Inquilab Logo

تلوار اور کوئتے سے کیک کاٹنے والے نوجونوں پر پولیس کی کارروائی

Updated: September 20, 2022, 9:50 AM IST | Mumbai

پونے میں کوئتے سے کیک کاٹنے والا ایک نوجوان گرفتار جبکہ ممبئی میں تلوار سے کیک کاٹنے والے ۱۷؍ سالہ لڑکے کو پولیس تلاش کر رہی ہے

Cutting cakes with swords has become a fashion among the youth (File Photo).
نوجوانوں میں تلوار سے کیک کاٹنا ایک فیشن ہو گیا ہے ( فائل فوٹو)

 تلوار اور دیگر دھار دار ہتھیاروں سے کیک کاٹ کر اپنی سالگرہ منانے کا فیشن نوجوانوں میں بڑھتا جا رہا ہے۔ لیکن اس معاملے میں اب پولیس بھی چوکنا ہو گئی ہے۔ پونے پولیس نے   اسی طرح کی حرکت کرنے کی پاداش میں ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے جبکہ ممبئی میں پولیس ایک لڑکے کو تلاش کر رہی ہے۔ 
  اطلاع کے مطابق پونے میں آتش لانڈگے نامی  نوجوان نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک دھار  دار کوئتے سے کیک کاٹا اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ ویڈیو پولیس تک پہنچا تو کرائم برانچ یونٹ ۱؍  نے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔  پولیس نے ملزم کے پاس سے ایک کوئتہ اور ۵؍ سو روپے نقد ضبط کئے ہیں۔ یاد رہے کہ پونے میں دھاردار ہتھیار سے کیک کاٹنے کے معاملات پہلے بھی سامنےآئے ہیں۔ اس  لئے پولیس اس معاملے میں پہلے ہی مستعد تھی۔  اور اس طرح کےمعاملات پر قدغن لگانے کیلئے ہی پولیس نے یہ کارروائی کی ہے۔ اس سے قبل کھڑک واسلہ علاقے میں پونے پولیس نے اسی طرح کوئتے سے کیک کاٹنے کے معاملے میں ایک نوجوان کو گرفتار کیا تھا۔ 
 ممبئی میں ۱۷؍ سالہ لڑکے کی تلاش
 ادھر ممبئی میں ایک ۱۷؍ سالہ لڑکے نے اپنی سالگرہ کا جشن منانے کیلئے  اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر تلوار کے ذریعے ایک دو نہیں پورے ۲۱؍ کیک کاٹے ۔  سالگرہ کی اس تقریب کاویڈیو  بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا اور پولیس کو خبر ہوگئی۔  واضح رہے کہ تلوار کا استعمال یا اسے اپنے پاس رکھنا غیر قانونی ہے ۔ لہٰذا پولیس نے ویڈیو دیکھتے ہی اس لڑکے کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا اور اس کی تلاش شروع کر دی۔ اطلاع کے مطابق یہ معاملہ ممبئی کے مضافاتی علاقے بوریولی کا ہے اور مذکورہ لڑکا گزشتہ  جمعہ کی رات اپنے دوستوں کے ساتھ اپنی سالگرہ منا رہا تھا۔  فی الحال لڑکے کانام معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ نہ ہی پولیس اس معاملے میں کسی کو گرفتار کر سکی ہے۔ 
  واضح رہے کہ ان دنوں اپنے چنندہ دوستوں کے ساتھ راستے پر کیک کاٹنا ایک فیشن بن گیا ہے۔ لوگ بڑی دعوتوں کے بجائے اپنے دوستوںکے درمیان سالگرہ مناتے ہیں لیکن بعض اوقات اس طرح کے نوجوان تلوار یا خنجر جیسے ہتھیاروں سے کیک کاٹ کر خود کو منفرد ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اتنا ہی نہیں بلکہ یہ نوجوان اس غیر قانونی حرکت کا ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کر دیتے ہیں۔ لیکن اب پولیس نے اس طرح کے ویڈیو پر نظررکھنا شروع کر دیا ہے تاکہ ان لوگوں ہر قدغن لگائی جائے۔ 

cut cakes Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK