Inquilab Logo

رائے گڑھ ضلع میں کاغذسازی پروجیکٹ کو ہری جھنڈی

Updated: December 01, 2022, 8:40 AM IST | siraj shaikh | Mumbai

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے انڈونیشیا کی سنارمس پیپر کمپنی کو رائے گڑھ کے دھیرنڈ میں ۲۸۷؍ہیکٹر قطعہ اراضی کی سپردگی کے کاغذات حوالے کر دیئے،کاغذ سازی کی اس صنعت میں۲۰ ؍ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائیگی

Shinde and Farnavis are under fire for some projects going out of state (file photo).
کچھ پروجیکٹوں کے ریاست سے باہر جانے پر شندے اورفرنویس تنقیدوں کی زد پر ہیں۔(فائل فوٹو)

مہاراشٹر سے مختلف پروجیکٹو ںکی گجرات منتقلی  پر تنقیدوں میں گھری شندے فرنویس حکومت نے انڈونیشیا کی سنارمس پلپ اینڈ پیپر کمپنی کو رائے گڑھ میں کاغذ سازی کی صنعت قائم کرنے کیلئے ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلی دیویندر فرنویس نے رائے گڑھ ضلع کے دھیر نڈ میں واقع ۲۸۷؍ہیکٹر قطعہ اراضی کی  سپر دگی کے ضروری کاغذات مذکورہ کمپنی کے حوالے کردیئے ہیں۔سنارمس کے ذریعے مجموعی طور پر ۲۰؍ ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے ۷ ؍ہزار  ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔
 اس ضمن میںوزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے وزیر صنعت اُدے سامنت کے ساتھ   ایک خصوصی میٹنگ کی تھی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ مہاراشٹر میں صنعتوں کیلئے سازگار ماحول ہے اور زیادہ سے زیادہ صنعت کاروں کو مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کیلئے آگے آنا چاہیے، انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انڈونیشیا کی سنارمس پلپ اینڈ پیپر کمپنی کو بدھ کو وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ نے رائے گڑھ ضلع کے دھیرنڈ میں واقع ۲۸۷؍ ہیکٹر  قطعہ اراضی کی سپردگی سے متعلق ضروری کاغذات حوالے کر دیئے۔اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ  ایکناتھ شندے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ساتھ وزیر صنعت اُدے سامنت، چیف سیکریٹری منو کمار سریواستو، محکمہ صنعت کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹرہرشدیپ کامبلے، ایم آئی ڈی سی کے سی ای اوویپن شرما ، سنارمس  پلپ اینڈ پیپرس کمپنی لمیٹڈ کے ڈائریکٹر سریش کلم، کمپنی کے ہندوستانی سربراہ سدھارتھ فوگٹ اور دیگر موجود تھے۔ ایکناتھ شندے نے اس موقع پر کہا کہ مہاراشٹر میں صنعتوں کی توسیع کیلئے سرمایہ کاری کرتے وقت صنعت کار پریشان نہ ہوں،  انہیںتمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کے قیام کے بعد اس علاقے میں سڑکوں اور پانی جیسی بنیادی سہولیات بھی  مہیا کی جائیں گی۔شندے نے کہا کہ  صنعتوں کو فروغ دیتے ہوئے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو ترجیح دینا ہمارا مقصد ہے ۔ بڑی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع خصوصاً رتناگیری   ریفائنری کے ساتھ صنعت کاروں کو خصوصی دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انڈونیشیا کا یہ گروپ پہلی بار ہندوستان اور وہ بھی مہاراشٹر میں اس طرح کا پروجیکٹ قائم کرنے جا رہا ہے۔اس کے مطابق، رائے گڑھ ضلع کے دھیرنڈ میں مذکورہ کمپنی کو ۲۸۷؍ ہیکٹر قطعہ اراضی  دی گئی ہے اور حکومت پروجیکٹ کی مانگ کے مطابق مزید زمین دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
 نائب وزیر اعلیٰ فرنویس نے کہا کہ ریاست میں پچھلے ڈھائی سال کی تمام زیر التواء تجاویز پر عمل کیا جا رہا ہے اور حکومت مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کرنے والی صنعتوں کے ساتھ ہے، انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کاغذ سازی کی صنعت میں ایشیاء کی سب سے بڑی کمپنی، علی باغ میں ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کر کے یہاں صنعت قائم کرے گی۔ اس میگا پروجیکٹ کی وجہ سے ہزاروں مقامی لوگوں کو روزگار حاصل ہوگا۔
سنارمس ایشیا میں کاغذسازی کی سب سے بڑی کمپنی 
 سنارمس پلپ اینڈ پیپر لمیٹڈ ایشیا میں کاغذ تیار کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ یہ صنعت ہندوستان میں پہلی بار ۲۰ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے جا رہی ہے۔ انڈونیشیا کا یہ گروپ پہلی بار ہندوستان اور  بالخصوص مہاراشٹر میں اس طرح کا پروجیکٹ لگانے جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں ۱۰؍ ہزار کروڑ اور دوسرے مرحلے میں ۱۰؍ ہزار کروڑ کی اضافی سرمایہ کاری کی جائے گی اور اس کے ذریعے ۷؍ ہزار روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ پہلے مرحلے کیلئے کمپنی کو درکار ۳۰۰؍ہیکٹر  اراضی کی بجائے ایم آئی ڈی سی کی ۲۸۷؍ہیکٹر زمین کمپنی کو دی گئی۔ سنارمس کمپنی نے یکم اگست ۲۰۲۲ءکو ۳۷؍کروڑ روپے کی رقم ریزرویشن فیس کے طور پر ادا کی ہے۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے اس کمپنی کو انڈسٹریل پروموشن گرانٹ دینے کی منظوری  دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK