اسمبلی الیکشن لڑنے والی، گاندھی خاندان کی پہلی فرد ہوسکتی ہیں ، پارٹی کی جانب سے دونوں حلقوں میں سروے کیا جارہا ہے
EPAPER
Updated: September 16, 2021, 9:26 AM IST | Amethi
اسمبلی الیکشن لڑنے والی، گاندھی خاندان کی پہلی فرد ہوسکتی ہیں ، پارٹی کی جانب سے دونوں حلقوں میں سروے کیا جارہا ہے
اگلے سال ہونے والے اتر پردیش اسمبلی الیکشن میں کانگریس کی سینئر لیڈر اور یوپی کی انچارج پرینکا گاندھی امیٹھی یا رائے بریلی سے میدان میں اتر سکتی ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو وہ گاندھی خاندان سے پہلی فرد ہوں گی جو اسمبلی الیکشن لڑے گا۔بتایا جارہا ہے کہ امیٹھی سے الیکشن لڑنا پرینکا گاندھی کی پہلی ترجیح ہے لیکن پارٹی کی جانب سے امیٹھی اور رائے بریلی دونوں جگہ سروے کروایا جارہا ہے۔ اس کے نتائج کی بنیاد پر پرینکا کی امیدواری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پارٹی کے ذرائع کے مطابق پرینکا امیٹھی سے الیکشن میں اترنا چاہتی ہیں تاکہ وہ اپنے بھائی راہل گاندھی کی شکست کا انتقام بھی لے سکیں اور ۲۰۲۴ء میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس کے لئے یہاں زمین دوبارہ تیار کرسکیں۔
اس سلسلے میں کانگریس کی یوپی ایڈوائزری کمیٹی نے بھی پرینکا کو مشورہ دیا تھا کہ وہ میدان میں اتریں اور بی جے پی سے سامنے سے لوہا لیں کیوں کہ اگر بی جے پی اور یوگی کو ان ہی کے کھیل میں شکست دینی ہے تو گاندھی خاندان کے کسی ایک فرد کو پوری طرح سے میدان میں اترنا ہوگا۔ چونکہ پرینکا گاندھی یوپی کی ذمہ داری سنبھال رہی ہیں اور کانگریس میں نئی جان ڈالنے کے لئے جی توڑ محنت کررہی ہیں اس لئے انہیں الیکشن لڑنے پر آمادہ کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گاندھی خاندان کے کسی بھی فرد نے اسمبلی الیکشن نہیں لڑا ہے۔ سبھی نے لوک سبھا انتخابات میں ہی زور آزمائی کی ہے۔ پرینکاگاندھی کے دفتری ذرائع کا کہناہے کہ ابھی تک پرینکا نے واضح طور پر ہامی نہیں بھری ہے لیکن دفتر کی جانب سے الیکشن لڑنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں امیٹھی اور رائے بریلی کی مقامی لیڈرشپ کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔