Inquilab Logo

کیرالا میں وزیراعظم مودی کی پہلی انتخابی ریلی، دونوں اتحاد پر تنقید

Updated: March 31, 2021, 12:57 PM IST | Agency | Thiruvananthapuram

وزیراعظم نے کہا کہ بی جے پی یہاں پر بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد اور کانگریس کی قیادت والے اتحاد کے درمیان جاری دوستانہ میچ کا سلسلہ ختم کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں یہ دونوں ایک دوسرے پر تنقید کرتے ہیں لیکن اندر سے ایک ہیں۔ انتخابی تقریر میں عیسیٰ مسیح اور سبری مالا کے ناموں کا بھی استعمال کیا

Narendra Modi.Picture:INN
نریندر مودی۔تصویر :آئی این این

 وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو کیرالا میں حکمراں مارکسی کمیونسٹ پارٹی(سی پی ایم)کی قیادت والے لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ(ایل ڈی ایف) اور کانگریس کی قیادت والے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) پر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی ان دونوں کے مابین فکسڈ میچ ختم کرنا چاہتی ہے۔وزیراعظم مودی نے کہاکہ دونوں محاذ باری باری سے ۵۔۵؍ برس تک ریاست کو لوٹتے رہے ہیں لیکن اب انہیں موقع نہیں ملے گا۔ وزیراعظم نے کیرالا اسمبلی کے۶؍ اپریل کوہونے والے انتخابات کیلئے ریاست میں اپنی پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کچھ برسوں میں اقتدار ان دونوں محاذ  کے ہاتھوں میں گردش کرتارہا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف کے مابین اس دوستانہ اور خفیہ میچ کو ختم کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کیرالا کے لوگوں، خاص طورپر نوجوانوں کی یہی خواہش ہے۔ بدعنوانی کے علاوہ دونوں محاذ سہولت کی سیاست کرتے ہیں۔ ایل ڈی ایل ایف اور یو ڈی ایف نے کیرالا کے ثقافتی اقدار کے خلاف بھی کام کیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے فرقہ وارانہ کارڈ کھیلتے ہوئے کہاکہ ایل ڈی ایف نے سبری مالا کے عقیدت مندوں کو دھوکہ دیا اور اس دوران  یو ڈی ایف خاموش تماشائی بنا رہا۔
 وزیراعظم نے اتنے ہی پر بس نہیں کیا بلکہ انہوں نے عیسیٰ مسیح کے نام کابھی استعمال کیا۔  انہوں  نے کہاکہ ایل ڈی ایف نے ویسے ہی سونے کے کچھ ٹکڑوں کیلئے لوگوں کو دھوکہ دیا جیسے اُس دور کے دھوکہ بازوں نے عیسیٰ مسیح کے ساتھ دھوکہ کیا تھا۔ان کا  اشارہ ۲۰۲۰ء میں کیرالا   کے سونے کی اسمگلنگ  سے متعلق کیس کے تناظر میں  تھا   ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ  برسوں  میں کیرالا کی سیاست میں  بڑی تبدیلی دیکھی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف انتخابات کے وقت ایک دوسرے پر تنقید کرتے ہیں لیکن سچ یہ ہے کہ یہ اندر سے ایک ہی ہیں۔
 وزیراعظم مودی نے کہاکہ میٹرومین ای شری دھرن جیسی معروف شخصیات کی موجودگی ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔اس سے قبل نریندرمودی کوئمبٹور بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر پہنچے ا ور یہاں تقریباً ساڑھے ۸؍ بجے ہیلی کاپٹر سے آئے۔ اس کے بعد ان کاقافلہ فورٹ میدان پہنچا۔ راستے میں ان کے بڑے بڑے کٹ آوٹس اور بی جے پی کے جھنڈے لگائے گئے تھے۔
 خیال رہے کہ ریاست کی۱۴۰؍ رکنی اسمبلی کے انتخابات کیلئے ۶؍ اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی۲؍ مئی کو ہوگی۔ یہاں کے تعلق سے انتخابی جائزوں میں بایاں محاذ کی واپسی کی قیاس آرائی کی گئی ہے۔ 
کیرالا  کے سابق ایم پی کا لڑکیوں کو مشورہ، راہل گاندھی سے دور رہیں، وہ ابھی کنوارے ہیں، چوطرفہ تنقیدوں کے بعد معذرت کی

   یہاں کیرالا سے لیفٹ ڈیمو کریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کے سابق رکن پارلیمان جائس جارج  نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے متعلق ایک متنازع بیان دے دیا ہے۔ چوطرفہ تنقیدوں کے بعد انہوں نے معذرت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھی۔  ایل ڈی ایف کے حمایت یافتہ امیدوار کی انتخابی مہم میں ایک جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کانگریس پر تنقید کرتے کرتے ذاتیات پر آگئے اور لڑکیوں کو مشورہ دے ڈالا کہ وہ راہل گاندھی کے قریب آنے سے احتیاط برتیں کیونکہ راہل گاندھی ابھی کنوارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’’ راہل گاندھی کے زیادہ تر پروگرام خواتین کے کالجوں میں ہوتے ہیں۔ وہ وہاں جاتے ہیں اور لڑکیوں کو جھکنا سکھاتے ہیں۔ میرے پیارے بچو! برائے مہربانی ان کے سامنے نہ جھکیں، نہ ان کے سامنے کھڑے ہوں۔ راہل شادی شدہ نہیں ہیں، ان کا یہی پروگرام ہوتا ہے۔‘‘ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں راہل گاندھی کوچی کے سینٹ ٹریسا کالج گئے تھے جہاں انہوں نے لڑکیوں کی گزارش پر انہیں جاپانی مارشل آرٹ ’آئی کیڈو‘ کی تربیت دی تھی۔ جائس جارج کا اشارہ اسی پروگرام کی جانب تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK