Inquilab Logo

میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کی تیاریاں شروع

Updated: May 12, 2022, 1:58 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی ، تھانے ، نوی ممبئی ، کلیان ، الہاس نگر ، وسئی ویرار اور دیگر میونسپل کارپوریشن کے وارڈوں کی نئی حدبندی ۱۲؍ مئی تک الیکشن کمیشن کو پیش کرنے کی ہدایت

Maps of the new delimitation of wards are visible in the Kalyan Dombivli Municipal Corporation.
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن میں وارڈوں کی نئی حدبندی کے نقشے نظر آرہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

  ممبئی اور اطراف کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع کی میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کیلئے تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سیاسی او بی سی ریزوریشن کے بغیرملتوی کئے گئے میونسپل الیکشن  منعقد کرانے کی ہدایت کے بعد الیکشن کمیشن حرکت میں آیا ہے۔ مہاراشٹر الیکشن کمیشن  نے ممبئی اور تھانے سمیت ریاست کی۱۴؍میونسپل کارپوریشنوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ وارڈوں کی نئی تشکیل کا کام تیز کریں اور جمعرات ۱۲؍مئی تک اسے حتمی شکل دے کر ریاستی الیکشن کمیشن کو پیش کریں تاکہ الیکشن کی بقیہ کارروائی  بھی مکمل کی جاسکے۔ یہ ہدایت ریاست کی جن میونسپل کارپوریشنوں  کو   دی گئی ہے ، ان میں ممبئی( بی ایم سی) ، تھانے، کلیان ڈومبیولی، نوی ممبئی ، وسئی - ویرار، الہاس نگر ، کولہا پور، آکولہ ، امراؤتی، ناگپور، شولاپور، ناسک  ، پونے اور پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن شامل ہیں۔
 اس سلسلے میں مہاراشٹر الیکشن کمیشن کی جانب  سے ۱۰ ؍ مئی  کو جاری کردہ ۳؍ صفحات پر مشتمل ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ   جن بلدیہ کی میعاد ختم ہو چکی ہے، ان کے انتخابات منعقد کرنے کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن  کی جانب سے ضروری کارروائی جنوری میں ہی شروع کر دی گئی تھی۔۲۸؍ جنوری  ۲۰۲۲ءکو نئے وارڈوں کی تشکیل کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس کے بعد یکم فروری ۲۰۲۲ءتا ۱۴؍ فروری مجوزہ وارڈ باؤنڈری پر اعتراضات اور مشورے دینے کیلئے مہلت دی گئی تھی۔ کارپوریشنوں کو اعتراضات اور مشوروں پر ۱۷؍ تا ۲۶؍ فروری سماعت کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔ متعلقہ افسران کو سماعت کے بعد ۵؍ مارچ ۲۰۲۲ء تک حتمی وارڈ باؤنڈری کی اطلاع ریاستی الیکشن کمیشن کو سپرد کرنے کی ہدایت دی گئی تھی اور یہاں تک کارروائیا ںمکمل کر لی گئی تھیں۔ اس کے بعد ۱۱؍ مارچ کو ۲۰۲۲ءریاست حکومت نے سیاسی او بی سی کے ریزرویشن کے ساتھ ہی الیکشن ہو ، اس کیلئے ایک ریزولیوشن منظور کیا تھا اور اس کیلئے انتخابات کی دیگر کارروائیاں روک دی گئی تھیں۔ اس سلسلے میں متعدد پٹیشن سپریم کورٹ میں بھی داخل کی تھیں البتہ الیکشن کمیشن کو ہدایت گئی دی ہے کہ زیر التوا الیکشن او بی سی ریزرویشن کے بغیر منعقد کئے جائیں اور الیکشن کی کارروائی ۱۰؍ مارچ ۲۰۲۲ء کو جہاں تک روک دی گئی تھی، وہیں سے دوبارہ شروع کی جائے۔
 ریاستی  الیکشن کمیشن نے مزید ہدایت دی ہے کہ جن بلدیہ کے انتخابات التوا میں ہیں، وہ نئے وارڈ کی تشکیل کی بقیہ کارروائی ان کے افسران ۶؍ تا ۱۰؍ مئی ۲۰۲۲ء کے درمیا ن الیکشن کمیشن آفس میں موجود رہ کر کارروائی کو پورا کریں۔ اس کے علاوہ  وارڈ کی حتمی تشکیل ۱۱؍ مئی تک الیکشن کمیشن کو پیش کریں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ ۱۲؍ مئی کو مراٹھی اور انگریزی میںنئے وارڈوں کی تشکیل کی تفصیل کی ریاستی الیکشن کمیشن کی منظوری حاصل کریں اور ۱۷؍  مئی کو انہیں عوام کی اطلاع کے لئے میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ پر جاری کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK