Inquilab Logo

بھیونڈی : بجلی صارفین کو زورکا جھٹکا دینے کی تیاری

Updated: January 28, 2020, 1:46 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

معاشی بحران سے دوچار پاور لوم صنعت کو مہاراشٹر اسٹیٹ الیکریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی (ایم ایس ای ڈی سی ایل) بجلی کا زوردار جھٹکا دینے کی تیاری میں ہے۔

ایم ایس ای ڈی سی ایل بھیونڈی میں صارفین کو جھٹکا دینے کی تیاری میں
ایم ایس ای ڈی سی ایل بھیونڈی میں صارفین کو جھٹکا دینے کی تیاری میں

بھیونڈی : معاشی بحران سے دوچار پاور لوم صنعت کو مہاراشٹر اسٹیٹ الیکریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی (ایم ایس ای ڈی سی ایل)بجلی کا زوردار جھٹکا دینے کی تیاری میں ہے۔یہ جھٹکادیگر صنعت کاروں، کاروباری اداروں اور گھریلو بجلی صارفین کے لئے بے حدپریشان کن ثابت ہوسکتا ہے۔ ایم ایس ای ڈی سی ایل کے ذریعہ داخل کی گئی بجلی کی شرح میں اس ناقابلِ برداشت اضافہ کی تجویز کو کسی بھی قیمت پر نامنظور کروانے کی غرض سے مہاراشٹر اسٹیٹ پاورلوم فیڈریشن متحرک ہوچکا ہے۔
 واضح رہےکہ مہاراشٹر اسٹیٹ الیکریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی (ایم ایس ای ڈی سی ایل) نے سال ۲۰۲۰ء تا ۲۰۲۵ء ان ۵؍ برسوں کیلئے بجلی کی شرح میں حیرت انگیز طور پر ۶۰؍ لاکھ ۱۲۳؍ ہزار کروڑ روپے اضافہ کرنے کی منظوری دینے کی تجویز مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن (ایم ای آر سی) میں داخل کی ہے۔ اس تجویز پر اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ ۴؍ فروری ہے۔ ماہرین کے مطابق بجلی کے اس شدید جھٹکے سے محفوظ رہنے کیلئے پاورلوم صنعت سے وابستہ تنظیموں کے ذمہ داران کو جلد از جلدبڑی تعداد میں اپنے اعتراضات ایم ای آر سی میں داخل کر ناہوگا۔وگرنہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی یہ تجویزپاور لوم صنعت کی تباہی میں آخری کیل ثابت ہوسکتی ہے۔ 
 پیرکوذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مہاراشٹر اسٹیٹ پاورلوم فیڈریشن کے صدرفیضان احمد اعظمی نے کہاکہ ایم ای آر سی کو قائم ہوئے ۲۰؍ برس کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم بجلی کی شرح میں اس قدر ناقابلِ برداشت اضافے کی تجویز ایم ایس ای ڈی سی ایل نے آج تک داخل نہیں کی تھی۔ اگر بجلی کمپنی کی اس تجویز کی شدید مخالفت نہ کی گئی اور یہ تجویز ایم ای آر سی نے جوں کا توں منظور کر لی تو پاورلوم صنعت کے ساتھ ہی مہاراشٹر کی دیگر صنعتیں بھی تباہ و برباد ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کمپنی کے ذریعہ داخل کی گئی بجلی کی شرح میں اضافے کی اس تجویز کو خارج کروانے کیلئے مہاراشٹر اسٹیٹ پاورلوم فیڈریشن جلد ہی پٹیشن داخل کر کے ایم ای آر سی کے روبرو اس تجویز کی پرزور مخالفت کرے گی۔فیضان اعظمی نے  مزید کہا کہ ایم ایس ای ڈی سی ایل اپنی اس تجویز کے ذریعہ بجلی کی موجودہ شرح میں ۲۰؍ تا ۴۰؍ فیصد اضافہ کرنے کی کوشش میں ہے۔ بجلی ڈسٹری بیوشن کمپنی نے پاورلوم کے لئے فی الحال  نافذ اسٹینڈنگ چارج کو تبدیل کر نے کے ساتھ بجلی کی شرح فی یونٹ ۴؍ روپے ۶۱؍ پیسے سے بڑھا کر ۶؍ روپے کرنے کی تجویز رکھی ہے۔ جس سے آئندہ ۵؍برسوں میں بجلی کی شرح رفتہ رفتہ ۴۵؍ فیصد تک بڑھ جائے گی۔پاورلوم اور دیگر صنعتوں سے وابستہ سبھی تنظیموںکے ذمہ داروں کی جانب سے بھی اس سلسلے میں تحریری اعتراضات فوری طور پر  داخل کیا جانا ضروری ہے تاکہ بجلی سپلائی کمپنی کی غیرمنصفانہ تجویز کو رد کروانے میں آسانی ہو۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK