Inquilab Logo

ممبراکوسہ کو منشیات سے پاک کرنے کاپولیس کا عزم

Updated: December 18, 2021, 1:01 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ڈرگس کے کاروبارپرقدغن لگانے کیلئے خصوصی دستہ بھی تشکیل دیا ، ڈیڑھ مہینے میں ۳۰؍ معاملات درج کرتے ہوئے ۲۰؍ افراد کو گرفتار کیا گیا، نشے کے اڈے کو بھی شہری انتظامیہ نے منہدم کردیا

The mud house in Azadnagar, which used to be a drug den, is being demolished.
آزادنگرکے جس کچے مکان میں نشہ کا اڈہ تھا ، اسے منہدم کیا جارہاہے۔

پولیس کی جانب سے ممبرا کوسہ کو منشیات سے پاک کرنے کا عزم کیاگیا ہے۔منشیات کے کاروبار پر قدغن لگانے کیلئے پولیس  نےایک خصوصی دستہ بھی تشکیل دیا ہے جس نے گزشتہ ایک تا ڈیڑھ مہینے میں ۳۰؍ معاملات درج کرتے ہوئے ۱۵؍ تا ۲۰؍  افرادکو گرفتار کیا ہے۔ ان میں۲؍ نائیجیرین   بھی شامل ہیں ۔ ان کے علاوہ  ۸؍ تا ۱۰؍ بڑے منشیات فروش بھی ہیں۔  ڈپٹی  پولیس کمشنر ( ڈی سی پی )  نے عوام سے درخواست کی ہے کہ اگر ان کے اطراف کوئی نشہ آور اشیاء فروخت کر رہا ہے تو وہ پولیس کو مطلع کرسکتے ہیں،  ان کی شناخت مخفی رکھی جائے گی۔
  ممبرا پولیس اسٹیشن میں انسداد منشیات دستہ کے سب انسپکٹر ہرشد کالے سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ’’گزشتہ تقریباً ڈیڑھ مہینوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کافی کارروائی کی گئی ہے۔ مفیڈرین ڈرگس(ایم ڈی) اوربڑے بڑے  منشیات فروشوں پر پولیس نے شکنجہ کسا  ہے۔  اسی دوران کھڑی مشین روڈ، ممبرا بائی پاس، وائی جنکشن، ریتی بندر اور دیگر مقاما ت پر  نشہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ممبرا کوسہ منشیات سے پاک ہو جائے۔  انہوں نے مزید بتایاکہ’’ ہمارا عزم تو پورے شہر کو منشیات سے پاک کرنا ہے لیکن منشیات مخالف ہمارے دستے میں ایک آفیسر اور ۳؍  کانسٹیبل ہی ہیں۔ ٹیم بہت چھوٹی ہے، ڈیڑھ مہینے سے مَیں نے ہفتہ واری چھٹی بھی نہیں لی ہے۔ ٹیم چھوٹی ہونے سے ہم ہر جگہ نہیں پہنچ پا رہے ہیں کیونکہ منشیات فروشوں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ اسٹاف کی قلت کے باوجود ہم لوگ دن رات کام کر رہے ہیں۔ ہماری پہلی کوشش ہے کہ بڑے بڑے منشیات فروشوں کے خلاف پہلے کارروائی کی جائے کیونکہ وہی چھوٹے سپلائر کو منشیات پہنچاتے ہیں۔بڑے سپلائر کو پکڑنے سے چھوٹے منشیات فروش بھی متاثر ہوں گے۔‘‘
نشے کے اڈے کو منہدم کردیا گیا
 دریں اثناء ممبرا میں کھڑی مشین روڈ پر واقع آزاد نگر علاقےمیں جس کچے مکان کی آڑ میں  سماج دشمن عناصر نشہ کیا 


کرتے تھے،  اسے  تھانے میونسپل کارپوریشن( ٹی ایم سی) میں اپوزیشن لیڈر  اشرف(شانو) پٹھان کی شکایت پر منہدم کردیا گیا ہے۔ اشرف پٹھان  کے مطابق اس کچے مکان میں بکریاں پالنے کے بہانے منشیات فروخت کی جاتی تھی اور نشہ کیاجاتا تھا۔ بھیم نگر، آزاد نگر ، ماؤنٹین و یلی  اور چینا ہائٹس   کے مقامی افراد نے اس بارے میں مجھے کئی شکایتیں کی تھیں اسی لئے  اس مکان کو منہدم کر دیا گیا تاکہ منشیات کا کاروبار ختم ہوجائے۔
چند اہم معاملات:
 ممبرا بائی پاس روڈ کے قریب واقع کھڑی مشین روڈ پر منشیات فروخت کرنے کے الزام میں  فیروز خان (۳۵) (ساکن: انشا نگر)، سید نسیم عرف راجو (۵۰) (ساکن: کھڑی مشین روڈ) اور ہدایت انصاری (۴۱) ساکن:شیل پھاٹا) کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے ۵؍ لاکھ ۸۰؍ ہزار روپے کا ۵۷؍ گرام پاؤڈر  برآمد کیا گیا ہے۔۲۵؍ لاکھ روپے کی ایم ڈی کے ساتھ نائیجیرین گرفتار:  دیوا  ڈمپنگ گراؤنڈ میں ایم ڈی  سپلائی کرنے کےالزام  میں ایجیکو اوجنگو(۴۴) (مقیم : نوی ممبئی )  کو گرفتار کیاگیاتھا۔ ۱۶؍ لاکھ روپے کا ایم ڈی پاؤڈر ضبط ۲؍ گرفتار: ممبرا کے سینئر پولیس انسپکٹر دادا ہری چورے کی نگرانی میں پولیس نے گوڈون ایفینجی (۴۱)، اور ندیم خان (۴۰) کو ممبرا بائی پاس جنکشن کے پاس سے گرفتار کیا ۔  ان کے قبضے سے ۱۵؍ لاکھ ۶؍ ہزار ۳۲۰؍ روپے کا ۲۱۰؍ گرام ایم ڈی پاؤڈر ضبط کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK