Inquilab Logo

بھیونڈی سےممبئی سینٹرل تک بس سروس سے مسافرخوش

Updated: May 07, 2022, 1:43 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

یہ ایس ٹی بس روزانہ صبح ۱۱؍ بجے روانہ ہوگی اور دوچکر لگائے گی ۔ شیواجی چوک کی طرح دیگر علاقوں سے بھی بس سروس شروع کرنے کا شہریوں کی جانب سے مطالبہ

ST bus service is being inaugurated from Shivaji Chowk.
شیواجی چوک سے ایس ٹی بس سروس کا افتتاح کیا جارہا ہے۔

بھیونڈی:یہاں شیواجی چوک کا علاقہ دھیرے دھیرے ذرائع نقل و حمل کے ایک نئے مرکز میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔ یہاں سے ملنڈ کے بعد اب ممبئی سینٹرل تک  بس سروس شروع کردی گئی ہےجس کا ان علاقوں کے اطراف میں رہائش پذیر  افراد  نے استقبال کیا ہے۔شہریوں نے ایسی ہی بس سروس  شہر کے دیگر علاقوں سے بھی شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
  صنعتی شہرسے ممبئی،تھانے،بوریولی،واڑہ،ناسک اور ریاست کے دیگر شہروں میں سفر کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے نام پر واحد ذریعہ ایس ٹی بس ہے۔بالخصوص عروس البلاد ممبئی سے بھیونڈی کا صرف کاروباری تعلق نہیں ہے بلکہ سماجی،سیاسی اور تعلیمی بھی ہے۔اس کی وجہ سے روزانہ ہزاروں افراد بھیونڈی سے ممبئی سے سفر کرتے ہیں جن میں بڑی تعداد طلبہ اور مریضوںکی ہوتی ہے جوممبئی کے دیگر حصوں میںحصول علم اور علاج کے غرض سے روزانہ سفر کرتے ہیں۔شہریوں کی اس پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے ایس ٹی مہا منڈل نے شیواجی چوک سے ممبئی سینٹرل کیلئے بس سروس شروع کی ہےجس کاافتتاح شیوسینا کے شہر پرمکھ سبھاش مانے نے ہری جھنڈی دکھا کرکیا۔ اس موقع پر بھیونڈی ایس ٹی ڈپو کے سربراہ سالونکھے بھی موجودتھے۔ 
  بھیونڈی سے ممبئی جانے کیلئے ایس ٹی مہامنڈل کی بسیں اہم ذریعہ ہیں۔ان بسوں سے عام شہریوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے مقصد سے ایس ٹی مہانڈل نے  چھترپتی شیواجی چوک سے ممبئی جانے کیلئے بس  سروس شروع کردی ہے۔ یہ بس روزانہ صبح ۱۱؍بجے شیواجی چوک سے روانہ ہوگی۔ یہی بس ممبئی سینٹرل پہنچ کر واپس شیواجی چوک آئے گیاور پھر دوبارہ ممبئی کیلئے روانہ ہوجائے گی۔ایس ٹی ڈپو نے ابھی اس کاباقاعدہ ٹائم ٹیبل جاری نہیں کیاہے۔ڈپو کے افسران کا کہناہے کہ یہ 

 

روزانہ دو چکر ممبئی کا لگا ئے گی جس کا کرایہ ممبئی تک ۹۰؍ روپے ہوگا۔
  شہریوں کی دشواریاں کو دیکھتے ہوئے سبھاش مانے اور دیگر سماجی نمائندوں نے وزیر ٹرانسپورٹ انل پرب سے درخواست کی  تھی کہ وہ چھترپتی شیواجی چوک سے ممبئی سینٹرل تک بس سروس شروع کریں  جس کے تحت چھترپتی شیواجی چوک سے ممبئی سینٹرل تک بس سروس شروع کی گئی۔ سبھاش مانے نے چھترپتی شیواجی چوک سے ممبئی کے مختلف مضافات بشمول بوریولی تک بھی بس سروس شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔شہریوں نے ان کے اس مطالبے کا استقبال کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں جیسے غیبی نگر،شانتی نگر اور درگا روڈوغیرہ سے بھی بس سروس شروع کی جائے۔
 درگاہ روڈ پر رہنے والے ایک شخص نے بتایا کہ شیواجی چوک ایک پاش علاقہ ہے جہاں ایس ٹی بسوں سے سفر کرنے والوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔یہاں کے مکین اپنے گاڑیوں میں ممبئی اور دیگر مقامات تک سفر کرنے کو ترجیح  دیتے ہیں۔شیواجی چوک سے بھی وہی مسافر سفر کریں گے جو دور دراز علاقوں سے ایس ٹی تک جاتے تھے۔اب وہ ایس ٹی کے بجائے شیواجی چوک جائیں گے۔اس لئے انتظامیہ سے درخواست ہے کہ وہ ان بسوں کے پوائنٹ کو وہیں بنائیں جہاں ان بسوں میں سفر کرنے والے رہائش پزیر ہیں۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK