی وفات کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ چند روز سے خادم رضوی کی طبیعت خراب تھی۔ خادم رضوی اپنے سخت اندازِ بیان کے  سبب مشہور تھے اور وہ ۲۰۱۷ء کے دوران پاکستان میں توہین رسالتؐ کے قانون کے ایک بڑے حامی بن کر سامنے آئے تھے۔ اس کے علاوہ ان کی پارٹی نے ۲۰۱۸ء کے پارلیمانی الیکشن میں حصہ بھی لیا تھا مگر اسے بری طرح شکست ہوئی تھی۔ ان کے یوں اچانک گزر جانے سے ہر کوئی حیران ہے۔  لاہور میں شیخ زیداسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اکبر حسین نے بتایا ہے کہ رات ۸؍بج کر ۴۸؍منٹ پر خادم رضوی کو مردہ حالت میںاسپتال  کے ایمرجنسی وراڈ  میں لایاگیا تھا ۔ اس سے قبل وہ یہاں زیر علاج نہیں تھے۔ڈاکٹر اکبر حسین کے مطابق کسی کو مردہ حالت میں لائے جانے کی صورت میں اسپتال  اس کی موت کی وجہ کا تعین نہیں کرسکتا۔ جبکہ تحریک لبیک کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ خادم رضوی کی نمازِ جنازہ سنیچر کی صبح ۱۰؍بجے مینارِ پاکستان لاہور میں ادا کی جائے گی۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹر پر خادم رضوری کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے خادم حسین کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ان کا پیغام فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ٹویٹرپر پوسٹ کیا۔ خادم حسین کی جماعت تحریک لبیک پاکستان نے فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالر باہرکرنے کیلئے  فیض آباد کے مقام پر دھرنا دیا تھا۔ بعد ازاں انتظامیہ نےان  کے ساتھ ’کامیاب مذاکرات‘ کئے اور چار نکاتی معاہدے پر اتفاق کے چند گھنٹوں بعد اس دھرنے کو ختم کر دیا گیا تھا۔
خادم رضوی کون تھے؟
 خادم حسین رضوی سوشل میڈیا پر پاکستان کا ایک مشہور چہرہ تھے جو اپنے ملک میں شرعی نظام نافذ کرنے کی وکالت کرتے تھے ۔  ۲۰۱۷ء میں انہوں نے اہانت رسول کیلئے سخت قانون کی حمایت میں دھرنا دیا تھا۔  پھر ۲۰۱۸ء کے الیکشن میں بھی انہوں نے حصہ لیا تھا۔ ہمیشہ وہیل چیئر پر رہنے والے خادم حسین  نے فرانس کے صدر کی گستاخیوں کے خلاف بھی  احتجاج کرنے میں دیر نہیں لگائی تھی۔ 

pakistan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK