Inquilab Logo

اسکول دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں جاری

Updated: January 22, 2022, 8:21 AM IST | saadat khan | Mumbai

پیر ۲۴؍جنوری سے اسکول شروع کرنےسے متعلق حکومت اور بی ایم سی نے سرکیولر جاری کیا۔ اسکولوںمیں صفائی ، سینی ٹائز یشن اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تیاریاںجاری ہیں

A school classroom in the city is being sanitized. (File photo)
شہر میں واقع ایک اسکول کے کلاس روم کو سینی ٹائز کیا جا رہا ہے۔(فائل فوٹو)

کوروناوائرس کی شکایت میں کمی آنےاور والدین کی طرف سے اسکولوںکو شروع کئے جانے کے مسلسل دبائو سے ریاستی حکومت نے پیر ۲۴؍جنوری سے اوّل تابارہویں جماعت کے اسکولوں کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ا س کیلئے ریاستی حکومت کے محکمہ ٔ  تعلیم اور بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نےبھی باضابطہ طورپر سرکیولر جاری کردیاہے۔ اسکول شروع کرنے سے قبل اسکولوںمیں  صاف صفائی ، سینی ٹائزیشن  اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنےکی تیاریاں زو روشور سے جاری ہیں۔ لیکن کچھ اسکولوںکاکہناہےکہ اچانک اسکول شروع کئے جانے کے اعلان سے ان کی پریشانی بڑھ گئی ہے کیونکہ اسکول شروع کرنے سےقبل جوتیاریاں کرنی ہیں وہ ۲؍ دنوں میں نہیں ہوسکتی ہیں۔ اس لئے ہم پیر سے اسکول نہیں شروع کرسکیں گے۔متعدد اسکولوںسے یہ بھی اطلاع ملی ہے ان کے کچھ اساتذہ کووڈ میں مبتلاہیں  اور ان کا علاج جاری ہے ۔ ایسےمیں انہیں اسکول نہیں بلایاجاسکتاہے ۔ اس لئے اساتذہ کی قلت محسوس کی جارہی ہے۔
  واضح رہےکہ ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نے ۲۴؍ جنوری سے اسکول شروع کئے جانے سےمتعلق ایک تجویز وزیر اعلیٰ اُدھوٹھاکرے کو روانہ کی تھی جسے وزیر اعلیٰ نے منظور کرلیا ہے اورتمام تر احتیاط کے ساتھ دوبارہ اسکول شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی طر ف سے اسکولوں کو شروع کرنےکیلئے ہڑی جھنڈی دکھانے کے بعد ورشاگائیکواڈ نے کووڈ کے تناظر میں تمام احتیاطی تدابیر کےساتھ پیر سے ممبئی سمیت ریاست کے تمام اضلاع میں حالات کا جائزہ لےکر اوّل تا بارہویں جماعت کے اسکولوں اور جونیئر کالجوںکو شروع کرنےکا اعلان کیاہے۔
  سرکاری اعلان کے بعد ریاستی محکمہ ٔ  تعلیم نے جمعرات کو اسکولوںکو جاری کرنے سےمتعلق ایس اوپی جاری کیاہے  جس کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر کےساتھ اسکولوںکو شروع کرنےکی اجازت دی گئی ہےجبکہ جمعہ کو بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے بھی پیر سے اسکولوںکو شروع کرنے کےبارے میں سرکیولر جاری کرکے تمام  اسکول شروع ہونے کے بعد طلبہ کے تحفظ کو ترجیح دینے اور کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے جو قواعد جاری کئے گئے ہیں ان پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنےمیں کسی طرح کی تساہلی نہ برتی جائے اور والدین کی رضامندی کے ساتھ طلبہ کو اسکول بلایاجائے ۔اس طرح کی ہدایتیں دی ہیں۔
اساتذہ کی قلت ہوسکتی ہے
  مہانگر پالیکاشکشک سینا کے صدر کے پی نائیک نے کہا کہ ’’ اسکولوںکو دوبارہ شروع کئے جانے کا ہم خیرمقدم کرتے ہیںلیکن ان دنوںہمارے سامنے ایک بڑا مسئلہ یہ ہےکہ متعدد اسکولوں کے اساتذہ کووڈ میں مبتلاہیں جس کی وجہ سے اسکولوںمیں اساتذہ کی قلت پڑسکتی ہے۔ دراصل گزشتہ دنوں  اسکولوں کے بندہونےکےباوجود اساتذہ کو اسکول آکر ڈیوٹی کرنےکی جو شرط عائد کی گئی تھی  اس کی وجہ سے تقریباً ہر اسکول کے ۴ ؍سے ۵؍اساتذہ کووڈ میں مبتلاہیں اور ان کا علاج جاری ہے ۔ میں نے ۲۴؍وارڈ کے اسکولوں کے اساتذہ جو کووڈ سے متاثر ہیں ان کی معلومات آر ٹی آئی کےذریعے طلب کی ہے۔ رپورٹ مل جائے تو پتہ چلے کہ کتنے اساتذہ کووڈ میں مبتلاہوئے ہیں۔‘‘
  سائن کے ایک اسکول کے ہیڈماسٹر نے کہاکہ ’’حکومت نے اچانک اسکول شروع کرنےکا اعلان تو کر دیا ہےمگر اسکول شروع کرنےکیلئے جو تیاریاں کرنی ہیں ،اس کیلئے ہمیں کچھ وقت درکار ہے۔ اس لئے ہم پیر کے بجائے ۲۔۳؍دنوں بعد ہی اسکول شروع کرسکیں گے۔‘‘
  مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک پریشد ممبئی کے صدر شیوناتھ دراڈے نےبتایاکہ ’’ پیر سے اسکول شروع کئے جانے کا اعلان کیاگیاہے اس لئے جمعہ سے اسکولوںمیں صفائی ، سینی ٹائزیشن اور رنگ وغیرہ کا کام کیاجارہاہے ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK