Inquilab Logo

جے جےاسپتال میں نجی لیب والوں کی آمد پر پابندی

Updated: April 08, 2022, 10:08 AM IST | saadat khan | Mumbai

جگہ جگہ پوسٹر لگاکر متنبہ کیا گیا،اسپتال عملے اور لیب والوں کی سانٹھ گانٹھ ختم کرنے کیلئےنئی ڈین پلوی سابلے کا اقدام

Poster ban on outside medical agencies and pathology labs at JJ Hospital
جے جے اسپتال میں باہر کی میڈیکل ایجنسیوں اور پیتھولوجی لیب پر پابندی کا پوسٹر

ان دنوں جے جے اسپتال کے احاطے میںجگہ جگہ بیرونی میڈیکل ایجنسی اور پیتھالوجی لیب کے نمائندوںکے داخلے پر پابندی سےمتعلق پوسٹر لگائےگئےہیں۔ ان پوسٹروںکے ذریعے گزشتہ کئی برسوںسے اسپتال عملےاور نجی لیب والوںکے درمیان جاری سانٹھ گانٹھ کو روکنےکی کوشش کی گئی ہےجس سے مریضوںاوران کے رشتے داروںکو کافی راحت ملے گی۔یہاںمعمولی مثلاً ایچ بی سی، لیپڈپروفائل اور کمپلیٹ بلڈ کائونٹ (سی بی سی) جیسے خون کی جانچ بھی نجی لیب میں کروائی جارہی تھی۔ان خون کی جانچ اور دیگرطبی ٹیسٹ کے ذریعے نجی لیب والے مریضوںاور ان کے رشتے داروں سے موٹی رقم وصول رہے تھے۔ جس کی شکایت نئی ڈین پلوی سابلے سے کی گئی تھی۔ شکایت کےموصول ہونے پر پلوی سابلے نے اسپتال میں نجی لیب والوںکی آمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈین کے مطابق موصولہ شکایت کی جانچ کیلئےایک کمیٹی بھی بنائی گئی ہےجو ۸؍ دنوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔بعدازیں خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔مہاراشٹر اسٹیٹ میڈیکل ٹیچر س اسوسی ایشن ممبئی کے صدراور جے جے اسپتال کے ڈاکٹر سچن مولکوٹکرنے ڈین پلوی سابلے کے ذریعے نجی لیب والوںپر عائد کردہ پابندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب مریضوں کی خون کی جانچ کیلئے ان کےمتعلقین کو نجی لیب سے خون کی جانچ کروانےکی ضرورت نہیں ہو گی اورانہیں خون کی جانچ کیلئے پیسہ بھی نہیں دیناہوگا۔  اس ضمن میں جب نمائندہ انقلاب نے پلوی سابلے سے بات چیت کی توانہوںنےکہاکہ ’’میں ایک ہفتہ قبل ہی اسپتال میںآئی ہوں۔ اس دوران مجھے مذکورہ معاملےمیں ۲؍شکایتیں ملی ہیں۔ شکایتوں پر کارروائی کرتےہوئے سب سے پہلے میں نے اسپتال احاطےمیںنجی لیب والوں کی آمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔اس کیلئے اسپتال احاطے میں پوسٹر بھی لگوائے گئے ہیں۔ساتھ ہی خون جانچنے کی جومشین خراب تھی، وہ بھی بن گئی ہے۔ مذکورہ ۲؍شکایتوںکی بنیادپرمیں نے ایک کمیٹی بھی بنائی ہے جو اس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔کمیٹی کی رپورٹ پر خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ساتھ ہی اب اسپتال عملہ نجی لیب سے کوئی خون ٹیسٹ نہیں کروائے گا۔ یہ  ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔اگر کوئی مخصوص خون ٹیسٹ نجی لیب سے کروانا بھی ہوگا تو اس کیلئے باضابطہ طور پر اسپتال انتظامیہ سے اجازت لینی ہوگی۔اس ٹیسٹ کاچارج بھی حکومت کی طرف سے ادا کیاجائے گا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK