Inquilab Logo

اتوار اور عام تعطیل پر اے سی ٹرینیں نہ چلانے سے مسافروں کو دشواریوں کا سامنا

Updated: May 10, 2022, 9:33 AM IST | Mumbai

سینٹرل ریلوے کی اے سی ٹرین سروس چھٹیوں میں بند کرنے پر مسافروں نے سوال کیا کہ کیا ٹرین صرف سرکاری اور بینک ملازمین کےلئے چلائی جاتی ہے؟

Passengers are angry over closure of AC local service in Central Railway on Sundays and holidays. (File photo)
سینٹرل ریلوے میں اتوار اور چھٹی والے دن اے سی لوکل سروس بند رکھنے سےمسافرناراض ہیں۔(فائل فوٹو)

اے سی لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والے سینٹرل ریلوے کے مسافروں نے سوال کیا ہے کہ سینٹرل ریلوے اتوار اور عام تعطیلات پر اے سی لوکل ٹرینوں کی خدمات بند کیوں کر دیتی ہے۔کیا اے سی لوکل ٹرینیں صرف سرکاری ملازمین اور بینک ملازمین کےلئے چلائی جاتی ہیں؟روزانہ سفر کرنے والے مسافروں نے اتوار اور عام چھٹیوں پر اے سی لوکل سروس بند کرنے کی منطق پر سوال اٹھائے  ہیں۔
 اے سی لوکل سے سفر کرنے والے راج نارائن نے کہا کہ ’’آج بھی پتہ چلا کہ اتوار کو اے سی لوکل کی خدمات ہمیشہ کی طرح بند رہیںگی۔سوال یہ ہے کہ کیا اے سی ٹرین صرف بینک، سرکاری ملازمین یا پھر ریلوے ملازمین کےلئے چلائی جا رہی ہیں۔پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کو اے سی ٹرین کی خدمات سے اتوار کو کیوں محروم رکھا جا رہا ہے۔عام طور پر اتوار اور چھٹی والے دن زیادہ بھیڑ رہتی ہے اور جنرل ٹرین میں زبردست بھیڑ کی وجہ سے مسافروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘
 ایک دیگر مسافر رشبھ کینیا کا کہنا ہے کہ ’’صرف سرکاری اور بینکنگ سیکٹر میں کام کرنے والوں کو اتوار کو چھٹی رہتی ہے۔بقیہ لوگ معمول کے مطابق ڈیوٹی پر جاتے ہیں۔اتوار کو سینٹرل ریلوے میں اے سی لوکل ٹرین خدمات بند رکھنے کی کیا منطق ہے  یہ سمجھ میں نہیں آتی۔ہم زیادہ قیمت ادا کرکے اے سی کا پاس خریدتے ہیں اور ہمیں اتوار اور عام تعطیلات کو دشواری کا سامنا  اٹھاناپڑتا ہے۔میرا تو مشورہ ہے کہ چھٹی والے دن اے سی لوکل سروس کو مزید بڑھا دیا جانا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں سفر کر سکیں۔پرانی روایت کے مطابق اتوار کو اے سی ٹرین بند رکھنے کا کیا جواز ہے؟‘‘مسافروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب ویسٹرن ریلوے میں اتوار اور عام تعطیلات کو اے سی لوکل چلائی جا سکتی ہیں تو سینٹرل ریلوے میں کیوں نہیں چلائی جا سکتی؟
پرانا ٹائم ٹیبل کب تک چلےگا؟
 ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار کو ٹرینوں کا ٹائم ٹیبل جو بنایا جاتا ہے وہ طویل عرصہ سے ایک ہی ہے۔گاڑیوں کی مرمت اور مینٹیننس کےلئے انہیں یارڈ لے جانا پڑتا ہے ا ور یہ کام اتوار اور چھٹی والے دن ہی ممکن ہے تاکہ مسافروں کو کم سے کم دشواری پیش آئے۔سینٹرل ریلوے اور ویسٹرن ریلوے دونوں میں ہی ۴۔۴؍اے سی لوکل ٹرینیں ہیں۔سینٹرل ریلوے میں ۶۰؍ سروس چلائی جاتی ہے جبکہ ویسٹرن ریلوے میں ۲۸؍۔اس حساب سے بھی سینٹرل ریلوے میں گاڑیوں کی دیکھ ریکھ اورمینٹیننس کےلئے زیادہ ضرورت پیش آتی ہے۔ 
 سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے پہلے ہی یہ ٹوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا کہ اے سی ٹرینیں اتوار اور پبلک ہالی ڈے پر بند رہیںگی۔‘‘
ٹکٹ کیوں دیتے ہیں؟
 ڈومبیولی سے سفر کرنے والے ایک مسافر کو محسوس ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ فریب دہی کی جا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ یو ٹی ایس(UTS)ٹکٹ سسٹم کے ذریعے میں نے ٹکٹ نکالاتھا اور میرے اکاؤنٹ سے رقم بھی کاٹ لی گئی۔جب میں اسٹیشن پہنچا تو پتہ چلا کہ اے سی لوکل تو آج بند رہتی ہے۔سوال یہ ہے کہ جب  اتوار کو اے سی ٹرین سروس بند رہتی ہے تو ٹکٹ کیوں دیا جاتا ہے۔میں نے ٹکٹ  لیا  اور رقم بھی کاٹ لی گئی ۔سسٹم میں رقم واپس حاصل کرنے کا کوئی متبادل بھی نہیں ہے۔مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے میرے ساتھ فریب دہی کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK