Inquilab Logo

اجے کمار للو کی گرفتاری کیخلاف پرینکا کا تحریک چلانے کا اعلان

Updated: May 27, 2020, 4:35 AM IST | Jeelani Khan Aleeg | Lucknow

پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی نے للو کے اہل خانہ سے فون پر گفتگو کی اور یقین دلایا کہ کانگریس انہیں آزادکرالے گی

Ajay Kumar Lallu and Priyanka Gandhi - PIC : INN
اجے کمار للو اور پرینکا گاندھی ۔ تصویر : آئی این این

کانگریس جنرل سیکریٹری  اور یوپی انچارج پرینکا گاندھی نے اب یوگی حکومت کے خلاف براہ راست مورچہ کھول دیا ہے۔ انہوں نے ریاستی کانگریس کے صدر اجے کمار للو کی گرفتاری کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔پرینکا نے ٹویٹ کے ذریعہ پارٹی کارکنوں کو اس جدو جہد کے لئے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اجے کمار للو کو انصاف  نہیں مل جاتا ہماری یہ جدو جہد جاری رہے گی۔ادھر،گوسائیں گنج ضلع جیل میں قید اجے کمار کوللو آج بھی ضمانت نہیں ملی اور اب اگلی سماعت ۲۸؍مئی کو طے ہوئی ہے۔یاد رہےکہ للو کو دوسری ریاستوں سےمہاجر مزدوروں اور کارکنوں کو لانے کیلئے بسوں کی جعلی فہرست فراہم کرنے سمیت متعدد دفعات لگاکر پولیس نے ۱۹؍مئی کو گرفتار کرلیا تھا  اور بسوں کو یوپی سرحد میں نہ آنے دینے پر پولیس سے ان کی تیکھی نوک جھونک ہوئی تھی۔
 سابق کانگریس صدر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے منگل کو للو کے والدین سے ٹیلیفون پر بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ جلد ہی پارٹی انہیں رہا کرالے گی۔کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے منگل کو ۲؍ ٹویٹ کئے  جن کا تعلق اسی معاملے سے تھا ۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں یوگی حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔کانگریس لیڈر نے یوپی کانگریس صدر اجے کمار للو کی گرفتاری اور ضمانت میں جاری ٹال مٹول پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوپی کانگریس کا ہر کارکن اس جدوجہد کو جاری رکھے گا جب تک کہ انہیں انصاف نہیں مل پاتا۔
  اتر پردیش کی انچارج پرینکا نےاپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ `یوپی کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے محنت کش زندگی بسر کرکے یہ سیاسی مقام حاصل کیا ہے۔ یوپی سرکار نے انہیں۱۹؍ مئی کو جیل میں ڈال دیا ۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ یوپی حکومت اپوزیشن کی مثبت خدمات کوبھی مستردکررہی ہے اور دبا رہی ہے ، لیکن اجے کمار للو جھکیں گے اورنہ ہی کانگریس کا کام رکے گا۔
 پرینکا گاندھی نے کہا کہ جب تک انہیں انصاف نہیں مل جاتا یوپی کانگریس کا ہر کارکن اپنی آواز بلند کرتا رہے گا اور جدوجہد جاری رکھے گا۔انہیں آگرہ سے گرفتار کیاگیا تھااوربعد میںگوسائیں گنج ضلع جیل منتقل کردیا گیا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK