Inquilab Logo

یوپی کو قدرتی آفات سے بچانے کا منصوبہ

Updated: May 18, 2022, 12:06 PM IST | Agency | Lucknow

ریاست میں بارش، ژالہ باری ،سیلاب اور دیگر آفات کے دوران ہونے والے جانی اور مالی نقصان کو روکنے کیلئے حکمت عملی تیارکی جارہی ہے ۔ مختلف اضلاع میں عوام کو فوری امداد پہنچانے کے لئے’آپدا متر‘ اور ’آپدا سکھی ‘ مامور کئے جائیں گے

Attempts to evacuate flood-hit areas.Picture:INN
پر یا گ راج میں سیلا ب زدہ علاقہ سے نکلنے کی کوشش۔ تصویر: پی ٹی آئی

 اتر پر دیش میں بر سات سے  پہلے عوام کو قدرتی آفات  سے بچانے کا منصوبہ تبار کیا گیا ہے۔  اس کے تحت ریاست کسی بھی قسم کی آفت کے دوران عوام  کو  ہنگامی بنیادوں  پر امداد پہنچانے کے لئے’آپدا متر‘ اور ’آپدا سکھی ‘ مامور کئے جائیں گے۔
 یوگی حکومت نے ریاست میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی اسکیموں کو عملی جامہ پہنانے کے تحت اس کا آغاز کیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے منگل کو جاری  بیان کے مطابق بارش، ژالہ باری، سیلاب کے دوران ہونے والے نقصان کو روکنے اور  عوام کی جان بچانے کیلئے مضبوط حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ اس کے لئے ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے ساتھ مل کر ریاستی حکومت ۲۵؍اضلاع میں آپدا متر اور آپدا سکھی اسکیم کو  توسیع دے گی۔ اس اسکیم کے تحت ضلع کے۱۸؍ سے۴۰؍ سال کی عمر کے ایسے رضاکاروں کو ترجیح دی جائے گی جو شہری دفاع ،  ہوم گارڈ،سماجی خدمات  اور تیراکی کا تجربہ رکھتے ہوں۔ ان کے پاس قدرتی آفات سے نمٹنے کا   ​​تجربہ بھی ہو نا چاہئے۔ آپدا متر اور آپدا سکھیوں کو ریسکیو آلات اور حفاظتی کٹس سے آراستہ  کیا جائے گا تاکہ وہ کسی بھی آفت سے نمٹ سکیں۔ اس کے لئے انہیں تربیت بھی دی جائے گی۔ اسکیم کے تحت قدرتی آفات جیسے بارش، بادل پھٹنے اور ژالہ باری وغیرہ سے متاثر افراد کو امداد فراہم کی جائے گی۔ ریاستی حکومت راحت اور آفات سے نمٹنے کے لئے اس ایکشن پلان پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت سیلف ہیلپ گروپس کی ۱۰؍لاکھ خواتین کو قدرتی آفات سے نمٹنے کی تربیت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ہیلپ لائن۱۰۷۰؍ کو بھی۱۱۲؍ ہیلپ لائن کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ اہم بات یہ ہےکہ حکومت جہاں ایک طرف  آئندہ۶؍ مہینے میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ   اسکیم کو آگے بڑھاتے ہوئے   آسمانی بجلی کیلئے ’لائٹننگ سیفٹی پروگرام‘ نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہے  وہیں دوسری طرف ضلعی سطح پر ایمرجنسی آپریشن  سینٹروں کو مضبوط کرنے کا ایکشن پلان بھی تیار کیا جارہا ہے۔  حکومت  کی جانب سے سیلاب سے نمٹنے  کیلئے بھی بہتر انتظام کئے جارہے ہیں۔ ندیوں کی نگرانی کے نظام کو مضبوط کرنے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔ گزشتہ ۵؍ سال میں راحت کمشنر کے دفتر میں ایک ریاستی سطح کا ایمرجنسی  سینٹر قائم کیا گیااور ریلیف ہیلپ لائن ۱۰۷۰؍ متعارف کرایا گیا ۔ ریلیف ہیلپ لائن کو۲۴؍ گھنٹے فعال رکھنے کیلئے ریاست میں ۱۵؍کال سینٹر قائم کئے گئےہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK