Inquilab Logo

پنچایت انتخابات: بی جے پی کوسبقت، این سی پی دوسرے مقام پر

Updated: August 06, 2022, 1:15 PM IST | I Shaikh/ Sharjeel Qureshi/ Agency | Mumbai/ Aurangabad/Jalgaon/ Dhulia

مہاراشٹر کے ۶۲؍ تعلقوں کے لوکل باڈی انتخابات میںزبردست زورآزمائی ۔   شندے گروپ نے تیسرا مقام حاصل کیا ، جبکہ بغاوت سے جوجھ رہی شیوسینا کوچوتھا مقام ملا

The 7-member panel of the Aam Aadmi Party, which won the Gram Panchayat elections in Kumbhari village of Jalna district, celebrated its victory..Picture:INN
جالنہ ضلع کے کمبھاری گاؤں گرام پنچایت انتخاب میں کامیاب ہونے والا عام آدمی پارٹی کا ۷؍رکنی پینل فتح کا جشن مناتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این

 ریاست بھر کی ۲۷۱؍ گرام پنچایتوں کے انتخابات کے نتائج جمعہ کو ظاہر کئے گئے۔ لوکل باڈی انتخابات میں زبردست زورآزمائی دیکھی گئی۔  بی جے پی نے ۸۰؍ گرام پنچایتوں پر برتری حاصل کی ہے جبکہ این سی پی نے ۵۰؍ گرام پنچایتوں پر کامیابی کا پرچم لہرایا ہے ۔   ایکناتھ شندے گروپ کی شیوسینا سے کی گئی  بغاوت کے بعد ریاست میں سیاسی حالات بدلنے کا قوی امکان جتایا جارہا تھا۔ اس پس منظر میں سب کی توجہ گرام پنچایتوں انتخابات کے نتائج کی طرف مبذول تھی۔ نتائج کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ شندے گروپ نے شیوسینا کو متعدد گرام پنچایتوں  میں  چوٹ پہنچائی ہے ۔
پونے ضلع میں این سی پی کا دبدبہ 
 پونے ضلع کی کل ۱۹؍ گرام پنچایتوں میں این سی پی نے ۶؍ پر اپنا دبدبہ برقرار رکھا۔یہاں بی جے پی اورشندے گروپ کا زور نہیں چلا ہے اور بی جے پی کو ۲؍ گرام پنچایت اور شندے گروپ کو ایک گرام پنچایت پر کامیابی ملی ۔ضلع میں کانگریس نے اپنی موجودگی درج کرائی ہےا ور ایک گرام پنچایت پر اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ 
کراڈ میں بھی این سی پی کا زور
 کراڈ تعلقہ کی ۷؍ گرام پنچایتوں کے نتائج ظاہر ہوتے ہی این سی پی خیمے میں جشن کا ماحول رہا۔ یہاں این سی پی نے ۴؍ گرام پنچایتوں پر کامیابی کا پرچم لہرایا ہے ۔ جبکہ بی جے پی کو ایک ، شندے گروپ کو ایک گرام پنچایت ہاتھ آئی ہے۔ 
اورنگ آباد ،سلوڑ اور پیٹھن گرام پنچایتوں پر
شندے گروپ  کا قبضہ
 اورنگ آبادضلع کے پیٹھن ،سلوڑ اوراورنگ آباد دیہی حلقےکی گرام پنچایتوں کے انتخابات میں  میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے گروپ کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔اورنگ آباد کے دیہی علاقے کے وڑگاؤں کولہاٹی بجاج نگر گرام پنچایت انتخاب میں ایم ایل اے سنجے شرساٹھ پینل کے ۱۱؍ امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔جبکہ ۵؍ نشستوں پر شکست ہوئی ہے  ۔پیٹھن تعلقہ میں۷؍میں سے۶؍ گرام پنچایتوں پر شندے گروپ  نے اپنا  جھنڈا لہرا یا ہے۔ایم ایل اے سندیپن بھومرےکے پینل نے زبردست جیت حاصل کی ہے۔اپ گاؤں، کھیرڈا، نانےگاؤں، شیوتا، اگرنندر، گائوتانڈا ان گرام پنچایتوں پر شندے گروپ نے قبضہ جمایا ہے۔ سلوڑ تعلقے میں بھی ایکناتھ شندے کا جادو چل گیا ،شیو سینا کے ایم ایل اے عبدالستار نے گرام پنچایت انتخابات میں اپنا غلبہ برقرار رکھا ہے۔ سلوڑ تعلقہ کی اُپلی، جنجالا اور نانیگاؤں ان ۳؍ گرام پنچایتوں  پر شندے گروپ کے امیدواروں نے سبقت حاصل کی۔
راویر کی ۱۲؍میں سے ۸؍گرام پنچایتوں پر
 کانگریس پینل کا غلبہ
 جلگاؤں ضلع کے راویر تعلقہ میں ۱۲؍گرام پنچایت انتخابات میں ایک گرام پنچایت کے بلا مقابلہ انتخاب کے بعد ۱۱؍ گرام پنچایتوں کے انتخابات میں کانگریس اور این سی پی  اپنا غلبہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں۔ گرام پنچایت انتخابات میں کانگریس نے ۸؍ گرام پنچایتوں پر اکثریت حاصل کی ۔ جمعہ کو ریاست بھر میں گرام پنچایت الیکشن کے نتائج کا اعلان عمل میں آیا ۔ جلگاؤں ضلع کے راویر تعلقہ میں ۱۱؍گرام پنچایتوں کے انتخابات کے نتائج  کے لئے  راویر کے سب ڈویژنل دفتر میں  ووٹوں کی گنتی کی گئی ۔  موصولہ اطلاع کے مطابق این سی پی نے بقیہ ۴ ؍گرام پنچایتوں پر اپنا قبضہ جمایا ہے۔ جیت کے بعد کانگریس اور این سی پی کے کارکنوں نے  جشن منایا۔ راویر تعلقے میں بی جے پی، شیو سینا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دھولیہ ضلع میں  شندے گروپ  اور بی جے پی آگے
 دھولیہ ضلع کی ۵۲؍ گرام پنچایتوں میں سے شندے گروپ  نے ۲۰؍ گرام پنچایتوں پر ، جبکہ  بی جے پی نے ۱۰؍ گرام پنچایتوں پر کامیابی حاصل کی  ہے۔ کانگریس یہاں تیسرے مقام پر رہی اور اس نے  ۱۰؍ گرام پنچایتوں پردبدبہ بنایا ہے ۔ شیوسینا کے ہاتھ ۳؍ گرام پنچایتیں آئی ہیں۔ 
جالنہ میں عام آدمی پارٹی کا پوراپینل جیت گیا 
 عام آدمی پارٹی جو  اس سے قبل بھی لوکل باڈی انتخابات میں قسمت آزماچکی ہے اور کئی گرام پنچایتوں میں اس کے اراکین منتخب ہوچکے ہیں۔ اس بار جالنہ ضلع میں کمبھاری گاؤں کی گرام پنچایت پر آپ نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ پینل کے سبھی ۷؍ امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔ 

panchayat Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK