Inquilab Logo

شہریت ترمیمی قانون کیخلاف ناندیڑ میں احتجاج جاری

Updated: January 31, 2020, 12:01 PM IST | Z A Khan | Nanded

شہریت ترمیمی قانون، این آرسی اور این پی آر کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ناندیڑمیں کل جماعتی تحریک نے ایک منظم احتجاجی تحریک شروع کی ہے جس کے تحت دہلی کے شاہین باغ کی طرز پر ناندیڑ میں بھی بے مدت دھرنا شروع کیا گیا ہے ۔

شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کیخلاف احتجاج جاری ہے
شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کیخلاف احتجاج جاری ہے

 ناندیڑ : شہریت ترمیمی قانون ،این آرسی اور این پی آر کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کیا جارہاہے۔اس سلسلے میں ناندیڑ میں کل جماعتی تحریک نے ایک منظم احتجاجی تحریک شروع کی ہےجس کے تحت دہلی کے شاہین باغ کی طرز پر ناندیڑ میں بھی بے مدت دھرنا شروع کیا گیا ہے ۔اب تک یہ دھرنا دفتر ضلع کلکٹر کے سامنے کیا جارہا تھا۔ مسلسل ۱۳؍ دنوں تک یہ دھرنا وہاں ہوتا رہا ۔اس کے بعد انتظامیہ کی ہدایت پر اور انتظامی امور میں سہولت کو دیکھتے ہوئے کل جماعتی تحریک کے ذمہ داران نے دھرنے کو دِگلورناکہ علاقے کے برکت کمپلیکس کے سامنے والی سڑک پر یہ دھرنا شروع کیا ہے ۔نئے مقام پر نہایت منظم اور تمام سہولیات سے آراستہ دھرنے کا پنڈال بنایا گیا ہے ۔ جمعرات کو بعد نماز ظہر دھرنے کی پہلی نشست کا باضابطہ آغاز ہوا۔اب یہاں یہ دھرنا اُس وقت تک جاری رکھنے کا عزم کیاگیا ہے جب تک مودی حکومت شہریت ترمیمی قانون کو واپس نہیں لے لیتی ۔دھرنے میں کثیر تعداد میں مرد وخواتین نے شرکت کی۔
 دھرنے کے دوران حکومت مخالف نعرے لگائے گئے۔اس کے ساتھ ہی کل جماعتی تحریک کے ذمہ داران نے تقریریں بھی کیں جن میں شہریت ترمیمی قانون کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئی اور لوگوں کو یہ بتانے کی کوشش کی گئی کہ یہ قانون کس طرح سے نا انصافی پر مبنی ہے اور اس کے ذریعہ مودی حکومت کس طرح سے مسلمانوں کو ملک سے بے دخل کرنے کی ایک گھناؤنی سازش رچ رہی ہے ۔شاہین باغ سے اٹھنے والی احتجاجی تحریک اب ملک کے کونے کونے میں پہنچ گئی ہے۔ کل جماعتی تحریک کے احتجاجی دھرنے میں مسلم قائدین کے علاوہ کئی غیر مسلم سماجی کارکنان نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK