Inquilab Logo

پرینکا گاندھی کا یوگی حکومت پر اور اکھلیش یادوکاامیت شاہ پر طنز

Updated: October 31, 2021, 10:57 AM IST | Lucknow

کانگریس لیڈر نے فرضی بجلی بل اور مڈ ڈے میل معاملے میں حکومت کو گھیرا، ایس پی سربراہ نے دوربین والے بیان پر مرکزی وزیر داخلہ کو اجے مشرا ’ٹینی‘کی یاد دلائی

Both Akhilesh Yadav and Priyanka Gandhi are constant attackers of the state government.
اکھلیش یادواور پرینکا گاندھی دونوں ریاستی حکومت پر مسلسل حملہ آور ہیں

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے ایک بار پھر یوگی حکومت پر طنز کیا ہے جبکہ سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے امیت  شاہ پرتنقید کی ہے۔ دونوں لیڈروں نے بذریعہ ٹوئٹ یہ طنز کیا ہے۔ پرینکا نے اپنے ٹویٹ  کے ساتھ ایک شائع شدہ رپورٹ کو ٹیگ کیا ہے جس میں ایک مزدور کو ۱۹؍کروڑ ۱۹؍لاکھ کا بجلی بل بھیجا گیا ہے جبکہ اکھلیش نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ جو تصویر شیئر کی ہے اس میں امیت  شاہ کے دوربین اور ’باہو بلی‘والے بیان پر چٹکی لیتے ہوئے اجے مشرا ’ٹینی‘ کو ان کے بغل میں کھڑے دکھایا ہے۔ 
 کانگریس کی یوپی انچارج پرینکا گاندھی نے اپنے نئے ٹویٹ  میں بی جے پی حکومت کے طریق کار پر سوال اٹھایا۔انہوں نے پہلے ٹویٹ  میں ایک مزدورکو ۱۹؍کروڑ ۱۹؍لاکھ کے بجلی بل سے متعلق رپورٹ کو ٹیگ کیا ہے۔اپنے ٹویٹ  میں انہوں نے لکھاکہ بی جے پی حکومت میں بجلی بلوں اور اسمارٹ میٹروں کی لوٹ سے ریاست کے عوام بے حال ہیں۔ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے پر اس لوٹ کو ختم کیا جائے گا۔انہوں نے اپنے ایک دیگر ٹویٹ  میں مڈ ڈے میل پکانے والی رسوئیوں کے مسئلہ کوا ٹھایا ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری نےلکھا کہ’’مڈ ڈے میل پکانے والی رسوئیا بہنوں کی اجرت ۸؍مہینے سے روک رکھی ہے۔مہنگائی ، کم اجرت اور یہ رکاوٹ...کیا سرکار نےایک بار بھی سوچا کہ ان کا خرچ کیسے چل رہا ہوگا...کانگریس رسوئیا بہنوں کی محنت کی اہمیت کو سمجھتی ہے اور حکومت بننے پر ان کی اجرت بڑھائے گی۔‘‘
 وہیں، سماجوادی پارٹی کےسربراہ اکھلیش یادو نے پھر امیت  شاہ پر چٹکی لی ہے۔جمعہ کو مرکزی وزیر داخلہ ا میت شاہ نے اپنی تقریر میں اکھلیش اور سماجوادی پارٹی پر زوردار حملے کئے تھے۔ ساتھ ہی، یوپی میں بہتر نظم و نسق کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’پہلے ہر ضلع میں دو تین ’باہو بلی‘ ہوتا تھا۔اب دوربین سے ڈھونڈنے پر بھی کوئی نہیں مل رہا ہے۔‘‘ان کے اس بیان پر سابق وزیر اعلیٰ نے چٹکی لیتے ہوئے ٹویٹ کیاکہ’’ جھوٹی دوربین لے کر ڈھونڈنے کا ڈھونگ رچا تھا جبکہ’ بغل میں چھورا، جگت ڈھنڈورا‘۔بی جے پی کا خاتمہ‘۔اس کے ساتھ انہوں نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں امیت  شاہ، ان کے نائب اجے مشرا ’ٹینی‘ اورریاستی بی جے پی صدر سوتنتر دیو سنگھ کھڑے ہیں۔امیت  شاہ کو اس بیان پر گھیرنے کی ایک خاص وجہ یہ ہے کہ اجے مشرا کی شبیہ بھی ’باہو بلی‘ کی ہے، جس پر فخریہ انداز میں انہوں نے کسانوں کو دھمکی بھی دی تھی۔ان کی دھمکی کے کچھ دنوں بعد ہی ان کے بیٹے نے لکھیم پور کھیری میں کسانوں پر اپنی جیپ چڑھا دی جس میں ۴؍ لوگوں کی موت ہوگئی تھی اور معاملہ نےاس قدر طول پکڑلیا کہ پولیس کو ان کے بیٹے آشیش مشرا’مونو‘ کو گرفتار کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK