Inquilab Logo

وزیر اعظم مودی کا اقوام متحدہ میں خطاب، مستقل رکنیت کا مطالبہ دہرایا

Updated: September 27, 2020, 5:52 AM IST | Agency | United Nations

پوچھا کہ آخر کب تک ہندوستان کو عالمی تنظیم کے فیصلے کے عمل سے دور رکھا جائے گا ؟پوری دنیا کو کورونا کی ویکسین فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا

PM Modi - Pic : PTI
پی ایم مودی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

وزیراعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ۷۵؍ ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر ہندوستان کو مستقبل رکنیت دینے کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے سیکوریٹی کونسل کی ہیئت  میں  تبدیلی کو  وقت کی  ضرورت قرار  دیتے  ہوئے   سوال کیا  کہ  عالمی تنظیم  کے فیصلے  کے عمل  سے ہندوستان کو کب تک الگ رکھا  جائے گا؟ مودی نے  اقوام متحدہ اجلاس   سے  ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ  سے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اقوام متحدہ میں تبدیلی ، نظام میں تبدیلی، ہیئت میں تبدیلی آج کے دور کا تقاضہ ہے۔  ہندوستان  میں اقوام متحدہ  کی جو عزت ہے وہ بہت کم ممالک میں ہے اور یہ بھی  حقیقت ہے کہ ہندوستان کے لوگ اقوام متحدہ میں اصلاحاتی عمل  کے  پورا  ہونے کا  طویل  عرصے  سے انتظار کررہے ہیں۔ آخر کب تک ہندوستان کو اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت سے دور رکھا جائے گا۔  
  مودی نے پوچھا کہ آج پوری  عالمی  برادری  کے سامنے  ایک بہت بڑا سوال ہے کہ جس ادارے کی تشکیل آج  سے ۷۵؍ برس  پہلے  اس  وقت کی  صورت حال کے پیش نظر ہوئی تھی، اس کی  موجودہ شکل کی آج بھی اتنی ہی اہمیت کیوں ہے۔  عالمی امن میں ہندوستان  کے کردار کا  ذکر کرتے  ہوئے انہوں نے کہا کہ جس  ملک  نے  برسوں تک  رہنمائی کرنے  اور برسوں کی غلامی، دونوں کو جھیلا ہے، جس  ملک  میں ہورہی تبدیلیوں کا اثر دنیا کے بہت بڑے  حصے  میں پڑتا  ہے، اس ملک کو  آخر کب تک انتظار کرنا پڑے گا؟  ہندوستانی اقوام متحدہ  میں اپنے تعاون کو دیکھتے  ہوئے اپنا  کردار دیکھ رہے ہیں۔
 وزیر اعظم نے اس دوران کورونا کا ذکر کرتے ہوئے یہ وعدہ بھی کیا کہ ہندوستان بہت جلد پوری دنیا کو کورونا کی ویکسین سپلائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ماضی میں بھی پوری دنیا کے لئے مدد کا ہاتھ بڑھاچکا ہے اور اس مرتبہ بھی وہ اپنی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر دہشت گردی کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک اس عفریت کے خلاف متحد ہوکر اقدامات کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK