Inquilab Logo

مساجد میں نماز، تراویح اور اجتماعی افطار کی اجازت نہیں

Updated: April 14, 2021, 9:25 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مہاراشٹر حکومت کی رمضان المبارک کے تعلق سے خصوصی گائیڈ لائن جاری، ہدایات پر پابندی کی نصیحت

Mosques deserted this year? photo midday
مسجدیں اس سال بھی ویران؟ تصور مڈڈے

کورونا کے پیشِ نظر نافذ کئے گئے منی لاک ڈاؤن  ’بریک دی چین‘ کے تحت مہاراشٹر حکومت کی جانب سے  رمضان المبارک کیلئے نئی گائیڈ لائن  جاری کی گئی ہے جس میں رمضان المبارک میں کوئی راحت نہیں دی گئی ہے اور مساجد میں تراویح ،  اجتماعی افطاری، الوداعی جمعہ اور شب قدر کا اہتمام کرنے  سے منع کیا گیا ہےاور مسلمانوں سے  اپنے گھروں پر عبادت کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
  پیر کو دیر رات وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکریٹری سنجے کھیڈیکر کی جاری کردہ ۳؍ صفحات پر مشتمل اس گائیڈلائن میں کہا گیا ہے کہ ’’مہاراشٹر  میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا کے سبب  امسال بھی رمضان المبارک سادگی سے منانے  اور گھروں پر تراویح اور دیگر عبادات کرنے کی اپیل کی جاتی ہے۔ گائیڈ لائن  میں کہا گیا ہے کہ  رمضان المبار ک کے مقدس مہینے  میں معمو ل کی نماز، تراویح  اور افطار کیلئے مسجد یا عوامی مقاما ت پر اجتماعی  اہتمام نہ کیا جائے اور اپنے اپنے گھروں پر ہی  عبادت کی جائے۔‘‘ اس کے علاوہ عوامی مقامات پر بیک وقت ۵؍ افراد جمع نہ ہوں بلکہ سماجی دوری اوراحتیاطی تدابیر(ماسک لگانا، بار بار صابن سے ہاتھ دھونایا سینٹائزر کا استعمال کرنا وغیرہ) پر سختی سے عمل کیا جائے۔
 مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ سحری اور افطاری کے وقت خرید وفروخت  کے موقع پر  بھیڑ بھاڑ   نہ ہواس کا خیال رکھا جائے۔ گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ ’’ الوداعی جمعہ میںعام دنوںمیں بڑے پیمانے پر مسلمان مساجد میں جمع  ہوتے ہیں اور خصوصی دعائیں کرتے ہیں لیکن کوروناکے سبب امسال مساجد میں جمع نہ ہوکر اپنے  اپنے گھروںپر عبادت اور دعائیں کریں۔  نیز شب قدر کے موقع پر بھی  مساجد میں عبادت کرنے کے بجائے اپنے اپنے گھروں پر ہی عبادت کریں۔‘‘ یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ رمضان المبارک میں بازاروں میں بھیڑ بھاڑ نہ کی جائے اور اگر خریداری کیلئے مقامی انتظامیہ نے کوئی  وقت طے کیا ہو تو اس کی پابندی کریں۔   چونکہ مذہبی مقامات بند کئے گئے ہیں اس لئے وعظ وغیرہ بھی ریاستی حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق  بند کمرے  میں اور  بہتر ہے کہ آن لائن منعقد کریں۔
   گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ  اس مقدس مہینے میں کوئی بھی مذہبی، سماجی، تہذیبی  اور  سیاسی تقریب کا انعقاد نہ کیا جائے۔ لیکن   مذہبی رہنماؤں ،سماجی کارکنان اور سیاسی لیڈروں  سے  عوام میں بیداری پیدا کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔  نیزکورونا سے تحفظ کیلئےریاستی  محکمہ امداد و باز آبادکاری،محکمہ صحت،ماحولیات، طبی تعلیم     ، میونسپل کارپوریشن، محکمہ پولیس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جو بھی اصول نافذ کئے جائیں اس پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ 

mmosques Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK