Inquilab Logo

پرینکا گاندھی کا مودی حکومت پر کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار میں بازیگری کرنے کا الزام

Updated: June 08, 2021, 7:28 AM IST | New Delhi

بی جے پی کی مہم ’پازیٹی ویٹی‘ اور اس کی تشہیر بازی کے جواب میں ان دنوں کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی ’ذمہ دار کون؟

These days, the sleep of BJP leaders is forbidden due to Priyanka Gandhi`s campaign.Picture:PTI
پرینکا گاندھی کی مہم سے ان دنوں بی جے پی لیڈروں کی نیند حرام ہے تصویرپی ٹی آئی

بی جے پی کی مہم ’پازیٹی ویٹی‘ اور اس کی تشہیر بازی کے جواب میں ان دنوں کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی ’ذمہ دار کون؟‘ کے نام سے ایک مہم چلا رہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مودی حکومت کی خبر لے رہی ہیں۔ ان کی یہ مہم عوام میں کافی مقبول ہورہی ہے،جس کی وجہ سےبی جے پی کافی پریشان  ہے۔ بی جے پی کی پریشانی کا ثبوت اس کی جانب سے دیئے جانے والے اس کے بیانات ہیں۔ بی جےپی ان الزامات کا جواب دینے کے بجائے اور اپنی کارگردگی بتانے کے بجائے، الٹا کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کو گھیرنے کی کوشش کرتی ہے۔پرینکاگاندھی نے اس مرتبہ مودی سرکار کو  اس کے اعداد و شمار کی بازیگری پر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کورونا  وبا کے دور میں بھی اعداد و شمار کی بازیگری  سے باز نہیں آئی  اور کورونا متاثرین سے  لے کر مہلوکین کی تعداد  بتانے میں کھیل کرتی رہی ہے۔
 پرینکا گاندھی نے پیر کو فیس بک پر اپنی ’ذمہ دار کون مہم‘ کے تحت  جاری  ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت نے شروع ہی سے کورونا وائرس سے ہونے والی  اموات اور کورونا متاثرین کی تعداد شرح میں دکھا یا  لیکن وہ کورونا کےٹیسٹنگ  کے اعداد و شمار کی مجموعی تعداد  بتاتی رہی ۔انہوں نے کہا کہ  ٹیسٹنگ ہی کی طرح مودی حکومت ویکسی نیشن کے معاملے میں بھی کھیل کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کل تعداد بتائی جا رہی ہے جبکہ کل آبادی کی مناسبت سے شرح بتائی جانی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ تعداد میں بھی گیم ہے، وہ یہ کہ حکومت ویکسی نیشن کی پہلی اور دوسری خوراکیں  جوڑ کر بتارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار کی بازیگری نہیں تو اور کیا ہے؟
 کانگریس کی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ کورونا کی وبا میں لوگوں نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ اعداد و شمار میں شفافیت برتے کیونکہ اس وبا کا پھیلاؤ ، وائرس کی پوزیشن ، کہاں سیل کرنا ہے اورکہاں جانچ میں اضافہ کرنا ہے؟ کا تعین کیا جاسکے لیکن حکومت نے اس پر عمل درآمد نہیں کیا۔
 پرینکا  گاندھی نے کہا ’’ماہرین کا خیال ہے کہ پہلی لہر کے دوران اعداد و شمار کو ظاہر نہ کرنا، دوسری لہر میں اس طرح کی تباہ کن صورتحال کی ایک بڑی وجہ تھی۔ اس کو بیداری کا ذریعہ بنانے کے بجائے حکومت نے اعداد و شمار کو  بازیگری کا ذریعہ بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق تمام اعداد و شمار کو صرف سرکاری  چیمبرز میں قید رکھا گیا  اور سائنسدانوں کے اس ڈیٹا کو عام کرنے کے مطالبے پر توجہ نہیں دی گئی ۔
  حکومت کس طرح اعداد و شمار کا کھیل کھیل رہی ہے، اس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسری لہر کے دوران گجرات میں۷۱؍ دنوں میں ایک لاکھ۲۴؍ ہزار ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے تھے لیکن گجرات حکومت نے ریاست میں کورونا وائرس کی وجہ سے مہلوکین کی جو تعداد بتائی وہ محض ۴؍ ہزار ۲۱۸؍ تھی۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے۴؍ شہروں میں جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق اور حکومت کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کے اعداد و شمار ہم آہنگ نہیں ہیں۔
 پرینکا گاندھی نے بتایا کہ احمد آباد میں۱۳؍ ہزار ۵۹۳؍  ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری  کئے گئے جبکہ سرکاری سطح پر جاری اموات کی تعداد ۲؍ ہزار۱۲۶؍ہے۔ اسی طرح  سورت میں جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی تعداد ۸؍ ہزار ۸۵۱؍  ہے جبکہ سرکاری اعداد و شمار میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار ۷۴؍ ہے۔ ایک اور ریاست راج کوٹ میں جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی تعداد ۱۰؍ ہزار ۸۸۷؍ ہےجبکہ سرکاری طور پر پیش کئے گئے اعداد و شمار میں کورونا کے سبب مرنے والوں کی تعداد صرف ۲۰۸؍ بتائی گئی ہے۔بڑودہ میں جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ۷؍ ہزار ۷۲۲؍ ہے جبکہ کورونا کے حوالے سے سرکاری اعداد و شمار میں جو اموات کی تعداد بتائی گئی ہے ، وہ صرف ۱۹۸؍ ہے۔ 
 انہوں نے کہا کہ حکومت کام کرنے کے بجائے اور عوام کو پریشانیوں سے نجات دلانے کے بجائے حکومت اعداد شمار میں بازی گری کرکے انہیں فریب دینے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت دنوں تک یہ کھیل جاری نہیں رہ سکتا کیونکہ دوسری لہر میں عوام کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK