Inquilab Logo

انتخابی تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین سے پرینکا گاندھی کی ملاقات

Updated: July 18, 2021, 1:27 AM IST | Lucknow

یوگی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بلاک پرمکھ کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران خاتون امیدوار سے بدسلوکی کی جاتی ہے اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہتی ہے، انتخابات منسوخ کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھنے کا اعلان ، پرینکا نے جس امیدوار سے ملاقات کی وہ سماج وادی پارٹی کی ہیں

Congress leader Priyanka Gandhi talking to the affected women. Picture: PTI
کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی متاثرہ خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے ۔(تصویر: پی ٹی آئی )

کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور یوپی کی انچارج پرینکا گاندھی سہ روزہ دورے پر  اتر پردیش پہنچی ہیں اور ان کی آمد سے پورے یوپی کی سیاست میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے کیوں کہ انہوںنے اپنے طوفانی دوروں کی وجہ سے یوپی بی جے پی پر شدید تنقیدیں کی ہیں ۔ وہ اپنے دورے کے دوسرے دن راجدھانی لکھنؤ سے لکھیم پور کھیری پہنچیں اور وہاں انہوں نے بلاک پرمکھ انتخابات کے دوران بدسلوکی کا شکار بننے والی خواتین سے ملاقات کی۔ پرینکا گاندھی  نےاس کے بعد ضلع کی عصمت دری  سے متاثرہ تین بچیوں سے بھی ملاقات کی۔پرینکا گاندھی صبح کے وقت لکھنؤ سے لکھیم پور کھیری کے لئے روانہ ہوئیں ۔ انہوں نے ضلع کے موضع پسگاؤں  میں سماجوادی پارٹی سے وابستہ ریتو سنگھ اور انیتا یادو سے ملاقات کی۔ ریتو سنگھ بلاک پرمکھ انتخابات میں امیدوار تھیں اور انیتا یادو ان کی تجویز کنندہ تھیں اور ان کے ساتھ مبینہ طور پر بی جے پی کارکنان نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران بدسلوکی کی تھی۔ اس کا ویڈیو بھی وائرل ہوا تھا جس کی وجہ سے بی جے پی اور یوگی حکومت کی پورے ملک میں بدنامی ہوئی تھی ۔ 
 لکھیم پور کھیری میں ۸؍جولائی کو بلاک پرمکھ انتخابات کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران انیتا یادو کی ساڑی  کھینچ لی گئی تھی اور اسکا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا  تھا ۔ پرینکا گاندھی نے سماجوادی پارٹی سے وابستہ ہونے کے باوجود دونوں خواتین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارا تعلق کس پارٹی سے ہے، ہم خواتین ہیں اور ایسا کسی بھی خاتون کے ساتھ کبھی نہیں ہونا چاہئے۔ بی جے پی کے غنڈوں نے جو کچھ کیا ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ اس کے خلاف ہم مسلسل آواز بلند کرتے رہیں گے ۔‘‘ پرینکا گاندھی نے اس دوران متاثرہ خاتون کو تسلی دی اور کہا کہ وہ ہر حال میں انہیں انصاف دلا کر رہیں گی نیز جہاں جہاں بھی تشدد ہوا ہے وہاں کا انتخاب منسوخ کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کریں گی۔پرینکا گاندھی نے واضح الفاظ میں کہا کہ جمہوریت کی عزت پامال کرنے والے بی جے پی کے غنڈے کان کھول کر سن لیں، خواتین ،پردھان، بلاک پرمکھ، رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ، وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم بنیں گی اور ان پر ظلم و ستم اور تشدد کرنے والوں کو شہ دینے والی حکوت کو شکست دیں گی۔ پنچایت انتخابات میں بی جے پی کے ذریعے  کئے گئے تشدد کی شکار اپنی تمام بہنوں اور شہریوں کے انصاف کے لئے میں الیکشن کمیشن کو مکتوب ارسال کروں گی اور مطالبہ کروں گی کہ بلاک پرمکھ انتخابات کے نتائج منسوخ کئے جائیں۔ اس تعلق سےیوپی کانگریس  نے ایک ٹویٹ میں اس ملاقات کی تصاویر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’’پارٹی کے حساب سے نہیں درد کے حساب سے رشتہ نبھانے والی لیڈر کا نام پرینکا گاندھی ہے۔‘‘اس کے بعد پرینکا گاندھی  نےامیٹھی  اور رائے بریلی کے بلاک کانگریس صدور سے بھی ملاقات کی اور حالات کا جائزہ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK