Inquilab Logo

وزیراعظم نریندر مودی کا قوم سے خطاب

Updated: June 30, 2020, 5:20 PM IST | Agency | Mumbai

وزیراعظم نریندر مودی نے آج، منگل کو قوم کے نام اپنے چھٹے خطاب کا آغاز اس بات سے کیا کہ ہم اَن لاک ڈاؤن ۔۲ میں ایک ایسے موسم میں داخل ہورہے ہیں جس میں سردی ، کھانسی اور بخار وغیرہ بڑھ جاتے ہیں۔ میں آپ سب کی صحت کے لئے دعاگو ہوں اور آپ بھی اپنا خیال رکھیں۔

pm-modi-address
وزیراعظم نریندر مودی قوم سے خطاب کرتے ہوئے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

نئی دہلی :وزیراعظم  نریندر مودی نے آج، منگل کو قوم کے نام اپنے چھٹے خطاب کا آغاز اس بات سے کیا کہ  ہم اَن لاک ڈاؤن ۔۲   میں ایک ایسے موسم میں داخل ہورہے ہیں جس میں سردی ، کھانسی اور بخار وغیرہ بڑھ جاتے ہیں۔ میں آپ سب کی صحت کے لئے دعاگو ہوں اور آپ بھی اپنا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم کورونا سے ہونے والی اموات کا موازنہ کریں تو ہم مستحکم حالت میں ہیں۔ بروقت لاک ڈاؤن اور دیگر فیصلوں نے ہندوستان میں لاکھوں افراد کی زندگیاں بچائیں۔ لیکن ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں جب سے  ملک میں اَن لاک شروع ہوا ہے ، تب سے سماجی اور معاشرتی طور پر جس احتیاط کی ضرورت تھی، اس میں لاپروائی برتی گئی ۔ اَن لاک سے قبل ہم دو میٹر کی دوری ، ماسک کا  استعمال اور دن میں کئی کئی بار ہاتھ دھونے جیسے احتیاطی اقدامات پر عمل پیرا تھے  لیکن آج جب ہمیں زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے ہم لاپروا ہوگئے ہیں ۔ یہ بات باعث تشویش ہے۔
  وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ  لاک ڈاؤن کھولتے وقت بہت سارے اصولوں پر عمل کرنا تھا جس پرہم نے عمل کیا ، اب ملک کے شہریوں کا فرض ہے کہ وہ بھی اسی طرح کی احتیاط برتیں اور اصولوں پر عمل کریں، بالخصوص وہ علاقے جو کنٹیمنٹ زون ہیں ، وہاں زیادہ توجہ دینے اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ ایک ملک کے وزیراعظم کو صرف اس لئے ۱۳؍ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا کہ انہوں نے عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال نہیں کیا تھا۔ 
  وزیراعظم نے  کہا کہ اس موقع پر میں ایک اہم اعلان کررہا ہوں ، یہ کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت غریبوں کو مفت راشن کی اسکیم کو پانچ مہینے بڑھایا جارہا ہے ۔ اب یہ اسکیم نومبر تک ملک میں لاگو رہے گی ۔ اس اسکیم کے تحت غریبوں کو پانچ کلو مفت گیہوں یا چاول اور ایک کلو چنا دیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس اسکیم کو نومبر تک لاگو کرنے میں ۹۰ ہزار کروڑ کا اضافی خرچ آئے گا ۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جب سے یہ اسکیم شروع ہوئی ہے، تب سے نومبر تک اس میں ڈیڑھ لاکھ کروڑ تک کا خرچ آئے گا ۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کورونا سے لڑتے ہوئے ہندوستان میں ۸۰؍کروڑ سے زیادہ لوگوں کو تین مہینے کا راشن دیا گیا تھا  نیز پچھلے تین مہینوں میں پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت غریبوں کے کھاتے میں پیسے بھی ڈالے گئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK