Inquilab Logo

نوئیڈا میںوزیر اعظم کے ہاتھوں ایئر پورٹ کا سنگ بنیاد

Updated: November 26, 2021, 9:46 AM IST | new Delhi

مودی نے نوئیڈا انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو شمالی ہندوستان کا’ لاجسٹک گیٹ وے‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے اترپردیش کو ۷؍ دہائیوں بعد وہ ملنا شروع ہوا ہے جس کا وہ حقدار تھا،پہلے کی حکومتوں پر اتر پردیش کو تاریکی میںجھونکے رکھنے اور جھوٹے خواب دکھانے کا الزام

Prime Minister Modi inspecting the exhibition at Noida International Airport with Chief Minister Yogi. (PTI)
وزیر اعظم مودی وزیر اعلیٰ یوگی کے ساتھ نوئیڈا انٹرنیشنل ا یئرپورٹ کی نمائش کامعائنہ کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

 وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو نوئیڈا میں جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔اس تقریب میں اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود  تھے۔ اس موقع پر موجود عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جیور اب بین الاقوامی سطح پر نمایاں ہوچکا ہے اور یوپی کے لوگوں کے ساتھ دہلی این سی آر کو بھی اس کا فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ۲۱؍ ویں صدی کا ہندوستان آج ایک سے زیادہ جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کر رہا ہے۔بہتر سڑکیں، ریلوے اور ہوائی اڈے صرف بنیادی منصوبے نہیں ہوتے  بلکہ یہ پورے خطے کو بدل دیتے ہیں۔ لوگوں کی زندگیاں بدل دیتے ہیں، غریب ہو یا درمیانی ​​طبقہ سب کو اس سے بہت فائدہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کنیکٹیویٹی کے لحاظ سے ایک ماڈل ہوگا۔
’’ہوابازی کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے ‘‘
 وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ہوا بازی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ہندوستانی کمپنیاں سیکڑوں طیارے خرید رہی ہیں، ان کیلئے بھی نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ بڑا کردار ادا کرے گا۔ یہ ہوائی اڈہ طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کا سب سے بڑا مرکز ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہاں سے ملک اور بیرون ملک کے طیارے سروس حاصل کریں گے اور سیکڑوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج بھی ہم اپنے۸۵؍  فیصد طیارے مرمت کیلئے بیرون ملک بھیجتے ہیں۔ مرمت پر صرف۱۵؍ ہزار کروڑ خرچ ہوتے ہیں۔ یہ ہوائی اڈہ اس صورتحال کو بدلنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ مودی نے کہا کہ اس ہوائی اڈے کے ذریعے ملٹی ماڈل کارگو کا خواب پورا ہو رہا ہے۔ اس پورے علاقے کی ترقی کو تقویت ملے گی۔
نوئیڈا انٹرنیشنل ائیر پورٹ شمالی ہندوستان کا گیٹ وے 
 وزیر اعظم نریندر مودی نے نوئیڈا انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو شمالی ہندوستان  کا لاجسٹک گیٹ وے قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے اترپردیش کو۷؍ دہائیوں بعد وہ ملنا شروع ہوا ہے جس کا وہ حقدار تھا۔ مودی نے دہلی سے وابستہ ریاست کے ضلع گوتم بدھ نگر کے جیور میں نوئیڈا انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ۲۱؍ویں صدر کا نیا ہندوستان آج ایک سے بڑھ کر ایک بہترین جدید ڈھانچے تیار کررہا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ نوئیڈا انٹرنیشنل ائیر پورٹ ہندوستان کا لاجسٹک گیٹ وے بنے گا ا ور پورے خطے کی ترقی  کے ماسٹر پلان کا ایک طاقت ور عکس  تیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹ کی تعمیر کے دوران روزگار کے ہزاروں مواقع ملتے ہیں۔ ائیر پورٹ کو بہتر ڈھنگ سے چلانے کے لئے بھی مغربی اترپردیش کے ہزاروں لوگوں کو نیا روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے، میٹرو،ریل، ڈی ایف سی وغیرہ سے جڑا ہوا یہ ائیر پورٹ کنکٹی وٹی کے معاملے میں ملک کا مثالی ایئر پورٹ ہوگا۔
پہلے کی حکوتوں نے یوپی کو جھوٹے خواب دکھائے
  مودی نے کہا کہ پہلے کی حکومتوں نے جس اترپردیش کوزوال اور تاریکی میں جھونکے رکھا، پہلے کی حکومتوں نے جس اترپردیش کو ہمیشہ جھوٹے خواب دکھائے، وہی اترپردیش آج ملک ہی نہیں عالمی شناخت قائم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش اور مرکز میں پہلے جو حکومتیں رہی ہیں انہوں نے کیسے مغربی اترپردیش کی ترقی کو نظر انداز کیا، اس کی ایک مثال یہ جیور ائیر پورٹ بھی ہے۔دودہائیوں پہلے ریاست کی بی جےپی حکومت نے اس پروجیکٹ کا خواب دیکھا تھا۔ لیکن بعد میں یہ ائیر پورٹ متعدد برسوں تک مرکز اور لکھنؤ میں  پہلی جو حکومتیں رہیں، ان کے درمیان میں الجھ کر رہ گیا۔ اترپردیش میں پہلے جو حکومت تھی اس نے تو باضابطہ خط لکھ کر اس وقت کی مرکزی حکومت کو کہا تھا کہ اس ائیر پورٹ کے پروجیکٹ کو بند کردیا جائے۔مودی نے کہا کہ ڈھانچہ کھڑا کرنا ہمارے لئے سیاست نہیں بلکہ قومی پالیسی کا حصہ ہے۔ہم یہ یقینی بنارہے ہیں کہ پروجیکٹوں کو التوا میں نہ رکھا جائے۔ہم یہ یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں کہ وقت مقررہ کے اندر ہی کام پورا کرلیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK