Inquilab Logo

ممبئی میں کہیں آلودہ پانی، تو کہیں پانی سپلائی منقطع، عوام پریشان

Updated: July 24, 2021, 9:54 AM IST | saadat khan | Mumbai

اتوار کے روز بھانڈوپ واٹر فلٹر پلانٹ میں پانی بھر جانے سے نلوں میں آلودہ پانی سے لوگ یوں ہی پریشان تھے کہ جمعرات کو رے روڈ پر پائپ لائن پھٹ جانے کی وجہ سے کئی علاقوں کی پانی سپلائی منقطع ہوگئی۔ لوگوں کو پانی کی تلاش میں مارے مارے پھرنا پڑا۔ بعض علاقوں میں مساجد سے عوام میں پانی تقسیم کیا گیا۔ بی ایم سی کی جانب سے آلودہ پانی ہی کو ابال کر پینے کی ہدایت

People across Mumbai have been worried about water for four or five days (file photo)
چار پانچ روز سے ممبئی بھر میں لوگ پانی کیلئے پریشان ہیں( فائل فوٹو)

سعادت خان
ممبئی :بھانڈوپ واٹر فلٹر پلانٹ میںاتوار کو بارش کا پانی بھرجانے سے گزشتہ ۴؍دنوں سے شہر ومضافات کے متعدد علاقوںمثلاً ورلی، ممبئی سینٹرل ،مدنپورہ ،بائیکلہ ، دادر،ماہم اور کاندیولی میں عوام آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔بی ایم سی نےاسی پانی کو  اُبال کرپینے کا مشورہ دیاہے لیکن  لوگوں کا کہنا ہے کہ پا نی اس قدر گدلا آرہاہے کہ اسے استعمال بھی نہیں کیاجاسکتا ۔ ابھی یہ تکلیف دور نہیں ہوئی تھی کہ جمعرات کو رے روڈ پر بھنڈرا واڑہ کی پائپ لائن کے پھٹ جانے سے جمعہ کو جنوبی ممبئی کے کئی علاقوںمیں پانی سپلائی منقطع رہی  جس سے عوام کو پانی کی قلت کا سامناکرناپڑا۔  لوگ  انی کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے ۔ حتیٰ کہ بعض علاقوں میں مساجد سےعوام کو پانی تقسیم کیاگیا۔  اس صورتحال کے سبب عوام میں ناراضگی دکھائی دے رہی ہے۔
  آلودہ پانی کی شکایت گزشتہ چار دنوں سے ہے۔ ورلی کے دھن پال جین نے کہاکہ ’’ پیلے رنگ کا پانی آرہاہے ۔ اُبالنے کے باوجود پانی پینے کے لائق نہیںہے۔ آلودہ پانی پینے سے کالرا، ٹائیفائڈ اوریرقان وغیرہ کی بیماری ہونے کا امکان ہے۔ اس لئے ہم لوگ منرل  واٹر خرید کرپی رہےہیں ۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’ کچھ ایسے لوگ ہیں جومنرل لواٹر نہیں خرید سکتے وہ اسی پانی کو اُبال کر پی رہےہیں۔‘‘ مدنپورہ کے محمد یاسین نے کہاکہ ’’ہمارے علاقےمیں گندہ اور میلاپانی آرہاہے ۔اس کی وجہ سے  گھر میں پینے  اور  میں استعمال کیلئے پانی کی  قلت ہو گئی ہے ۔‘‘
  ماہم کے عرفان مچھی والانے بتایاکہ ’’پیر سے ہمارے علاقےمیںا گدلا پانی آرہاہے ۔ ہم نے اس کی شکایت مقامی وارڈ آفس میں بھی کی لیکن ان کا کہناہےکہ بھانڈوپ کے واٹر فلٹر پلانٹ میں پانی بھر جانے سے ایسا پانی آرہاہے ۔ ۵؍دنوںکے گزرجانےکےباوجود ابھی تک یہ مسئلہ حل نہیں ہواہے۔‘‘ بی ایم سی ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے راجے راتھوڑ کےمطابق ’’ بھانڈوپ واٹرپلانٹ میں پانی بھر جانے سے یہ مسئلہ پیداہواہے۔جس سے شہر اور مضافات کے کچھ علاقوںمیں پانی گدلا آرہاہے ۔ جلد ہی مسئلہ حل ہوجائے گا۔‘‘
 پائپ لائن پھٹنے سے نئی مصیبت 
  ابھی اس مسئلہ سے عوام کو راحت نہیں ملی تھی کہ جمعرات کی رات ساڑھے ۱۰؍بجے مجگائوں رے روڈ کے بھنڈار واڑہ پائپ لائن کے پھٹ جانے سے جمعہ کو جنوبی ممبئی کے کئی علاقوںمیں پانی سپلائی منقطع رہی ۔  اس سے عوام کی  مشکلیں اور بڑھ گئیں۔ کامبیکر اسٹریٹ محمد علی روڈ کی ریحانہ کپاڈیہ نے کہاکہ ’’ جمعہ کو پانی نہ آنے سے گھریلوضروریات پوری کرنےمیں دقت ہوئی۔ ایک توعید قرباں کاتیسرا دن اور ساتھ میں جمعہ ، پانی کی زیادہ ضرورت تھی مگر پانی کے بالکل نہ آنےسے کافی پریشانی ہوئی ۔‘‘
  مینارہ مسجد اسٹریٹ پر واقع گورامُلاّ مسجد کے ٹرسٹی عمر ملباری نے بتایاکہ ’’ حالانکہ مسجدبندہے مگرمسجد کی صفائی اور دیگر ضروریات کیلئے روزانہ پانی کا ذخیرہ کیاجاتاہے۔  جمعہ کو اچانک پانی نہ آنے سے بڑی پریشانی ہوئی  ۔ اطراف کی بلڈنگوںاور چالیوںمیں بھی پانی نہیں آیا۔ جس سے مکینوںکو پانی کیلئے ادھر اُدھر پریشان ہوتے دیکھاگیا۔ مکینوںکی پریشانی دیکھ کر مسجد سے پانی تقسیم کیاگیا۔ مسجد میں پانی کاجو ذخیرہ موجود تھا وہ ضرورتمندوںمیں کودیاگیاتاکہ عید قرباں کے موقع پر ان کی ضروریات پوری ہوسکیں۔‘‘ زکریا مسجد اسٹریٹ کے عرفان موتی والا نے کہاکہ ’’بغیر اطلاع دیئے پانی سپلائی منقطع کردیئے جانے سے عوام کو بڑی پریشانی ہوئی ہے ۔سوشل میڈیاکا دور ہے ۔ رات کو ہی اگر لوگو ںکو یہ بتا دیا جاتا کہ جمعہ کو پانی نہیں آئے گا تو لوگ کچھ پانی محفوظ رکھنےکی کوشش کرتے مگر ایسا نہیں کیا گیا۔  سماجی کارکن امین پاریکھ نے کہاکہ ’’ ان علاقو ںمیںچھوٹے چھوٹے گھر ہیں جن میں پانی کی بڑی ٹانکی نہیں ہوتی۔لوگ روزکی ضرورت کےمطابق پانی کااسٹاک کرتےہیں۔ جمعرات کی رات بی وارڈ ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ انجینئرلئیق خان نے ایک پیغام ضرور ارسال کیاتھا جس میں جمعہ کی صبح پانی سپلائی نہ ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ جمعہ کو پانی نہ آنے سے بڑی دقت ہوئی۔‘‘ اسسٹنٹ انجینئر لئیق خان نے انقلاب کو بتایاکہ ’’مذکورہ پائپ لائن کی مرمت کا کام جاری ہے ۔ اُمید ہےکہ جمعہ کی شام کے اوقات میں مذکورہ علاقوںمیں پانی سپلائی کیاجائے۔ خبر لکھے جانے تک مذکورہ علاقوں میں پانی سپلائی کئے جانے کے تعلق سے کوئی اطلاع موصول نہیںہوئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK