Inquilab Logo

تھانے :آج سےہوٹل اور ریسٹورنٹ کو رات ساڑھے ۱۱؍ بجے تک کھلا رکھنے کی مشروط اجازت

Updated: October 10, 2020, 4:30 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

یہاں کے ہوٹل ، ریسٹورنٹ ، بیئر بار اور فوڈ پلازہ کے مالکان کیلئے یہ بڑی راحت کی خبر ہے کہ انہیں سنیچر ۱۰؍  اکتوبر (آج) سے صبح ۷؍ سے رات ساڑھے ۱۱؍بجےتک کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 یہاں کے ہوٹل ، ریسٹورنٹ ، بیئر بار اور فوڈ پلازہ کے مالکان کیلئے یہ بڑی راحت کی خبر ہے کہ انہیں سنیچر ۱۰؍  اکتوبر (آج) سے صبح ۷؍ سے رات ساڑھے ۱۱؍بجےتک کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تھانے کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر ویپن شرما کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں اس کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ واضح رہےکہ کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن میں تقریباً پونے ۷؍مہینے تک ہوٹلیں اور ریسٹورنٹ بند تھے۔ ۵؍ اکتوبر سے انہیں ۵۰؍ فیصد گنجائش کے ساتھ دوبارہ کھولنے کی مشروط اجازت دی گئی تھی اور وہ بھی صبح ۹؍ سے شام ۷؍ بجے تک ہے۔اسی لئے تھانے کی ہوٹل اور ریسٹورنٹ اسوسی ایشن کی جانب سے میونسپل کمشنر سے درخواست کی گئی تھی کہ کاورباری اوقات میں توسیع کی جائے۔ ان مطالبات پر غور کرنے کے بعد میونسپل کمشنر ڈاکٹر ویپن شرما نے ۱۰؍ اکتوبر سے صبح ۷؍ بجے تا رات ساڑھے ۱۱؍بجے ریسٹو رنٹ ، ہوٹل، بیئر بار اور فوڈ پلازہ کو کھلا رکھنےکی اجازت دے دی ۔ تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی ) کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں حسب سابق پابندیاں جاری رہیں گی اور وہاں کے ریسٹورنٹ اور ہوٹل وغیرہ کو بھی کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
 میونسپل کمشنر کے اس اعلان کے بعد ریسٹورنٹ ،ہوٹل اور بار مالکان نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمار اصل کاروبار تو شام ۷؍ بجے کے بعد ہی شروع ہوتا ہے اور اس وقت ہمارے ریسٹورنٹ ، ہوٹل اور با ر کو بند کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ اس سے ہمیں شدید نقصان ہو رہا تھا۔
 حالانکہ ریاستی حکومت او رشہری انتظامیہ کی جانب سے ریسٹورنٹ ، ہوٹل اور فوڈ پلازہ وغیرہ کو متعدد شرائط پر عمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ان میں ۵۰؍ فیصدگاہکوں کو سروس فراہم کرنا، ہر گاہک کی تھرمل اسکریننگ کرنا ، وقتا فوقتاً ہوٹل ، ریسٹورنٹ کو سینیٹائزکرنا، محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا، کھانے پینے کے علاوہ وقت میں منہ پر ماسک لگائے رکھنا ، ہوٹل میں داخل ہونے اور نکلنے کا راستہ الگ الگ رکھنا تاکہ گاہکوں کا آپس میں ٹکراؤ اور آمنا سامنا نہ ہو وغیرہ شرائط شامل ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK