Inquilab Logo

اہانت کیخلاف احتجاج کے دوران تشدد کے حوالے سے ایک کروڑ کی وصولی کی تیاری

Updated: June 30, 2022, 9:23 AM IST | allahabad

الہ آباد انتظامیہ کی ظالمانہ کارروائی، نپور شرما کی بدزبانی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے زد پر، اضافی سیکوریٹی کا خرچ بھی مظاہرین سے وصولنے کافیصلہ

In Allahabad, the administration brutally demolished the house of social activist Javed Muhammad.
الہ آباد میں انتظامیہ نے سماجی کارکن جاوید محمد کا گھر ظالمانہ طریقے سے منہدم کردیا۔

نبی کریم ؐ کی شان میں  نپور شرما کی گستاخی کے خلاف الہ آباد میں  ۱۰؍ جون کو ہونے والے مظاہرہ کے دوران پھوٹ پڑنے والے تشدد کا حوالہ دیتے ہوئے انتظامیہ   مظاہرین کو مجموعی طور پر ایک کروڑ سے زائد کی وصولی کے نوٹس بھیجنے کی تیاری کررہاہے۔ ان میں حالات بگڑنے  کے بعد پی اے سی کی جو  تعیناتی کی گئی تھی  اس کے جوانوں کی تنخواہ بھی  شامل ہے جو مظاہرین سے وصولی جائے گی۔ 
  الہ آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس  اجے کمار نے اس سلسلے میں دی کوئنٹ سے گفتگو   کے دوران ریکوری کے مذکورہ نوٹسوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ ’’(مظاہرہ کے دوران سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان  کے ) تخمینہ میں  پی اے سی  کے اس ٹرک کی قیمت بھی شامل ہے جو جلا دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جو سی سی ٹی وی کیمرے تباہ کئے گئے  اور  جو تین موٹر سائیکلیں  جلائی گئیں ان کی قیمت بھی اس میں شامل ہے۔‘‘ انہوں  نے مزید بتایا کہ ’’ تشدد کے بعد پی اے سی  کے جو جوان تعینات کئے گئے تھےان کی ایک دن کی تنخواہ بھی مظاہرین سے وصول کی جائے گی۔ ‘‘  اجے کمار نے بتایا کہ ’’نقصانات کا تخمینہ لگالیاگیاہے اوراسے کلیم ٹربیونل کے پاس بھیج دیاگیا ہے جو اس سلسلے میں  جلد ہی ریکوری نوٹس جاری کریگا۔‘‘
   یاد رہےکہ اس سے قبل شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مظاہروں کے دوران تشدد کے معاملے میں بھی یوگی سرکار نے یہی طرز عمل اختیار کیا تھا۔ سپریم کورٹ میں جب یہ معاملہ پہنچا اور عدالت سے ریکوری نوٹس کالعدم قرار دینے کی اپیل کی گئی تو سپریم کورٹ نےسختی کامظاہرہ کرتے ہوئے  یوگی سرکار کو نوٹس واپس لینے کی ہدایت دی تھی اور متنبہ کیاتھا کہ اگر وہ ایسا نہیں کریگی تو  عدالت خود ان نوٹسوں کو کالعدم قرار دے گی۔ 
  اس پر عمل کرتے ہوئے اتر پردیش حکومت نے نہ صرف مذکورہ نوٹس واپس لئے بلکہ سپریم کورٹ کو اس کی اطلاع دی اور بتایا کہ سی اے اے مخالف مظاہرین کو جو ۲۷۴؍ نوٹس جاری کئے گئے تھے وہ واپس لے لئے گئے ہیں۔ 
 بہرحال سپریم کورٹ نے یوپی حکومت کو مظاہرین سے ہی ہرجانہ وصول کرنے کے نئے قانون  کے مطابق وصولی کی اجازت دیدی  ہے۔  ۲۰۲۰ء میں پاس ہونے والے اس قانون  کے ذریعہ حکومت کو یہ اختیار سونپ دیاگیاہے کہ وہ مظاہروں کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچنے کی صورت میں ایک کلیم ٹربیونل قائم کرے جو نقصانات کا تخمینہ لگانے کے بعد ریکوری کے نوٹس جاری کرے۔ قانون کے مطابق ٹربیونل کا سربراہ  ریٹائرڈ جج ہوسکتاہے۔ نبی کریم ؐ کی شان میں  گستاخی کے خلاف  احتجاج کرنے والوں  کے تعلق سے یوگی سرکاری نے اسی نئے قانون کے تحت ریکوری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سپریم کورٹ میں اس کو چیلنج نہ کیا جاسکے۔اس دوران ریاستی حکومت نے مظاہروں میں شامل کئی افراد کے گھروں پر بلڈوزر بھی چلا دیئے۔ 

allahabad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK