Inquilab Logo

وزیراعظم مودی نےپڈوچیری میں ۲۵؍ویں قومی یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کیا

Updated: January 13, 2022, 12:29 PM IST | Agency | New Delhi/Puducherry

وذیر اعظم نے سوامی وویکا نند کے یوم پیدائش پرنوجوانوں کو براہ راست مخاطب کرکے کہا :’’آپ ملک میں بنی چیزیں خریدیں کیونکہ روزگاراسی سے پیدا ہونے والا ہے، اس سے ملک کے غریبوں کو عزت ملے گی۔‘‘

Narendra Modi.Picture:PTI
وزیر اعظم نریند ر مودی خطاب کرتےہوئے ۔ تصویر: پی ٹی آئی

وزیر اعظم  نریندر مودی نے  بدھ کو  ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پڈوچیری میں۲۵؍ویں قومی یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے ہندوستان کی نوجوان آبادی اور جمہوری اقدار کو ملک کی سب سے بڑی طاقت بتایا ۔ انہوں نے  نوجوان نسل پرزور دیا کہ وہ ملک میں تیارکردہ دیسی اشیاء خرید نے کوترجیح دیں۔  وزیر اعظم نے سوامی وویکانند کے یوم پیدائش پرقومی یوتھ فیسٹیول کے افتتاح بعد خطاب کیا ۔ واضح رہےکہ سوامی وویکانند کے یوم پیدائش کو قومی’ یوم نوجوان‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ملک بھر سے آن لائن سے سب سے زیادہ استفادہ کرنےو الی  نوجوان نسل سے `’ووکل فار لوکل‘ ہونے، ہندوستانی مصنوعات ،ہندوستان کی مٹی سے مہکنے والی اشیاء خریدنے  نیز اپنی خواہش سے طرز زندگی میں تبدیلی لانےکی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ ملک میں بنی چیزیں خریدیں کیوں کہ روزگاراسی سے پیدا ہونے والا ہے، اس سے ملک کے غریبوں کو عزت ملے گی۔ افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر برائے اطلاعات  و نشریات، کھیل اور امورِ نوجوان انوراگ ٹھاکر، پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر تمل سائی سندرراجن، وزیر اعلیٰ این رنگاسوامی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس میلے کا انعقاد ملک کے نوجوان  رہنمائی اور انہیں قوم کی تعمیر کیلئے ایک طاقت کے طور پر متحد کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دنیا ہندوستان کو  امید بھری نظروں کے ساتھ دیکھ رہی ہے۔،کیونکہ ہندوستان کے لوگ بھی جوان ہیں اور ہندوستان کا دماغ بھی جوان ہے۔ ہندوستان اپنی طاقت کے ساتھ بھی جوان ہے، ہندوستان اپنے خوابوں کے ساتھ بھی جوان ہے۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان اپنے خیالات اور اپنے شعور کے ساتھ بھی جوان ہے۔ ہندوستان کے پاس نوجوانوں کی ایک بڑی آبادی کے ساتھ ساتھ جمہوری اقدار بھی ہیں۔ اس کے فوائد بے شمار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے نوجوانوں کو اپنی آبادی کی طاقت کے ساتھ ساتھ ترقی کی گاڑی بھی سمجھتا ہے۔ جو نوجوان نسل آزادی کے وقت موجود تھی اس نے ملک کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے میں ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا ۔  انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں وہ صلاحیت ہوتی ہے، وہ قابلیت ہوتی ہے کہ وہ پرانے دقیانوسی تصورات کا بوجھ نہیں اٹھاتا۔  انہوں نے کہا کہ ملک کا نوجوان نئے چیلنجوں اور نئے تقاضوں کے مطابق اپنی اور معاشرے کی ترقی کرسکتا ہے، وہ  تخلیق کرسکتا ہے۔   مودی نے کہا کہ یہ ہندوستان کے نوجوانوں کی طاقت ہے کہ آج ہندوستان ڈیجیٹل پیمنٹ کے معاملے میں دنیا میں اتنا آگے نکل گیا ہے۔ آج ہندوستان کا نوجوان عالمی خوشحالی کی عبارت  لکھ رہا ہے۔ دنیا کے یونیکارن سسٹم میں ہندستانی نوجوانوں کا جلوہ ہے۔ یونیکارن سے مراد ایسے کاروباری یونٹ ہیں جو نئے آئیڈیا اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر شروع کئے گئے ہیں اور جن کی مارکیٹ ویلیو ایک ارب ڈالر یعنی۷۵؍ ارب روپے سے زیادہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK