Inquilab Logo

کانگریس نے بھوپال کو دہلادیا، زرعی قوانین کیخلاف احتجاج

Updated: January 24, 2021, 12:18 PM IST | Agency | Bhopal

مدھیہ پردیش کے دار الحکومت میں راج بھون کا گھیرائو کرنے کی کوشش ، کمل ناتھ اور دگ وجے سنگھ سمیت پارٹی کے اہم لیڈران کی شرکت ، کارکنوں کی بھیڑ کو قابو میں کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے، واٹر کینن کا استعمال کیا اور پھر لاٹھی چارج کردیا ، کانگریس کا زرعی قوانین ہر قیمت پر واپس لینے کا مطالبہ

In Bhopal, police beat Congress workers with sticks..Picture :PTI
بھوپال میں پولیس نے کانگریس کارکنوں کو چن چن کرلاٹھیوں کا نشانہ بنایا۔ تصویر : پی ٹی آئی

مدھیہ پردیش کانگریس صدر کمل ناتھ کی قیادت میں کانگریس کے کارکنان نے  سنیچر کو راج بھون تک کسانوں کے حق میں زبردست  مارچ نکالا۔ صبح۱۱؍ بجے کے قریب تمام لیڈران اور کارکنان شہر کے جواہر چوک پر جمع ہوئے، اس کے بعد ان کا قافلہ آگے بڑھا، لیکن راستہ میں ہی پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ اسی دوران پولیس نے پہلے آنسو گیس کے گولے داغے اور پھر لاٹھی چارج کیا، مظاہرین پر ٹھنڈے پانی کی بوچھاریں بھی ماریں۔ کانگریس کارکنان اور لیڈران پر پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد کانگریس نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شیوراج حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ایم پی کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’’کانگریس کارکنان پر لاٹھی چارج، شیوراج کی تاناشاہی نے برطانوی راج کی یاد تازہ کر دی۔ بھوپال میں پُرامن مظاہرہ کر رہے کارکنان پر شیوراج کی پولیس کا لاٹھی چارج، آنسو گیس کے گولے اور واٹر کینن کا استعمال کرنا غلامی کے دور میں انگریزوں کی طرف سے کیے گئے ظلم و ستم کی یاد دلاتا ہے۔ شیوراج جی! آپ کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔‘‘مرکزی زرعی قوانین کے خلاف میں مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں مظاہرہ کرنے والے کانگریس لیڈروںاور کارکنان کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ اس دوران سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ، سابق ریاستی صدر ارون یادو اور دیگر کانگریس لیڈران  نے اپنی گرفتاریاں بھی دیں۔
 اس سے پہلے یہاں کے جواہر چوک علاقے میں ریاست کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ اور دیگر کانگریس رہنماؤں نے اپنے خطاب کے دوران تینوں مرکزی زرعی قوانین کی جم کر مخالفت کرتے ہوئے انہیں پوری طرح کسان مخالف قرار دیا۔ کمل ناتھ نے کہا کہ ان  قوانین کی وجہ سے کسان اپنی فصل کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر نہیں بیچ سکیں گے۔ کاروباریوں اور بڑے صنعت کاروں کے آگے کسان مجبور ہو جائیں گے۔ اس لئے کانگریس دہلی میں تحریک کر رہے کسانوں کے مطالبات کے ساتھ ہے اور قانون واپس لئے جانے چاہیے۔خطاب کے بعد اپنے پہلے کے اعلان کے مطابق کانگریس لیڈران اور کارکنان جلوس کی شکل میں راج بھون کی طرف بڑھ رہے تھے، تبھی روشن پورا چوراہے سے پہلے ہی بیریکیڈ لگائے بیٹھی پولیس نے انہیں روک لیا اور آگے نہیں بڑھنے دیا۔ اس دوران پولیس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور واٹرکینن کا استعمال کیا۔ کچھ کارکنان کو بڑھنے سے روکنے کے لئے پولیس کو طاقت کا بھی استعمال کرنا پڑا۔
 یہیں پر پولیس نے سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ، سابق ریاستی صدر ارون یادو، سینئر رکن کنال چودھری اور دیگر  لیڈروں اور کارکنان کی گرفتاری کا اعلان کیا۔ بعد میں ان سبھی کو رہا بھی کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی مظاہرہ ختم ہوگیا۔اس دوران ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ نے ٹویٹ کرکے الزام لگایا ہے کہ بھوپال میں پرامن طریقے سے مظاہرہ کرنے والے کسانوں اور کانگریسیوں پر پولیس نے شیوراج حکومت کے اشارے پر لاٹھی چارج کیا، آنسو گیس کے گولے اور واٹرکینن کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کانگریسی اس سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم لوگوں کی جدوجہد اسی طرح جاری رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاٹھی چارج میں متعدد کسان اور کانگریسی زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK