Inquilab Logo

امریکہ میں جگہ جگہ شہریت قانون کیخلاف احتجاج

Updated: January 28, 2020, 10:48 AM IST | Agency | Washington

تقریباً ۳۰؍ شہروں میں مختلف تنظیموں کی جانب سے منعقد کردہ مظاہروں میں بڑی تعداد میں ہندوستانی نژاد امریکیوں کی شرکت

 واشنگٹن   میں واقع ایک پارک میں ہندوستانی امریکیوں کا مظاہرہ ۔ تصویر : پی ٹی آئی
واشنگٹن میں واقع ایک پارک میں ہندوستانی امریکیوں کا مظاہرہ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 واشنگٹن : شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کا سلسلہ صرف ہندوستان میں نہیں بلکہ بیرون ملک بھی جاری ہے اور یوم جمہوریہ کی مناسبت سے اس احتجاج کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ۲۶؍ جنوری کو امریکہ کے تقریباً ۳۰؍ اہم شہروں میں  اس قانون کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ نیویارک، واشنگٹن، ہاسٹن ، اٹلانٹا ، شکاگو اور سان فرانسسکو  ایسے شہر ہیں جہاں ہندوستانی قونصل خانہ موجود ہے۔ لہٰذا ان شہروں میں احتجاج کا اثر زیادہ دکھائی دیا جس میں ہندوستانی نژاد امریکیوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ حالانکہ اس قانون کی حمایت میں مظاہرہ کرنے کی بھی خبریں ملی ہیں۔ 
   سب سے بڑے احتجاج کی خبر امریکی شہر شکاگو سے آئی ہے جہاں کئی کلو میٹر لمبی انسانی زنجیر بنائ گئی تھی۔  اس میں لوگ نریندر مودی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور  اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔  اس کے علاوہ امریکی راجدھانی واشنگٹن میں بھی وائٹ ہائوس سے قریب  واقع ایک پارک میں مظاہرہ ہوا۔  اس مظاہرے میں تقریباً ۵۰۰؍ افراد شریک تھے جو کہ  مذکورہ پارک میں جمع ہوئے اس کے بعد  ایک ریلی کی شکل میں  ہندوستانی قونصل خانےکے پاس موجود مہاتما گاندھی کے مجسمے کے پاس پہنچے۔  یہ لوگ ’ ہندو مسلم سکھ عیسائی، آپس میں ہیں بھائی بھائی، اور ہندوستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔
  ان مظاہروں کا اہتمام حال ہی میں  نسل کشی مخالف تنظیموں کی جانب سے کیا گیا تھا۔ جیسے انڈین امریکن مسلم کونسل ، ایکوالیٹی  لیبس،  بلیک لائیوز میٹر، جیوش وائس فار پیس  کے علاوہ ہندوز  فار ہیومن رائٹس ۔ احتجاج میں شامل میگسیسے ایوارڈ یافتہ سندیپ پانڈے نے کہا’’ حکومت ہند کی جانب سے مظاہروںکو کچلنے کے بعد ہزاروں عورتیں سڑکوں پر اتر آئیں جس سے یہ امید بندھی ہے کہ ملک کی جمہوریت کو  وہاں کے عوام بچا لیں گے۔  کیلی فورنیا میں ڈاکٹر عبید نے بتایا کہ  اس  احتجاج میں صرف امریکی اور ہندوستانی ہی شامل نہیں تھے بلکہ دنیا بھر کے ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ جو مودی اور شاہ کی پالیسیوں سے نالاں ہیں اس احتجاج میں شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK