Inquilab Logo

امریکہ ترکی اور یونان کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرے گا: پومپیو

Updated: October 01, 2020, 11:34 AM IST | Agency | Athens

یونان کے وورے پر آئے امریکی وزیر خارجہ نے نیٹو سے تعلق رکھنے والے دونوں ممالک کے محاذآرائی سےبچنے کو لازمی قرار دیا

Mike Pompeo with Greece PM - Pic : PTI
مائیک پومپیو یونانی وزیراعظم کے ساتھ (تصویر: ایجنسی

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکہ مشرقی بحیرہ روم میں تیل کی تلاش اور گیس سمیت قدرتی وسائل کے سبب ترکی اور یونان میں پیدا ہونے والے تنازع کے حل کیلئےدونوں ممالک  کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور یونان دونوں نیٹو کے رکن ملک ہیں۔ انہیں ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی سے بچانا اور مذاکرات کی میز پر لانا ضروری ہے۔
  اپنے یونان  دورے کے دوسرے روز یعنی منگل کو یونانی وزیر اعظم کیری کوس متسو تاکیس سے ملاقات کے دوران  مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم یونان اور ترکی جیسے نیٹو کے اتحادی ممالک کے مابین ہونے والے مذاکرات کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ ہم ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ جلد از جلد ان امور پر گفتگو دوبارہ شروع کی جائے۔اس سے  قبل پومپیو نے جنوبی یونان کے جزیرے کریٹ پر واقع سوڈ بے میں امریکی بحری اڈے کا دورہ کیا جس کے بعد انہوں‌ نے یونانی وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔ 
 اس دوران پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ آذر بائیجان اور آرمینیا کے درمیان جاری لڑائی روکنے اور متنازع علاقے پر جاری تنازع کے حل کی کوششوں پر صلاح مشورہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بحیرہ روم کے میں ترکی اور یونان کے درمیان جاری تنازع کے فوری حل اور دونوں‌ملکوں کےدرمیان بات چیت کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔پومپیو نے اپنے علاقائی دورے کا آغاز شمالی یونانی شہر تھیسالونیکی سے کیا جہاں انہوں نے اپنے یونانی ہم منصب نیکوس ڈینڈیس سے ملاقات کی اور مشرقی بحیرہ روم میں یونان اور ترکی کے مابین حالیہ تناؤ میں اضافے سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔پومپیو نے کہا کہ واشنگٹن خطے میں اپنے سفارتی اور فوجی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے دونوں پڑوسیوں اور نیٹو اتحادیوں کے مابین سمندری سرحدوں اور توانائی کی تلاش کے حقوق کے تنازعہ کو ختم کرنے کی کوشش کرے گا۔
 اس ملاقات کے بعد مشترکہ بیان میں دونوں لیڈروں کا کہنا تھا کہ امریکہ اور یونان نے خطے میں استحکام اور سلامتی کے تحفظ کی خاطر دستیاب تمام مناسب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔اس دوران  ترکی نے واشنگٹن پر سخت تنقید کی ہے۔  ترکی  نے کہا ہے کہ مشرقی بحیرہ روم کے بحران میں امریکی حیثیت اوراس کی جانبداری  خطے میں امن کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو نے دے گی ۔ واضح رہے کہ بحیرہ روم میں تیل اور گیس نکالنے کے معاملے میں ترکی اور یونان کے درمیان تنازع جاری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK