Inquilab Logo

شیخ الجراح میں سوتے ہوئے لوگوں کو گھر سے نکال کر اُسے منہدم کردیاگیا

Updated: January 20, 2022, 8:20 AM IST | Jerusalem

اسرائیلی فورس کا ظالمانہ انتقام | دن میں اپنے مکان کے انہدام کی مخالفت کرنے پر ظالم فورسیز نے پوپھٹنے سے قبل فلسطینیوں کےمکان کا محاصرہ کیا، اچانک گھر میں گھس کرمار پیٹ کی ، مردوں کو گرفتار کیا اور مکان کوزمیں بوس کردیا

Local social worker Muhammad Abu Al-Hamous collects family photos and essential items from the rubble of a collapsed house. (PTI)
مقامی سماجی کارکن محمد ابو الحموس منہدم شدہ مکان کے ملبے سے اہل خانہ کی تصاویر اور ضروری اشیاء اکٹھا کرتے ہوئے۔ (پی ٹی آئی)

 دن میں  مکان  کے انہدام کے خلاف احتجاج کرنے والے ایک فلسطینی خاندان سے انتقام لیتے ہوئے ظالم اسرائیلی فورسیز  نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب  مکان کو اس وقت منہدم کردیا جب اس میں موجود افراد محو خواب تھے۔ 
  الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق  اسرائیلی پولیس اور اسپیشل فورسیز کی ایک بڑی ٹیم نے رات ۳؍ بجے مکان کا محاصرہ کیا اور پھر پوپھٹتے ہی   اچانک گھر میں گھس گئے۔ تمام سوتے ہوئے لوگوں کو مارتے پیٹتے ہوئے اٹھایا، مردوں کو گرفتار کیا اور گھر کو بڑی بڑی مشینوں کا استعمال کرتے ہوئے  ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا۔ گھر کے سربراہ محمود صالح سمیت ۶؍ افراد کوگرفتار کرلیاگیاہے جبکہ  مکان کے انہدام کو روکنے کیلئے   اظہار یکجہتی کے طور پر مکان میں موجود ۱۸؍ افراد کو بھی حراست میں  لے لیاگیاہے۔ اردن کی وزارت خارجہ  اور اسلامی تعاون تنظیم   نے الگ الگ بیانات میں   اسرائیلی فورسیز کی اس ظالمانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔ قابض فوجوں کی اس کارروائی کی وجہ سے  ۱۸؍ افراد کا خاندان کے سر سے چھت چھن گئی ہے اور اب وہ سڑک پر آگیا ہے۔ 
 یہ انہدامی کارروائی موسم کی سردترین را ت میں  اس وقت کی گئی جب فجر کی اذان ہورہی تھی۔ اسرائیل نے انہدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ مقام پرآس پاس کے رہنے والوں  کیلئے  خصوصی اسکول کھولا جائےگا۔  ۱۹؍ سالہ یاسمین صالح نے بتایا کہ ’’ کم وبیش ۵۰؍ افسر اچانک گھر میں داخل ہوئے اورانہوں نے گھر کے مردوں کو پیٹنا شروع کردیا۔ انہوں نے میری  پھوپھی کو بھی زدوکوب کیا۔‘‘ یاسمین  نے مزید بتایا کہ ’’انہوں نے میرے والد کو بستر سے کھینچ کر نیچے  اتارا اور  میرے بھائیوں کےساتھ انہیں بھی پیٹنے لگے۔ انہیں کپڑے تک پہننے کا موقع نہیں   دیا گیا اور گرفتار کرلیاگیا۔‘‘ یاسمین صالح نےبتایا کہ انہدامی کارروائی کے خلاف اکٹھا ہونے والے افراد کو وہاں پہنچنے سے روکنے کیلئے اسرائیلی فورسیز نے ربڑ کی گولیاں بھی داغیں۔ واضح رہے کہ شیخ الجراح میں واقع اس خاندان نے دن میں  انہدامی  کارروائی نہیں  ہونے دی  اور مختلف سماجی کارکنان  کی مدد سے  صدائے  احتجاج کرتے ہوئے انہدامی  دستوں کو واپس جانے پرمجبور کردیاتھا۔ 

israel Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK