Inquilab Logo

راجوری میں ایل او سی پر پاکستان کی شدید گولہ باری، فوجی حوالدار شہید

Updated: November 22, 2020, 6:08 AM IST | Agency | Jammu

مہلوک فوجی کی شناخت کولہاپور سے تعلق رکھنے والے حوالدار پاٹل سنگرام شیواجی کےطور پر ہوئی ہے، ہندوستان کی طرف سے بھی منہ توڑ جواب دیا گیا

Kashmir
پاکستانی فائرنگ کی وجہ سے شہری علاقوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے

جموں کشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی حوالدار شہید اور دوسرا زخمی ہو گیا۔مہلوک فوجی کی شناخت حوالدار پاٹل سنگرام شیواجی ساکن کولہاپور مہاراشٹر کے طور پر ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ضلع راجوری میں ایل او سی پر نوشہرہ سیکٹر میں درمیانی شب بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری کر دی۔ گولہ باری کے نتیجے میں ایک حوالدار سمیت دو فوجی جوان زخمی ہوگئے جن میں سے بعد ازاں فوجی حوالدار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا فوجی جوان فوجی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
 جموں میں تعینات دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ضلع راجوری میں ایل او سی کے نوشہرہ سیکٹر میں بلااشتعال جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔انہوں نے کہا کہ `ہمارے فوجیوں نے بھی دشمن کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔دفاعی ترجمان نے مزید کہا کہ سنگرام شیواجی ایک بہادر، انتہائی پرعزم اور ایک مخلص فوجی تھے۔  ملک  ہمیشہ  ان کا احسان مند رہے گا۔
 قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ۲۰۰۳ء  میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے باوجود جموں کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔جموں کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گذشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری ۲۰۱۸ء سے سال رواں کے ماہ جولائی تک کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے ۸؍ ہزار۵۷۱؍بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK