Inquilab Logo

ملاڈ مشرق میں تعمیر ہونے والے اسکائی واک کے خلا ف احتجاج

Updated: August 17, 2021, 8:42 AM IST | Mumbai

دفتری روڈ کے۳۰۰؍ دکانداروںنے احتجاجاً اپنی دکانیں بند رکھیں ۔ علاقے کی ۲۱؍ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مکینوں نے پلے کارڈ زلےکر اسکائی واک کی شدید مخالفت کی

Shopkeepers and locals are protesting against the construction of Sky Walk on Daftari Road in Malad Mashreq. Picture:Inquilab
ملاڈمشرق کے دفتری روڈ پر دکاندار اورمقامی افراد اسکائی واک کی تعمیر کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

ملاڈ :یہاں  کے مشرقی علاقے میںتعمیر ہونے والے   اسکائی واک کی علاقے کے تاجروں اور مقامی  افراد نے سخت مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ اس احتجاج  میں  ۳۰۰ ؍ تاجروں کے علاوہ آس پاس کی ۲۱؍ سوسائٹیوں کے مکین بھی  شامل تھے ۔ 
 ملاڈ  مشرق میں ’ ملاڈ ایسٹ اسوسی ایشن ‘ کے ایک عہدیدار  نے بتایا کہ  پیر کی صبح تقریباً ۱۱؍بجے  علاقے کے دکانداروں ، تاجروں اور مکینوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل کر یہاں پر ۶۵؍ کروڑ کی لاگت سے ملاڈ اسٹیشن مشرق  سے پشپاپارک تک تعمیر ہونے والے اسکائی واک کی مخالفت کرتے ہوئے ہاتھوں میں پلے کارڈز ، بینر لئے نعرے لگاتے ہوئے اسکائی واک کی تعمیر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں کی سڑک  پر اسکائی واک کی تعمیر سے گاڑی والوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اس کے علاوہ یہاں پر بنائے جانے والے اسکائی واک کی وجہ سے تاجروں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو بھی بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔  اس وقت یہاں کی سڑک  صرف ۳۵؍ سے ۴۰؍ فٹ چوڑی ہے ۔ اس  وقت یہاںپر  ہاکروں نے اسٹال لگارکھا ہے ۔ ویسے بھی کورونا بحران کے دوران تقریباً ڈیڑھ سال سے ہمارا کاروبار بھی متاثر  ہے ۔ ایسے حالات میں اسکائی واک کی تعمیر شروع ہوتی ہے ، ہم مزید متاثر ہوںگے۔   اسی لئے اس  علاقے کے  دکانداروں نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپنی دکانیں بھی بند رکھی تھیں اورمظاہرے میں شامل ہوئے تھے ۔
 احتجاج کے دوران علاقے کی ۲۱؍ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مکین بھی دکانداروں اور تاجروں کے ساتھ سڑکوں پر نکل اترآئے اور وہاں موجود  سیکڑوں افراد نے  پلے کارڈز دکھا کر نعرے لگائے اور  امید ظاہر کی  ہے کہ اب یہاں پر اسکائی واک نہیں بنے گا۔ 
 ملاڈ ایسٹ اسوسی ایشن کے عہدیداروںکا الزام ہے کہ یہاںا سکائی واک بنانا ٹھیک نہیں  ہوگا۔اس سے پہلے سڑک کو کشادہ کرنے کیلئے   ہماری دکانیں پہلے  ہی کاٹ کر چھوٹی کردی گئی  ہیں اور اب انہیں مطلع کیا گیا ہے کہ اسکائی واک کی وجہ سے دکانوں کا حصہ دوبارہ   کاٹ دیا جائے گا۔  فی الحال یہاں پر  ایک نئی سیمنٹ کنکریٹ سے سڑک بنائی گئی ہے۔ اسکائی واک کی تعمیر ہوتی ہے تو پختہ سڑک بنانے پر خرچ کئے گئے کروڑوں روپے برباد ہوجائیں گے۔
   یہاں ریلوے اسٹیشن سے پشپاپارک آنے والے سوسائٹی کے مکینوں نے یہ بھی کہا کہ اسکائی واک سے نہ صرف ان کے گھروں کی پرائیویسی خطرے میں پڑ جائے گی بلکہ اس پر کوئی سیکوریٹی نہیں ہوگی جس سے  مشکلات مزید بڑھیں گی۔  ایک سوال کے جواب میں  مظاہرین میں شامل  ایک شخص نے کہا کہ ممبئی میں اب تک ۲۲؍ اسکائی واک بنائے گئے ہیں ، ان میں سے زیادہ تر اسکائی واک پر چرسیوں اورموالیوں کا قبضہ ہے ۔ اسکائی واک پر کوئی سیکوریٹی کا انتظام نہیں ہوتا ہے ۔ اس لئے یہ راہ گیروں کیلئے فائدہ مندثابت نہیں ہوگے۔ یہی وجہ ہے کہ اسکائی واک پر سناٹا ہونے پر جرائم کے واقعات بھی ہوتے ہیں ۔ ممبئی میں بنائے گئے زیادہ تر اسکائی واک کی حالت خستہ ہورہی ہے پھر یہاں کروڑوں روپے خرچ کرنا لوگوں کا پیسہ ضائع کرنے کے مترادف ہے۔  
 مقامی افراد کے مطابق مقامی کارپوریٹر رام باروٹ نے بھی  اسکائی واک  تعمیر کئےجانے کی مخالفت کی ہے  ۔ مظاہرین نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اقبال چہل سے بھی ملاقات کیلئے وقت مانگاگیا ہے اور اس سلسلے میں ہم لوگ وکلاءسے قانونی صلاح ومشورہ کررہے ہیں ۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم لوگ اسکائی واک کی تعمیر کے خلاف عدالت کا  دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے ۔   احتجاج کے دوران سڑک پر گاڑی والوںکو آمدورفت میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔

malad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK