Inquilab Logo

پرینکا نے خواتین کا خصوصی منشورجاری کیا

Updated: November 02, 2021, 10:52 AM IST | Inquilab News Network/Agency | Lucknow

  گورکھپو ر کی ریلی کی کامیابی سے حوصلہ پاکر یو پی انچارج نے اعلان کیاکہ حکومت بننے پر خواتین کو سرکاری نوکری میں ۴۰؍فیصد ریزرویشن دیاجائےگا، سرکاری بسوں میں خواتین کیلئے مفت سفر کی سہولت ہوگی اور ہرسال ۳؍ مفت سلنڈر دئیے جائیں گے

State in-charge Priyanka Gandhi at the Gorakhpur rally.Picture:PTI
گورکھپور کی ریلی میں ریاستی انچارج پرینکا گاندھی۔ تصویر: پی ٹی آئی

کانگریس  کی جنرل سیکریٹری  اور ریاستی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے پیر کو خواتین کیلئے خصوصی منشور جاری کیا جس میں انہوں نے پرکشش وعدوں کی جھڑی لگا دی ۔پرینکا  نے گورکھپور میں اتوار کو منعقدہ ریلی کی کامیابی کے بعد ٹویٹ کے ذریعہ منشور کا عکس ’ لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں ‘ کے نعرے کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ۲۰۲۲ء کے اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس کی حکومت بننے پر ریزرویشن کی تجاویز کے مطابق خواتین کو سرکاری نوکری میں ۴۰؍فیصد ریزرویشن دیا جائے گا، سرکاری بسوں میں خواتین کیلئے مفت سفر کی سہولت ہوگی جبکہ آشا اور آنگن واڑی کارکنوں کو ہر ماہ ۱۰؍ ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا جبکہ خواتین کو ہرسال ۳؍ مفت سلنڈر دئیے جائیں گے۔ انہوں نے پیر کو ٹویٹ کیا:’’ یو پی کی میری  پیاری بہنو! آپ کا ہر دن جدوجہد سے بھرا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اس کو سمجھتے ہوئے آپ کے لئے الگ سے ایک ’خاتون منشور‘ تیار کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کی حکومت بننے پر سالانہ بھرے ہوئے۳؍سلنڈر مفت دئیے جائیں گے۔ ریاست کی سرکاری بسوں میں خواتین کے لئے مفت  یاترا ..   ۔‘‘ کانگریس جنرل سیکریٹری نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا:’’آشا اور آنگن واڑی کی میری بہنوںکو فی ماہ ۱۰؍ہزار روپے کا اعزازیہ دیا جائے گا۔نئے سرکاری عہدوں پر ریزرویشن کی تجاویز کے مطابق۴۰؍فیصد عہدوں پر خواتین کا تقرر ۔ ایک ہزار روپے فی ماہ  معمر بیوہ پنشن، اترپردیش کی سرزمین کےہیروز نام پر پوری ریاست میں ۷۵؍ کالج کھولے جائیں گے۔‘‘  انہوں  تیسرے ٹویٹ میں اپنے پرانے وعدوں کو یاد دلاتے ہوئے لکھا:’’ کانگریس پارٹی  ۴۰؍فیصد ٹکٹ خواتین کو دے گی ۔ طالبات کو اسمارٹ فون اور اسکوٹی دے گی ۔ ‘‘
   قبل ازیں اتوارکو گورکھپور میں منعقدہ پرینکا گاندھی کی ریلی میں ایک بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔  انہوں نے تارہ منڈل علاقے  میں چمپا دیوی پارک میں  پرتگیہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا :’’جو لوگ کہتے ہیں کہ اترپردیش میں کانگریس کمزور ہے، انہیں یہاں موجود  بھیڑ کو ایک بار دیکھ لینا چاہئے۔‘‘   اس ریلی میں پرینکاگاندھی  نے خواتین کے بارے میں کہا تھا :’’ خواتین سمجھدار ہوتی ہیں۔ ان میں لڑنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔یوپی میں خواتین پر ظلم ڈھایا گیا ہے لیکن جب سیاست میں خواتین آئیں گی تووہ خود حالات سے بہتر طریقہ سے مقابلہ کرسکیں گے۔‘‘  ریلی میںپرینکا نے خواتین کو ایک سال میں ۳؍ ایل پی جی سلنڈر مفت دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی کہا تھاکہ ریاست میں حکومت بننے پر سرکاری بسوں میں خواتین کا کرایہ نہیں لیا جائے گا۔  پیر کو مذکورہ  اور دیگر وعدے خواتین  کے خصوصی منشور میں شامل کئے گئے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK