Inquilab Logo

اُدیشہ اورآندھرا میں گلاب طوفان سے نمٹنے کی تیاریاں

Updated: September 27, 2021, 11:47 AM IST | Agency | Bhubaneswar/Visakhapatnam/Hyderabad

اُدیشہ کے۷؍ اضلاع میں او ڈی آر اے ایف کی۴۲؍ اوراین ڈی آر ایف کی۲۴؍ ٹیمیںتعینات، طوفان اتوار کی دیر رات شمالی آندھرا اورجنوبی ادیشہ کے ساحلوں کو پارکرچکا ہوگا ،۶۰؍ سے ۸۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کاامکان ،ساؤتھ سینٹرل ریلوےکی۱۲؍ٹرینیں منسوخ

In view of the storm, fishermen have been advised to stay afloat till 27 .Picture:PTI
طوفان کے پیش نظر ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ۲۷؍ ستمبر تک سمندر میں نہ جائیں ۔ تصویر: پی ٹی آئی

آندھرا پردیش  کےوشاکھاپٹنم ضلعی انتظامیہ نے اتوار کی نصف شب کے قریب شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی ادیشہ کے ساحلوں پر سمندری طوفان گلاب کے دستک دینے کے  پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے  تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔حکام کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر انتظامیہ نے طوفان سے نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں ، انڈین کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) ، انڈین نیوی اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تیاری کرلی ہے۔
  آندھرا پردیش کے کلنگا پٹنم اوروشا کھاپٹنم کے ساحلوں پر اتوار کی دیر رات سمندری طوفان گلاب کے ٹکرانے کااندیشہ ہے۔  اس کے پیش نظرادیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس (او ڈی آر اے ایف) کی۴۲؍ ٹیمیں اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی۲۴؍ ٹیموں کے علاوہ محکمہ فائر بریگیڈ کی۱۰۲؍ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ادیشہ  کے چیف اسپیشل ریلیف کمشنر پی کے جینا کے مطابق  ہندوستانی  محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق اس کا زیادہ اثر کندھمال ، گنجم ، رائے گڑھ ، ملکان گیری ، کوراپوٹ ، نبرنگ پور اور گجپتی اضلاع میں   رہے گا۔ ان سات اضلاع کے علاوہ نیاگڑھ ضلع میں بھی ریلیف اور راحتی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔انہوں نے ان ۷؍ اضلاع کے کلکٹروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ان سات اضلاع میں ہوا کی رفتار کم رہے گی  تاہم  بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔ جینا نے کہا کہ شدید بارش کی وجہ سے رسہی کولیا ، ناگاؤلی اور ونشدھرا ندیوں میں سیلاب جیسی صورتحال اور رائے گڑھ اور گجپتی اضلاع میں  چٹانیں کھسکنے کے واقعات ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر مقامات پر چھوٹے درخت اکھڑ سکتے ہیں۔ضلع گجپتی میں احتیاطی تدابیر کے طور پر انتظامیہ نے تمام افسران کی دو دن کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ضلعی ہیڈ کوارٹر کی اجازت کے بغیر کہیں نہ جائیں۔اس شدید سمندری طوفان کے پیش نظر ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ۲۷؍ ستمبر تک سمندر میں ماہی گیری کیلئےنہ جائیں۔
 ’ گلاب‘ اتوار کی شب شمالی اے پی اورجنوبی ادیشہ کے ساحل کو پارکرے گا
 شمال مغرب اور مغربی وسطی خلیج بنگال سے متصل بننے والے سمندری طوفان گلاب نے مغرب کی سمت۱۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پیشقدمی کی ہے اور یہ اب شمال مغرب اور مغربی وسطی خلیج بنگال سے متصل، ادیشہ کے گوپال سے تقریباً۲۷۰؍کلومیٹر دور مشرق-جنوب مشرق اور اے پی کے کلنگاپٹنم کے مشرق سے تقریباً۳۳۰؍کلومیٹر کی دوری پر بناہوا ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ اس کے مغرب کی سمت پیشقدمی کرتے ہوئے شمالی آندھراپردیش،جنوبی ادیشہ کے ساحل کو کلنگاپٹنم اورگوپال پورم کے درمیان پار کرنے کا امکان ہے کیونکہ سمندری طوفان  کے دوران طوفانی ہوائیں۷۵؍ تا۸۵؍ یا۹۵؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے نصف شب کے قریب چلیں گی۔سمندری لہروں کی وجہ سے سریکاکلم، سوم پیٹ، وجیانگرم اضلاع کے نشیبی علاقوں کے محصور ہونے کا امکان ہے۔اس بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اس طوفان کے ٹکرانے کے بعد طوفانی ہواؤں کی شدت میں قدرے کمی ہوگی۔یہ طوفان امکان ہے کہ مغرب شمال مغرب کی سمت مزید پیشقدمی کرتے ہوئے ادیشہ اور جنوبی چھتیس گڑھ کو پارکرے گااورآئندہ۱۲؍گھنٹوں کے دوران بتدریج دباو میں تبدیل ہوگا۔شمالی آندھراپردیش کے اضلاع سریکاکلم،وجیانگرم اور وشاکھاپٹنم اور جنوبی ادیشہ کے ساحلی اضلاع گنجام،گجپتی  میں نصف شب سے طوفانی ہواؤں کی رفتار۶۰؍ تا۷۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ یا پھر۸۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ ہونے کا امکان ہے۔یہ سلسلہ۲۷؍ستمبر تک جاری رہے گا۔پیر کو شمالی تلنگانہ میں طوفانی ہوائیں۴۰؍ تا۵۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔اس طوفان کے پیش نظر ساؤتھ سینٹرل ریلوے نے۱۲؍ٹرینوں کو منسوخ کردیا ہے اور کئی ٹرینوں کے رخ کو موڑدیا ہے۔
بحریہ کی صورتحال پر نظر
 وشاکھاپٹنم میں ایسٹرن نیول کمانڈ اور نیول آفیسرس انچارج ادیشہ ایریا نے تیاری کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے تاکہ طوفان کے اثرات کو کم کیاجاسکے اور یہ بحریہ انتظامیہ کے ساتھ مسلسل تال میل کررہا ہے تاکہ درکار تعاون فراہم کیاجاسکے۔ایک پریس ریلیز میں یہ بات بتائی گئی ہے۔تیاری کے حصہ کے طورپر راحتی ٹیموں اور غوطہ خوروں کی ٹیموں کو ادیشہ و وشاکھاپٹنم میں تیار رکھاگیا ہے تاکہ فوری طورپر مدد فراہم کی جاسکے۔دو جہاز بھی انسانی امداد اور ڈیزاسٹرریلیف و طبی ٹیموں کے ساتھ تیار رکھے گئے ہیں تاکہ شدید ترین متاثرہ علاقوں میں مدد فراہم کی جاسکے۔محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق آج آدھی رات کے قریب گوپال پور اور کلنگاپٹنم کے درمیان ہوا کی رفتار۸۵؍کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا قوی امکان ہے۔ ان میں سے کئی  علاقوں میں  اتوار کی شام سے ہی بارش شروع ہوچکی ہے اور آدھی رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔بارش کے بعد جنوبی ادیشہ  اور ملحقہ شمالی ساحلی آندھرا پردیش میں اگلے ۶؍ گھنٹوں کے دوران ہوا کی رفتار میں معمولی کمی ہوگی ۔

odisha Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK