Inquilab Logo

وزیر اعظم مودی کا عوام کے نام کھلا خط، قومی یکجہتی کی بات کی

Updated: May 30, 2020, 1:45 PM IST | New Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۱۹) سے نمٹنے کیلئے پورے ملک نے اپنے منفرد اتحاد اور عزائم سے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کی دوسری مدت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ہم وطنوں کے نام کھلے خط میں مودی نے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ۱۳۰؍ کروڑ لوگوں کے حال اور مستقبل کا کبھی بھی کوئی آفت فیصلہ نہیں کر سکتی۔

Prime Minister Narendra Modi Photo: PTI
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۱۹) سے نمٹنے کیلئے پورے ملک نے اپنے منفرد اتحاد اور عزائم سے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کی دوسری مدت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ہم وطنوں کے نام کھلے خط میں مودی نے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ۱۳۰؍ کروڑ لوگوں کے حال اور مستقبل کا کبھی بھی کوئی آفت فیصلہ نہیں کر سکتی۔ مودی نے اپنے خط میں لکھا کہ’’ہم اپنے ہم وطنوں کی توقعات اور حسرتوں کو پورا کرنے کی سمت میں تیز رفتار سے آگے بڑھ رہے تھے، لیکن اسی درمیان کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کے ساتھ ہمارے ملک کو بھی الجھا دیا۔ جہاں ایک طرف عظیم اقتصادی وسائل اور جدید ہیلتھ سسٹم کے ساتھ طاقتیں ہیں، وہیں دوسری طرف ہمارا ملک ایک بہت بڑی آبادی اور محدود وسائل کے درمیان مختلف مسائل سے گھرا ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے لکھا ہے کہ بیشتر افراد کے ذہن میں یہ خدشہ تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان دنیا کیلئے ایک مسئلہ نہ بن جائے، لیکن آج آپ نے دنیا کو ہماری طرف دیکھنے کے نظریہ اور سوچ کے تصور کو تبدیل کر دیا۔آپ نے ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کے طاقتوراورخوشحال ممالک کے مقابلے میں ہندوستان کی اجتماعی طاقت اور صلاحیت منفرد ہے۔
وزیر اعظم نے مزید لکھا ہے کہ’’ہم نے اب تک جس صبروتحمل کا مظاہرہ کیا ہے، اسے برقرار رکھنا ہے۔ موجودہ بحران کی اس گھڑی میں بحث کا مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہندوستان سمیت مختلف ممالک کی معیشت کو کس طرح بحال کیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہندوستان نے اپنے اتحاد ویکجہتی اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں عزائم سے دنیا کو حیران کیا ہے، اس کے پیش نظر ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم اقتصادی احیائے کی سمت میں بھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔‘‘اپنے کھلے خط میں انہوں نے مہاجر مزدوروں کو بھی یاد کیا کہ ان حالات میں سب سے زیادہ پریشان مہاجر مزدور، چھوٹی صنعتیں، فنکاراور مزدور ہوئے ہیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے یہ یقینی طور پر بحران کی گھڑی ہے، لیکن ہم ہندوستانیوں کیلئے یہ ایک عزم مصمم کا وقت ہے۔ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ۱۳۰؍ کروڑ افراد کے حال اور مستقبل کا کبھی بھی منفی حالات فیصلہ نہیں کر سکتے۔ ہم خود اپنا حال اور اپنا مستقبل طے کریں گے۔ ہم ترقی کی راہ پر گامزن رہیں گے اور کامیابی بھی حاصل کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK