Inquilab Logo

بے تحاشہ مہنگائی کے خلاف احتجاج

Updated: June 22, 2021, 8:41 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

باندرہ ، دھاراوی ،کرلا، ساکی ناکہ ، گوونڈی اور دیگر جگہوں پر ونچت بہوجن اگھاڑی نے مرکزی حکومت کیخلاف نعرے لگائے

Protesters in Saki Naka carry a basket of vegetables and wear necklaces to protest against inflation.Picture:Inquilab
ساکی ناکہ میں مظاہرین سبزیوں کا ٹوکرا لے کراور ہار پہن کر مہنگائی کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔

: پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی  بڑھتی  قیمتوں اور مہنگائی کے پیش نظرمرکزی اور ریاستی حکومت کے خلاف باندرہ میں کلکٹر آفس کے سامنے اور دھاراوی، ساکی ناکہ، کرلا ، گھاٹکوپر، گوونڈی  اور دیگر علاقوں میں ونچت بہوجن اگھاڑی نے احتجاج کیا    نیز کلکٹر کو میمورنڈم بھی دیاگیا۔ 
 باندرہ کلکٹر آفس کے سامنے  احتجاج کرتے ہوئے ونچت بہوجن اگھاڑی کے مقامی لیڈر جاوید شیخ  نے نمائندۂ  انقلاب کو بتایا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی او ر خاص طور سے پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے خلاف ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ  پرکاش امبیڈ کر کی قیادت میں شہرومضافات کے ۳۶؍ علاقوں میں مرکزی اور ریاستی حکومت کےخلاف  احتجاج کیا گیا ۔ انہوں نےیہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت ریلائنس اور اڈانی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے ۔  یہی وجہ ہے کہ حالیہ دنوں میں  مرکزی حکومت کی شہ پربجلی سپلائی کرنے والی کمپنی اڈانی نے اچانک لاک ڈاؤن کے دوران جب غریبوں کو اپنا پیٹ بھرنا مشکل ہوگیا ہے، بجلی کی شرح   ۴؍  روپے فی یونٹ سے بڑھا کر ۷ روپے کردی ہے ۔  انھوں نے مزید کہا کہ ڈیزل، پیٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھ جانے سے ٹرانسپورٹ کافی مہنگا ہوگیا ہے اور ٹرانسپورٹ مہنگا ہونے سے روزانہ استعمال کی تمام ضروری  اشیاء کے دام آسمان چھونے لگے ہیں ۔ اسی لئے ونچت بہوجن اگھاڑی نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک وہ مہنگائی کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے، اس وقت تک پارٹی کا کوئی ورکر چین سے نہیں بیٹھے گا ۔ باندرہ میں تقریباً ۴۰۰؍  افراد نے احتجاج کیا اور ایک   وفد نے کلکٹر کو ایک میمورنڈم بھی دیا جس میں مطالبہ مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ مظاہرین نے یہ نعرے لگائے کہ مودی ہٹاؤ  دیش بچاؤ ،  اب تھالی اور تالی سے کام نہیں چلے گا ،  مودی نے ہم کو بھکاری بنادیا ہے، ہم نے مودی کو ملک کا وزیر اعظم بنایا تھا اور اس نے اب ہم کو کٹورہ دے کر چھوڑ دیا ہے ، مودی حکومت سے پہلے ہم جس گیس سلنڈر کو ۴۰۰؍ روپے میں خریدتے تھے۔ اب اس سلنڈر کی قیمت ایک ہزار روپے اداکر نا پڑتاہے ۔ یہ احتجاج باندرہ کمیونٹی ہال سے شروع ہوا  جسے کلکٹر آفس کے پاس امبیڈکر گارڈن کے پاس روک دیا گیا۔ 
 دھاراوی  میں  ونچت بہوجن اگھاڑی کے مقامی ورکر منیہار اقبال حسین نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف پارٹی  ورکروں نے  احتجاج کیا اور مودی مخالف نعرے لگائے نیز مہنگائی پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے ۹۰؍ فٹ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے راستہ روکنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے سختی سے انھیں منع کرتے ہوئے کارروائی کا انتباہ دیا۔
  ساکی ناکہ میں میٹرو اسٹیشن کے نیچے ونچت بہوجن اگھاڑی کے ورکروں نے مہنگائی اور مرکزی حکومت کے خلاف بینرس اور پوسٹرس لے کر احتجاج کیا ۔ اس دوران کئی ورکروں نے سبزیوں کی ٹوکریاں سر پر اٹھارکھی تھیں  تو کئی ورکروں نے سبزیوں کے ہار پہن کر انوکھے انداز میں مہنگائی کے خلاف ناراضگی ظاہر کی ۔گوونڈی میںمہنگا ئی کے خلاف احتجاج کے دوران تعلقہ صدر سلیم صدیقی نے کہا کہ پورا  ملک بک چکا ہے۔ شہریوں کے پاس کفن  دفن تک کے پیسے نہیں ہیں ۔

protests Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK