Inquilab Logo

پٹنہ:۲۷؍فروری کی مہاریلی میں فلمی شخصیات بھی شامل ہوں گی

Updated: February 24, 2020, 11:53 AM IST | Inquilab News Network | Patna

گاندھی میدان میں ہونے والی اس ریلی میں میں ہدایت کار انوراگ کشیپ ، سوارابھاسکر، پرکاش راج ، سشانت سنگھ ، کنہیا کمار اور جے این یوطلبہ یونین کی لیڈرآئشی گھوش شرکت کریں گی، مہاریلی میں۱۰؍ لاکھ سے زیادہ افرادکےشامل ہونے کا دعویٰ، تیاریاں زوروں پر

کنہیا کمار ۔ تصویر : ٹویٹر
کنہیا کمار ۔ تصویر : ٹویٹر

 پٹنہ : سی پی آئی لیڈر کنہیا کمار بہار میں مہم میں مصروف ہیں۔گزشتہ کئی دنوں سے وہ ریاست کے مختلف اضلاع کا دوروں کرچکے  ہیں اور۲۷؍ فروری کو پٹنہ میں ریلی کرنے  والے ہیںجس کے سبب بہار اسمبلی انتخابات سے قبل صوبہ کا سیاسی درجۂ حرارت چڑھنے لگا ہے۔ ایک طرف جہاں بی جے پی، جے ڈی یو، آر جے ڈی اور کانگریس پارٹی کے لیڈران بیان پر بیان دے رہے ہیں وہیں پرشانت کشور کی آمد نے سیاسی گلیاروں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ 
 جے این یو طلبہ یونین کے سابق صدر اور سی پی آئی لیڈر کنہیا کمارکی۲۷؍ فروری کو پٹنہ کے گاندھی میدان میں ہونےوالی ریلی سے مزید سیاسی پارہ چڑھ گیاہے۔ بایاں محاذکی ریلی میں فلمی شخصیات بھی نظر آئیں گی۔ گاندھی میدان میں ہونے والی کنہیا کمار کی ریلی جس کا نام ’سنویدھان بچائو ناگرکتا بچائو مہاریلی‘ دیا گیا ہے، کی کامیابی کیلئے بایاں محاذ کوئی کسر چھوڑنا نہیں چاہتا ہے۔
 بائیں بازو کی جماعتوں نے اس ریلی میں ۱۰؍ لاکھ افراد کو جمع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ریلی کیلئے تیاریاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔ اطلاع کے مطابق کنہیا کمار کی ریلی میں سماجی، سیاسی شخصیات کے علاوہ مختلف شعبوں سے جڑے نوجوان چہرے اور بالی ووڈ کی تقریباً ایک درجن بڑی شخصیات شامل ہوں گی۔ پٹنہ میں ہونے والی ریلی میں بالی ووڈ کے جو بڑے چہرے طرح نظر آئیں گے ان میں اداکارہ سوارا بھاسکر، اداکار پرکاش راج، سشات سنگھ اور ہدایت کار انوراگ کشیپ کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پٹنہ کی ریلی میں پہلی بار اےایس آئی ایف کی خاتون لیڈر اور جے این یو طلبہ یونین کی صدر آئیسی گھوش بھی شرکت کریں گی۔
 سی پی آئی لیڈر کنہیا کمار اس ریلی کی تیاری کیلئےپورے زور وشور سے تیاری کر رہے ہیں اس کا اندازہ اسی سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ گزشتہ کئی دن سے ریاست کے مختلف اضلاع کا مسلسل دورہ کر رہے ہیں۔ کنہیا کمارنے۳۰؍ جنوری سے مغربی چمپارن سے اپنا دورہ شروع کیا تھا۔ ان کے اس دورے کا اختتام۲۷؍ فروری کو پٹنہ میں ہونا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کنہیا کمار بہار کی سیاست میں مسلسل سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔
 بیگو سرائے میں بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ سے الیکشن ہارنے کے بعد کنہیا کمار نے بیگو سرائے سمیت بہار کے تمام اضلاع میں روڈ شو کئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ کنہیا کمار کوشش کر رہے ہیں کہ اس سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے بہار میں بائیں بازو کی پارٹی کی پوزیشن مضبوط کی جائے۔ اس کے لئے کنہیا سے ان کی پارٹی نے بھی کافی امیدیں لگا رکھی ہیں۔ آج کی تاریخ میں کنہیا کمار بہار میں نہ صرف نوجوانوں کیلئے بلکہ بایاں محاذ کا سب سے زیادہ مشہور چہرہ بھی مانے جا رہے ہیں۔ سی پی آئی لیڈروں کا بھی ماننا ہے کہ سارے لیڈروں کے جلسوں میں بہترین جلسے کنہیا کمار کے ہی ہو رہے ہیں۔ ایسے میں ۲۷؍ فروری کی ریلی سے پارٹی یا کنہیا کمار کو کتنا فائدہ ہوگا یہ آنے والا وقت ہی بتائےگا۔
 ’این پی آر،این آرسي،سی اے اےورودھی سنگھرش مورچہ‘ کےبینرتلے جاری ’سنویدھان بچائو،  ناگرکتا بچائو  ریلی‘ میں۱۰۰؍ سے زائد سماجی تنظیمیں، سیاسی جماعتوں کے نمائندے ، ٹریڈ يونين  اور سول سوسائٹی کے کئی گروپ شامل ہیں۔ منتظمین کے مطابق ریلی کیلئے۲۶؍ فروری سے ہی دور اضلاع سےشرکاء کا آنا شروع ہو جائے گا۔ ان کے قیام و طعام کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مورچہ کے رہنماؤں کے مطابق۱۷؍ فروری تک کنہیا کمار کے قافلے پر ۹؍ بار مختلف اضلاع میں فاشسٹ اور فرقہ پرست عناصر نے حمل کئے، کئی جگہیں گاڑیوں توڑ گئیں،  پتھراؤ کیا گیا، آرہ کے قریب اسٹیج پر چپل تک چلا دیا گیا اوراسٹیج جلادیا گیا  اس کے بعد بھی جن گن من یاترانہیںرکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK